Ameer-e-Jamaat Maulana Syed Jalaluddin Omari’s Message on Ramadan 2015/1436

————–

Ameer e Jamaat Ramadan Message

بسم اللہ الرحمن الرحیم

رمضان المبارک کی آمد پر محترم امیر جماعت کا پیغام

برادران اسلام! ماہ رمضان کی مبارک باد قبول فرمائیے۔ آج سے یہ مبارک مہینہ شروع ہو چکا ہے۔ سخت موسم اور گرمی کی شدت میں آپ روزے کی سختی برداشت کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ قبول فرمائے اور اپنے شایان شان اس کے اجر سے نوازے۔

دنیا میں عام طور پر انسان عیش و آرام اور جنسی خواہش کی تکمیل کے پیچھے پڑا رہتا ہے، اس کے لیے غلط سے غلط اقدام کر گزرتا ہے۔ روزہ ان سب چیزوں پر قابو پانے کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ انسان کے اندر شہرت کی طلب ہوتی ہے، اس کے لیے وہ بعض اوقات اچھے کام بھی کرتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ انسان جو بھی اچھا کام کرے اس کے پیچھے اخلاص ہو، ریاکاری اور نام و نمود کے جذبے سے وہ کام انجام نہ دیا جائے۔ روزہ انسان کو اسی کا عادی بناتا ہے۔ یہ ایک خاموش عبادت ہے۔ اس میں ایک شخص روزہ سے ہے یا نہیں اس کا دوسرے کو پتہ نہیں رہتا ہے۔ روزے کا مقصد اپنے اندر تقویٰ کا پیدا کرنا ہے۔ تقویٰ کے معنٰی ہیں : اللہ کے حکم کی بے چوں و چرا اطاعت اور اس کی نافرمانیوں سے بچنا۔ روزہ تقویٰ کی یہی کیفیت انسان کے اندر پیدا کرتا ہے ۔

رمضان کا مہینہ ہمدردی اور مواسات کا مہینہ ہے۔ اس میں انسان کو ناداروں کی بھوک پیاس اور معاشی پریشانیوں کا احساس پیدا ہوتا ہے، جس سے ہمدردی کا جذبہ ابھرتا اور پروان چڑھتا ہے۔ آپ اس مہینہ میں خاص طور پر دیکھیں اور جو لوگ فقر و فاقہ یا معاشی پریشانی میں مبتلا ہیں ان کی مدد کریں اور ان کی ضروریات پوری کریں۔ ہمارے پڑوسی ملک میانمار کے مسلمان جن پریشانیوں اور مصیبتوں میں مبتلا ہیں ان کی مدد کی جو بھی صورت ممکن ہو اختیار کریں۔

اس مہینہ میں قرآن مجید سے آپ کا تعلق زیادہ سے زیادہ مضبوط ہونا چاہیے ۔ آپ قرآن کا زیادہ سے زیادہ مطالعہ کریں، اسے سمجھنے کی کوشش کریں اور اس کے پیغام کو جہاں تک ممکن ہو عام کریں۔

رمضان کا مہینہ دعاؤن کی قبولیت کا مہینہ ہے۔اس میں خشوع و خضوع کے ساتھ اپنے اور اپنے اہل و عیال کے لیے، اپنے والدین اور رشتہ داروں کے لیے، اس ملک کے لیے ، عالم اسلام اور پوری دنیا کیے لیے دعا کیجئے کہ اللہ تعالیٰ ہر ایک کو اپنا صراط مستقیم دیکھائے اور اس پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ عالم اسلام میں جو بھی دینی تحریکیں کام کر رہی ہیں وہ اس وقت ، خاص طور پر بنگلہ دیش اور بعض دوسرے ممالک میں سخت حالات سے گزرر رہی ہیں دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان کی آزمائشوں کو ختم کرے اور ان کو کامیابیوں سے ہم کنار کرے ۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

سید جلال الدین عمری
امیر جماعت اسلامی ہند

Spread the love

You May Also Like…

0 Comments