Community leaders condemn ISIS killing of Indians–URDU

March 24, 2018

عراق میں داعش کے ہاتھوں ہندوستانیوں کا اجتماعی قتل شدیدقابل مذمت: ملی رہنما

نئی دہلی: ملت اسلامیہ ہند کے سرکردہ ملی رہنماؤں نے انتہائی شدت کے ساتھ داعش کے ہاتھوں ۳۹ ہندوستانی ورکروں کے اجتماعی قتل کی مذمت کی ہے۔ وزیر خارجۂ ہند سشما سواراج کے مطابق عراقی شہر موصل کے پاس ایک اجتماعی قبر میں ان مظلوموں کی لاشیں ملیں اور ان کے ڈی این اے ٹسٹ سے واضح ہوگیا کہ یہ وہی ہندوستانی ورکر ہیں جن کو داعش کے مجرموں نے ۲۰۱۴ میں یرغمال بنایا تھا۔

ملی رہنماوں نے اپنے بیان میں کہا: مظلوم ہندوستانی مزدوروں کا قتل مجرم صفت داعش کے ان گنت جرائم میں ایک نئی کڑی ہے، جو اس تنظیم نے عراق، شام اور دوسرے ممالک کے بے قصور مسلم وغیر مسلم مظلوموں کے ساتھ روا رکھا ہے۔

ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اسلام اور مسلمانوں کا اس گمراہ تنظیم سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ یہ اسلام کا نام لے کر اسلام کی جڑیں کھود رہی ہے۔ درحقیقت داعش اور القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیمیں ان گمراہ خوارج کی اولاد ہیں جن کو سواد اسلام اوائل اسلام سے گمراہ اور دین سے خارج سمجھتا آ رہا ہے۔داعش اور القاعدہ جیسی دہشت گرد اور گمراہ تنظیموں کو امریکہ اور اسرائیل جیسی طاقتوں نے کھڑا کیا ہے۔ یہ دہشت گرد تنظیمیں روز اول سے اسلام کے نام پر اسلام اور مسلمانوں کی بیخ کنی کررہی ہیں۔ان کا اصل مقصد یہ ہے کہ اسلام اتنا بدنام ہو جائے کہ اسلام اور شریعت اسلامیہ کا نام لینے سے بھی لوگ کترائیں۔

داعش اور القاعدہ کے گمراہ فکر وعمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ہم مسلمانان ہند اور بالخصوص ملت کے نوجوانوں کو نصیحت وتاکید کرتے ہیں کہ اس قسم کی تنظیموں سے دور رہیں اور ان کو اپنے علاقوں میں نہ پنپنے دیں۔

یہ بیان مندرجہ ذیل ملی رہنماوں نے جاری کیا ہے: مولانا جلال الدین عمری امیر جماعت اسلامی ہند، مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث، مولانا مفتی مکرم احمد شاہی امام وخطیب مسجد فتحپوری دہلی، اسد الدین اویسی صدر مجلس اتحاد المسلمین و ممبر پارلیمنٹ ، پروفیسر سیف الدین سوز سابق مرکزی وزیر، پروفیسر سید طاہر محمود سابق چیرمین نیشنل مائینا ریٹیز کمیشن، پروفیسر اخترالواسع صدر مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور، ڈاکٹر منظور عالم صدر انسٹیٹیوٹ آف آبجکٹیو اسٹڈیز، محمد ادیب سابق ایم پی ، مفتی عطاء الرحمن قاسمی صدر شاہ ولی اللہ انسٹیٹیوٹ، ڈاکٹر قاسم رسول الیاس ممبرآ ل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، محمود پراچہ سینیئر ایڈوکیٹ، معصوم مرادابادی ایڈیٹر جدید خبر، انیس درانی سابق چیرمین دہلی حج کمیٹی، ڈاکٹرظفرالاسلام خان صدر دہلی اقلیتی کمیشن و سابق صدر مسلم مجلس مشاورت اور ڈاکٹر تسلیم رحمانی صدر مسلم پولیٹیکل کاونسل آف انڈیا۔
(ختم)

Spread the love

You May Also Like…

0 Comments