jamaateislamihind.org
has updated New stories
while you were away from this screen
Click here to refresh & close
مسلمانوں کو خدمت خلق اور انسانیت کے مسائل حل کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے: سید سعادت اللہ حسینی

Posted on 28 May 2020 by Admin_markaz

 

عیدالفطر کے موقع پر امیر جماعت اسلامی ہند کا پیغام
نئی دہلی: امیر جماعت اسلامی ہند، جناب سعادت اللہ حسینی نے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی اور اللہ سے دعا کی کہ اس موقع کو رحمت اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔

امیر جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ ”یہ تاریخی اور انوکھی عید ہے۔ ہم ایک نئے دور کا آغازکررہے ہیں۔ اس سے پہلے ہم نے رمضان کابھی بالکل مختلف حالات میں اہتمام کیا۔ کووڈ 19کی عالمی وبا کے دوران کربناک اور عبرتناک مناظر کے ساتھ ہم نے یہ رمضان گذارا۔ دلوں کو نرم کرنے اور انہیں خوف خدا اور احساس ذمہ داری سے معمور کرنے کے لئے اس سے بہتر ایام نہیں ہوسکتے۔ ہمیں خود کو بدلنا ہے اور اس کووڈ۔19 کے بعد کے دور میں ایک نیا اور مثبت رول ادا کرنا ہے۔“

سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ”اسلامی تہوار مسلمانوں کے اللہ سے تعلق کو بھی مضبوط کرتے ہیں اور اللہ کے بندوں سے صحیح رشتہ کو بھی مستحکم کرتے ہیں۔ عیدالفطر خدا کی عظمت اور بڑائی کا اعلان ہے۔ اسی وجہ سے مسلمان مسلسل ایسے کلمات کا ورد کرتے ہیں جن سے اللہ کی کبریائی کا اظہار ہوتا ہے۔ اس وبا نے لوگوں کو اس بات کا موقع دیا ہے کہ وہ مالک کائنات کو سمجھیں اور اسے پہچانیں اور اس بات پر غور کریں کہ کس طرح مکمل کائنات اس کے قبضہ قدرت میں اور اس کے رحم و کرم پر ہے۔ یہ خدا کی نشانی ہے اور ہم سب کو اسے سمجھنا چاہیے اور خدا کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ امیر جماعت نے مزید کہا کہ نماز عید کی صف بندی اور تاحد نظر انتہائی منظم صفوں کا منظر، سماجی برابری، اتحاد اور نظم و ضبط کا اظہار و اعلان ہے۔ صدقہ فطر اور زکوۃ غریبوں، ضرورت مندوں اور پسماندہ افراد سے محبت اور ان کی دیکھ بھال کے جذبہ کا اظہار ہے۔ عالمی وبا کے بعد تباہ حال معیشت، بے روزگار خاندان، بھوک سے روتے بلکتے بچے، یہ سب مسائل اب ایک بڑا عِفرِیت بن کر آپ کے منتظر ہیں۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے پیغام اور اس کی اسپرٹ کو سمجھیں اور اعتماد اور یقین کے ساتھ انسانوں کو کائنات کی سب سے بڑی حقیقت کی طرف متوجہ کرنے کی مہم میں اور دوسرے انسانوں کی خدمت اور ان کے دلوں کو جیتنے کی جدوجہد میں مصروف ہوجائیں۔

امیر جماعت اسلامی ہند نے اس بات پر نہایت خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ لاک ڈاون کے دوران بڑے پیمانہ پر اور سرگرمی اور دلسوزی کے ساتھ جماعت سے وابستہ اور دیگر مسلمان نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے انسانیت کی خدمت کی ہے اور کہا کہ انسانیت کے ان سچے خدمت گذاروں پر ہمیں فخر ہے اور ساتھ ہی انہوں نے اپیل کی کہ آئندہ بھی اس ملک کے تمام انسانوں کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھیں اور بلاتفریق مذہب و ملت تمام اہل وطن کی اس طرح خدمت انجام دیں کہ ہماری وہی پہچان بن جائے جو انبیاء کی پہچان تھی، اپنی قوموں کے سچے اور مخلص خیر خواہ کی پہچان اور خدائے واحد کی بندگی کی طرف سارے انسانوں کو بلانے والوں کی پہچان۔امیر جماعت نے کہا کہ اگر پانچ فیصد مسلمانوں کی بھی یہ پہچان بن جائے تو ہم ضرور ظلمت دہر میں مطلع انواربن جائیں گے۔ ان شاء اللہ

جاری کردہ:
شعبہ میڈیا، جماعت اسلامی ہند

Comments are closed.

Eid-ul-Fitr Message

Khutba-e-Juma

Monthly Press Meet || March 2020

LIVE Session with Ameer-e-Jamaat

Special Program on Covid-19

Twitter Handle

Facebook Page

VISIT OUR OTHER WEBSITES