سری لنکا کے بم دھماکوں کی امیر جماعت اسلامی ہند نے شدید مذ مت کی
نئی دہلی۔ سرئی لنکا میں آج ہوئے متعدد خوفناک بم دھماکوں کی امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو انسانیت کے خلاف ناقابل معافی بھیانک جرم قرار دیا۔ امیر جماعت نے اس عظیم سانحہ پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا اور بم دھماکوں میں جاں بہ حق ہوئے تقریبا دو سو افراد کے وابستگان سے اظہار ہمدردی نیز پانچ سو کے قریب زخمی ہونے والے افراد اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے اللہ تعا لیٰ سے دعا کی ہے۔
سید سعادت اللہ حسینی نے اس بات پر حیرت و افسوس کا اظہار کیا کہ سالہا سال کے داخلی خلفشا ر اور تشدد و خوں ریزی کی فضا سے گزرنے کے بعد ہمارے پڑوسی ملک میں اس وقت امن و شانتی اور سکون و عافیت کا ماحول قائم تھا جس میں پھر تشدد و جارحیت کا یہ المناک واقعہ پیش آ گیا اور اچانک سیکڑوں انسانوں کو موت کا شکار بنا دیا گیاجو بے حد قابل مذمت اور افسوس ناک ہے۔
امیر جماعت نے فرمایا کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں انسانوں کے ذریعہ جاری انسانوں کے قتل ناحق کا اس طرح کا سلسلہ لا ز ماََ بند ہونا چاہیے تاکہ انسانیت کی مزید توہین و تذلیل نہ ہو۔ سید سعادت اللہ حسینی نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت سری لنکا ان بم دھماکوں کی تفصیلی تحقیقات کروا کے مجرمین کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑے گی تاکہ آئندہ وہاں کوئی فتنہ پرداز ملکی امن و امان کو درہم برہم کرنے کی جرآت نہ کر سکے۔
جاری کردہ
شعبہ میڈیا، جماعت اسلامی ہند
0 Comments