5th volume of Maulana Maududi’s Tafsir Tafhim-ul-Quran released in Hindi

November 18, 2020

Releasing ceremony of 5th volume of Maulana Maududi’s Tafsir Tafhim-ul-Quran in Hindi

مولانا مودودی کی تفسیرتفہیم القرآن ہندی کی پانچویں جلد کا اجرا

ہمارے ملک کی سخت ضرورت ہے کہ ہندی زبان میں اسلامی لٹریچر منتقل ہو:امیر جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی:مرکز جماعت اسلامی ہند کے کانفرنس ہال میں شہرہ آفاق تفسیر تفہیم القرآن ہندی کی پانچویں جلد کا اجرا امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی ،قیم جماعت ٹی عارف علی ،انتظار نعیم صدر اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ اور اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ کے سکریٹری مولانا نسیم احمد غازی فلاحی کے بدست ہوا ۔اس موقع پر امیر جماعت  نے کہا کہ اس وقت ہمارے ملک کی سخت ضرورت ہے کہ علاقائی زبان اور بطور خاص ہندی زبان میں ہمارا لٹریچر منتقل ہو،اس کام میں تیزی لانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اوریجنل کتابیں بھی ہندی میں لائی جائیں اس کی بھی کوشش ہو ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ کی یہ بہت بڑی خدمت ہے ،اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اس کا فیض پہنچے ۔

 

مولانا نسیم احمد غازی فلاحی نے جن کے بدست تفہیم القرآن کے ہندی ترجمے کی خدمت انجام دی جارہی ہے، فرمایاجماعت اسلامی ہندوستان کی علاقائی زبانوں میں بڑے پیمانے پر اسلامی لٹریچر شائع کررہی ہے ۔اس منصوبے میں مولانا مودودی ؒ کا ترجمہ قرآن ،تلخیص تفہیم القرآن اور مکمل تفہیم القرآن بھی شامل ہے ۔ہماری پوری کوشش رہی ہے کہ تمام کتابیں جماعت کے معیار کے مطابق ہوں ،اللہ نے دین کا کام ہم لوگوں سے لیا ہے یہ ہمارے لئے بڑی سعادت ہے۔ٹرسٹ کے قیام کا مقصد ہی یہ تھا کہ ہندی میں اسلامی کتابیں منظر عام پر آجائیں ۔اب تک 450سے زائد کتابیں ہندی میں شائع ہو چکی ہیں ۔ترجمہ قرآن اور تلخیص تفہیم القرآن کا ہندی ترجمہ بھی شائع ہو چکا ہے ۔تفہیم القرآن کی 4جلدیں ہندی میں پہلے ہی طبع ہو چکی ہیں اور ان میں سے بعض کے متعدد ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں۔اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اب پانچویں جلد بھی شائع ہو چکی ہے ۔ چھٹی جلد تیاری کے مرحلے میں ہے ۔

 

اس ترجمے میں انہوں نے کئی چیزوں کا اہتمام کیا ہے :سورتوں کے ناموں کے ساتھ آسانی کے لئے ان کا نمبر بھی دے دیا ہے ۔ترجمے میں بھی آیتوں کا نمبرڈال دیا گیا ہے۔بائبل کے حوالے اس کے ہندی ترجمے سے چیک کرلیے گئے ہیں ۔احادیث حوالے کے ساتھ درج کی گئی ہیں ۔مولانا نے فرمایا کہ تفہیم میں مختلف موضوعات پر مبسوط مواد ملتا ہے،آیات کی تشریح کے علاوہ احادیث نبوی سے استدلال،فقہی مباحث دیگر مذاہب کے عقائد کا تذکرہ اور نقد،سیرت نبوی کی تفصیلات ،جغرافیہ ،تاریخ وغیرہ سے بھی بحث ہے ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ تفہیم القرآن کی تمام جلدوں کا دیگر زبانوں میں بھی ترجمہ ہوچکا ہے جیسے ملیالم ،بنگلہ،تمل،کنٹر،مراٹھی وغیرہ زبانوں میں کئی جلدیں آچکی ہیں ۔ ہندی میں پانچ جلدیں منظر عام پر آچکی ہیں اور چھٹی جو آخری جلد ہے وہ تیاری کے مرحلے میں ہے ۔اس موقع پر کئی احباب اور متعدد لوگ بھی موجود تھے۔

Spread the love

You May Also Like…

0 Comments