ہمارا مقصد اور طریقۂ کار
طریقۂ کار
1۔ جماعت اسلامی ہند کی تمام سرگرمیوں کی بنیاد قرآن و سنت ہے، بقیہ تمام چیزوں کی حیثیت ثانوی ہے، وہ بھی صرف اس حد تک کہ انہیں قرآن و سنت کے مطابق عمل میں لایا جا سکے ۔ جماعت اپنے تمام اعمال میں اخلاقی حدود کی پابند ہے اور کبھی بھی ایسے ذرائع یا طریقے اختیار نہیں کرے گی جو سچائی اور دیانت کے خلاف ہو یا جن کے ذریعے فرقہ وارانہ منافرت، طبقاتی کشمکش اور فساد فی الارض کو بڑھاوا ملتا ہو اور جن سے سماج میں انتشار و افتراق، ملک و ملت میں انارکی، بدعنوانی اور بدامنی کو فروغ ملتا ہو۔
2۔ اپنے مقصد کے حصول کے لیے جماعت اسلامی ہند پُرامن اور تعمیری طریقۂ کار اپنائے گی، یعنی جماعت ، فکرو نظر، کردار اور طرز عمل کی اصلاح اسلامی نظریات کی تعلیم و ترویج کے ذریعے کرے گی اور اس طرح ملک کی سماجی زندگی میں مطلوب صالح تبدیلی لانے کے لیے رائے عامہ ہموار کرے گی۔

مقصد
‘اقامت دین ہمارا نصب العین ہے۔ اقامت دین کا مطلب ہے اسلامی تعلیمات کو اپنی زندگی میں نافذ کرنا اور دینِ اسلام کو اللہ کی زمین میں قائم کرنا۔ یہ کام ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے۔ ہم تمام انسانوں تک اللہ کے دین کا پیغام پہنچاتے ہیں اور ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے تمام شعبوں میں اللہ کے دین کو ہی رہنما اصول بنائیں۔ ہماری اس کوشش کا مقصد ومحرک صرف اور صرف رضائے الٰہی کا حصول اور آخرت کی کامیابی ہے۔
