امیر جماعت اسلامی ہند نے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور انصاف کا مطالبہ کیا

اپریل 24, 2025

23-04-2025

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے جنوبی کشمیر کے پہلگام میں منگل کے روز ہونے والے ہولناک دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ اس حملے میں کئی بے گناہ افراد، بشمول غیر ملکی سیاح، جاں بحق ہوئے ہیں۔ میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں امیر جماعت نے اس المناک واقعے پر اپنے گہرے رنج و غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم جنوبی کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے بدترین حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ اس حملے میں بے گناہ جانوں کا جانا ، جن میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں، انتہائی افسوسناک ہے۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس طرح کے وحشیانہ فعل کی کوئی بھی توضیح نہیں کی جا سکتی۔ یہ مکمل طور پر غیر انسانی حملہ ہے ، اس کی واضح الفاظ میں غیر مشروط مذمت ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حملے کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت ترین سزا دی جائے۔

محترم امیر جماعت نے زور دے کر کہا کہ حملہ چاہے جس مقصد سے بھی کیا گیا ہو ،اس طرح کی درندگی کو کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ یہ ایک غیر انسانی عمل ہے جو تمام اخلاقی اور انسانی ضابطوں کے خلاف ہے۔ سید سعادت اللہ حسینی نے ریاستی اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے فوری، فیصلہ کن اور شفاف اقدامات کرے۔ کشمیر میں سکیورٹی کے انتظامات کو مؤثر بنائے اور کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے سول سوسائٹی، مذہبی رہنماؤں اور میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ایسے بیانیوں سے گریز کریں جو مزید کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہوں یا بے گناہ گروہوں کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہوں۔

 

جاری کردہ:

سلمان احمد

نیشنل اسسٹنٹ سیکریٹری، میڈیا ڈیپارٹمنٹ

مرکز ، جماعت اسلامی ہند

موبائل: 7290010191

پتہ: D-321، ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا، نئی دہلی – 110025

محبت بانٹیں

0 Comments