ہمارا ماضی

تشکیل و پس منظر:

جماعت اسلامی کی بنیاد 26 اگست 1941 کو لاہور میں مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کی قیادت میں تقسیم ہند سے قبل رکھی گئی تھی۔ ہندوستان کی آزادی کے بعد جماعت اسلامی ہند کی تشکیل نو 16 اپریل 1948 کو الٰہ آباد (اترپردیش) میں ایک اجلاس کے دوران عمل میں آئی جس میں اس کے بنیادی اصول، علیٰحدہ قیادت اور مستقل ڈھانچے کا تعین کیا گیا۔ الٰہ آباد کے اس پہلے اجلاس میں جماعت کے کم و بیش 240  ارکان شریک تھے جنہوں نے اتفاق رائے سے مولانا ابو اللیث ندوی کو جماعت اسلامی ہند کا پہلا امیر منتخب کیا۔ ابتدا میں تنظیم کا ہیڈ کوارٹر سرائے میر، ضلع اعظم گڑھ ( یوپی) میں تھا۔ البتہ بعد میں اسے ملیح آباد، لکھنو منتقل کردیا گیا۔ 1949 میں ملیح آباد سے رام پور اور پھر 1960 میں نئی دہلی منتقل کیا گیا۔

سماجی خدمت:

انسانیت کی خدمت اسلامی تعلیم کا اہم حصہ ہے، جماعت اسلامی ہند روز اول سے ہی غربت، بیماری، ناخواندگی، بھوک اور بے روزگاری کے خاتمے جیسی سماجی سرگرمیوں میں مصروف رہتی ہے۔ اسی طرح سیلاب، قحط، آتش زدگی کے سانحے، زلزلے، انسانی یا قدرتی آفات، وبائی امراض یا فرقہ وارانہ فسادات جیسے مشکل حالات میں متاثرین کی بازآبادکاری اور مدد کے لیے بلا تفریق مذہب و ملت جماعت مؤثر اور فعال کردار ادا کرتی ہے۔ جماعت بڑے بحرانوں اور قدرتی آفات کے دوران بلا تفریق متاثرین کو وسائل فراہم کرتی ہے۔ جماعت ضرورت مندوں اور محروموں کو خود کفیل بنانے کے لیے ملک کے طول و عرض میں مختلف این جی اوز کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے اور اپنے رضاکاروں، مسلم کمیونٹی اور ملک کے ہر شہری کو اپنے اپنے طور پر انفرادی خدمات انجام دینے اور حکومت کی فلاحی اسکیموں سے استفادہ کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ اس کے کارکنان غریب و پسماندہ علاقوں کے مسائل کو حل کرنے اور وہاں کی بنیادی ضروریات کو حتی المقدور پورا کرنے کے لیے ہمہ دم کوشاں رہتے ہیں۔

دوستی، بھائی چارے اور امن کا فروغ:

جماعت اسلامی ہند تمام مذاہب کے لوگوں میں اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے مسلسل سعی کرتی رہتی ہے۔ دوسرے عقائد کے مذہبی سربراہوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مختلف مذہبی نظریات کے حاملین میں تعاون باہمی کا رجحان پیدا کرنا اور اجتماعی کوششوں سے سماجی برائیوں کو ختم اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینا اس کے عزائم و مساعی میں شامل ہے۔ جماعت امن و امان کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرتی ہے۔ بین مذاہب فورم جیسے ’’ فورم فار ڈیموکریسی اینڈ کمیونل ایمیٹی ( FDCA) اور غیر سرکاری سماجی بہبود گروپ جیسے ’موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس‘ ( MPJ ) کی تشکیل میں سرگرم رہتی ہے۔ ان دونوں ہی طرح کے اداروں ’’ ایف ڈی سی اے اور ایم پی جے‘‘ نے ملک بھر میں تشدد سے متاثر علاقوں میں امن کے قیام اور شہری حقوق و جمہوری اقدار کے تحفظ کی خاطر فعال کردار ادا کیا ہے۔
بابری مسجد کے انہدام اور ملک میں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑنے کے بعد جماعت اسلامی ہند کے رہنماؤں نے ملک کی ممتاز شخصیات جیسے جسٹس وی ایم تارکنڈے، سابق خارجہ سکریٹری مچکند دوبے، سپریم کورٹ آف انڈیا کے سابق جسٹس وی آر کرشنا ائیر، آریہ سماج کے سوامی اگنی ویش اور معروف صحافی کلدیپ نیر کے ساتھ مل کر 1993 میں مختلف کمیونٹیز کے درمیان جمہوری اقدار، امن و امان اور بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے ’’ ایف ڈی سی اے‘‘ ( فورم فار ڈیموکریسی اینڈ کمیونل ایمٹی ) کا آغاز کیا تھا۔
جماعت اسلامی ہند کے رہنماؤں نے مختلف مذہبی رہنماؤں، گروؤں اور سربراہوں کے ساتھ مل کر قومی سطح کا ’’دھارمک جن مورچہ‘‘ نامی ایک ادارہ قائم کیا۔ اس ادارے کا مقصد ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانا، بین مذاہب بات چیت اور مباحثوں کے مواقع پیدا کرنا نیز انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کا تحفظ کرنا ہے۔

طبقاتی ترقیاتی سرگرمیاں:

جماعت اسلامی ہند مسلم طبقے کی تعلیم، معیشت اور صحت کے شعبوں سمیت ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوشش کرتی رہتی ہے۔ جہاں جب بھی مسائل کے حل میں ضرورت پیش آئی یا بے روزگاری، سماجی چیلنجوں کے ازالے کے لیے تعاون کی ضرورت پڑی تو جماعت نے بے دریغ اپنا تعاون پیش کیا ہے۔

اتحاد و اتفاق اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی پر اپنی توجہ مرکوز کرتے ہوئے مختلف تنظیموں اور مکاتب فکر کے درمیان رابطہ قائم کرنے کی جماعت نے بھرپور کوشش کی۔ اپنے انہی اہداف کے پیش نظر جماعت کے رہنماؤں نے ’آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت‘ ( اے آئی ایم ایم ایم ) کی تشکیل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ جماعت کے رہنماؤں نے ’’ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ( اے آئی ایم پی ایل بی ) کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ یہ ہندوستانی مسلمانوں کا ایک سرکردہ ادارہ ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور رہنماؤں کی نمائندگی ہوتی ہے۔ 1972 میں اس کا قیام عمل میں آیا تھا جس کا بنیادی مقصد ہندوستان میں ’’ مسلم پرسنل لاء‘‘ کے تحفظ و نفاذ کے لیے مناسب حکمت عملی اختیار کرنا تھا۔

جماعت کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ملک بھر میں انسانی و فلاحی پروگراموں کی انجام دہی کے لیے مختلف این جی اوز کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی توجہ حفظان صحت، یتیموں کی دیکھ بھال، صاف پانی کی فراہمی اور اخلاقی اقدار پر مبنی اشاعتوں پر مرکوز رہی ہے۔ انہوں نے 2006 میں ملک کے ممتاز اشخاص کے ساتھ مل کر’ویژن 2016‘ نامی مختلف الاہداف پروگرام کا آغاز کیا۔ اس پروگرام کے تحت زندگی کے مختلف شعبوں میں کم زور اور پسماندہ طبقات کو مضبوط کرنے کے لیے ایک ’’طویل مدتی کمیونٹی ڈویلپمنٹ‘‘ پروگرام شروع کیا گیا۔ ( اب یہ پروگرام ’’ ویژن 2026‘‘ کےتحت جاری ہے)۔

تعلیم:

جماعت اسلامی ہند اپنے قیام کے ابتدائی دنوں سے ہی اقلیتوں کے لیے تعلیم تک رسائی اور سب کے لیے تعلیم کو لازمی بنانے کے عزم پر قائم رہی ہے۔ ہمارے تعلیمی نظام میں اخلاقی اقدار کے نہ ہونے کی وجہ سے جماعت آغاز سے ہی اقدار پر مبنی معیاری تعلیم کو سہل بنانے کو سنجیدگی سے لیتی رہی ہے۔ اسی لئے یہ مسلمانوں کو ایسے تعلیمی ادارے قائم کرنے کی ترغیب دیتی ہے جو سماجی و قومی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ملک بھر میں کالجز، اسکول، اکیڈمیاں، یونیورسٹیاں، مدارس، تکنیکی و تحقیقی ادارے قائم کیے گئے۔ اتنا ہی نہیں، اقلیتی تعلیمی اداروں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اسکولی نصابی کتابیں بھی تیار کی گئیں۔ نیز اساتذہ کے لیے باقاعدہ تربیتی کیمپوں کے انعقاد سمیت بی ایڈ کا مساوی نصاب تیار کیا گیا۔ یہ نصاب مدارس کے طلباء کے لیے ایک نعمت غیر مترقبہ ثابت ہوا۔

حکومتی پالیسیاں اور سیاست:

جماعت اسلامی ہند حکومت کی ان تمام پالیسیوں کو سراہتی اور حمایت کرتی ہے جو ملک کے لیے فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور ہر شہری کو فائدہ پہنچانے والی ہوں۔ البتہ مرکزی یا ریاستی حکومتوں کی ان اسکیموں کی مخالفت کرتی ہے جو عوامی مفاد میں نہ ہوں۔

نشیب و فراز:

سات دہائیوں سے زیادہ کے اپنے طویل سفر میں جماعت اسلامی ہند نے بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، اور اس دوران کئی آزمائشوں اور دشواریوں کا سامنا کیا ہے۔ 1975 میں ایمرجنسی کے دوران اور پھر 1992 میں بابری مسجد انہدام کے سال، بغیر کسی معقول وجہ کے حکومت نے اس پر پابنیداں عائد کردیں۔ اس سے وابستہ بہت سے علمائے کرام اور رضاکاروں کو قید کرلیا گیا۔ لیکن جماعت ان سختیوں سے گھبرائی نہیں۔ اس نے پوری ہمت و حوصلے اور عزم و توانائی کے ساتھ اپنے اس سفر کو جاری رکھا۔ بالآخر ایمرجنسی ختم ہونے کے بعد پابندی ہٹا دی گئی اور دوسری پابندی سپریم کورٹ آف انڈیا کے حکم سے ختم ہوئی۔ پابندی کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ’’ جماعت اسلامی ہند ایک ایسی کل ہند تنظیم ہے جو عالمگیر بھائی چارے، سیکورلزم، غیر جانبداریت اور خدا کی وحدانیت پر یقین رکھتی ہے‘‘۔

پبلک آؤٹ ریچ پروگرام

جماعت اسلامی ہند اسلام کے پُرامن پیغام کو لوگوں تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں غلط فہمیوں کو دور کرنے اور صحیح اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنے کے لیے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کنونشنوں اور اجتماعات کا انعقاد کرتی ہے۔ یہ کام مرکز کی نگرانی میں ہونے کے علاوہ ریاستی شاخوں کی جانب سے بھی وقفے وقفے سے کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں اس کا پہلا قومی کنونشن 1951 میں رام پور (یوپی)، 1952 میں حیدرآباد، 1960 میں نئی دہلی، 1967 میں حیدرآباد، 1974 میں نئی دہلی اور 1981 میں حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ اس کے بعد ملک بھر میں علاقائی و ریاستی کانفرنسیں منعقد کی گئیں۔ 1998-99 میں جماعت نے پانچ مقامات پر علاقائی کانفرنسوں کا انعقاد کیا جو اس طرح ہیں: الٰہ آباد ( اترپردیش)، مرشد آباد (مغربی بنگال)، ممبئی (مہاراشٹر)، بنگلور(کرناٹک)، کالی کٹ (کیرلہ)۔ ان کانفرنسوں کا مرکزی تھیم ’’دوڑو اللہ کی طرف، روحانیت کا احساس پیدا کریں اور عام لوگوں کو تعلیم دیں‘‘ تھا۔ ان کانفرنسوں میں 20 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

کیڈر کی رہنمائی و تربیت:

جماعت اسلامی ہند ہمیشہ سے اپنے ارکان، کارکنان اور ساتھیوں کی ہمہ جہت ترقی، تطہیر، تربیت، صلاحیت سازی اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرتی رہی ہے۔ ان کی تربیت کے لیے کل ہند اجتماع ارکان، ورکشاپ اور ہفتہ واری یا دس روزہ تربیتی کلاسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ عموماً ہر چار سال کی مدت کے دوران ایک بار کل ہند اجتماع ارکان منعقد ہوتا ہے جس میں تمام ارکان شرکت کرتے ہیں۔ یہ کل ہند اجتماع ارکان 1997 میں حیدرآباد، 2002 اور 2010 میں نئی دہلی اور 2015 میں حیدرآباد میں منعقد کیا گیا۔

اشاعتیں:

عام آدمی تک اسلام کی حقیقی تعلیمات اور اس کے پُرامن پیغام کو پہنچانے کے لیے جماعت کے رہنماؤں کی نگرانی میں قرآن پاک کا اردو، ہندی اور انگریزی کے علاوہ 17 دیگر زبانوں میں ترجمہ کیا گیا۔ ان زبانوں میں اسلامی لٹریچر اور کتابیں بھی بڑی تعداد میں تیار کیں۔ اردو، ہندی، انگریزی اور دیگر مقامی زبانوں میں قرآن و حدیث، سیر، حیات صحابہ، تربیت، شخصیت کی تعمیر، ٹائم مینجمنٹ، انسانی حقوق، خود نوشت، یاد داشتیں، روحانیت، قانون، سیاست، خواتین، تعلیمات، بچوں کے ادب کے علاوہ اسکول کی نصابی کتابیں نیز دیگر بہت سے موضوعات پر سینکڑوں کتابیں لکھی گئیں۔ اشاعت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لیے جماعت کے کارکنان نے ملک بھر میں علاقائی زبانوں میں مختلف اشاعتی ادارے قائم کیے۔

میڈیا:

جماعت نے ملک میں سچائی، صداقت، اتحاد اور بھائی چارے کا ماحول بنائے رکھنے کے لیے اپنے ارکان کو میڈیا ہاؤس اور اخبارات کے قیام کی ترغیب دی۔ ارکان نے ان ترغیبات پر مخلصانہ عمل کیا اور مختلف زبانوں میں رسالے و جرائد نکالے اور نیوز پورٹل، نیوز چینل اور میڈیا ہاؤس قائم کئے۔ ان میں سے کچھ کو مین اسٹریم میڈیا ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

طلباء اور نوجوانوں کے درمیان کام :

قوم کی تعمیر اور مثالی معاشرے کی تشکیل میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ اسی لئے جماعت، اسلامی اقدار کا خیال رکھتے ہوئے ان کی تربیت پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ اس مقصد کو بروئے کار لانے کے لیے 1982 میں ’ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ( ایس آئی او) کا قیام عمل میں آیا۔ آج طلباء کی یہ تنظیم ملک کی بڑی طلباء تنظیموں میں سے ایک شمار کی جاتی ہے جس کے ہزاروں ممبر اور لاکھوں ایسوسی ایٹ ملک بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔ 30 برسوں سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، یہ تنظیم پوری یکسوئی کے ساتھ نوجوانوں کی نشو و نما میں لگی ہوئی ہے اور تعلیمی نظام میں اقدار کے فروغ اور تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیمی و اخلاقی ماحول کے لیے کوشاں ہے۔

لڑکیوں کو باشعور بنانے کے لیے 1984 میں ریاستی سطح پر ’گرلز اسلامک آرگنائزیشن‘ ( جی آئی او) قائم کیا گیا۔ یہ تنظیم ( جی آئی او) کئی دہائیوں سے اسکولوں، کالجوں اور مدارس کی طالبات کو سماجی بیداری کے پروگراموں میں شریک کرنے، مختلف مہارتوں میں ترقی کی تربیت لینے اور ان کے کردار کو اسلام کے حقیقی اقدار سے جوڑنے اور ان کے اندر احساس ذمے داری پیدا کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ’جی آئی او‘ کی کوششیں بلا تفریق سب کے لیے ہیں۔ چنانچہ مسلم اور غیر مسلم طالبات کی ایک بڑی تعداد اس سے استفادہ کررہی ہے۔

قانونی مدد:

بے گناہ متاثرین اور معاشرے کے کمزور طبقات کو قانونی مدد اور سہارا دینے کے لئے جماعت اسلامی ہند ہمیشہ سے کوشاں رہی ہے۔ وہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے اپنی ہم خیال تنظیموں، وکلاء اور غیر منافع بخش تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ اس بابت جماعت کے کارکنان نے ان کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے میں پوری تن دہی سے کام کیا۔

اقتصادیات و مالیات:

سال 2015 میں جماعت اسلامی ہند نے ایک مثالی کوشش کی۔ جماعت کے رہنماؤں نے سود پر مبنی بینکنگ نظام اور مروجہ روایتی معاشیاتی طریقوں کے بجائے سود سے پاک بینکنگ نظام کو فروغ دینے، اسلامی معاشیات اور اسلامی مالیاتی نظام پر مبنی مالیاتی اداروں کے قیام کی تحریک پیدا کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ اسلامی معاشیات اور مالیات کے شعبے میں تحقیق و مطالعات کے لئے اعلیٰ ترین اسکالرشپ کا ادارہ قائم کیا جاسکے۔

جماعت کے افراد نے مائیکروفنانس سوسائیٹیوں کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ اس کا مقصد سماجی و اقتصادی تفریق کو کم کرکے تعلیمی ومالی طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات کے لیے مساوات و انصاف کے حصول کو ممکن بنانا ہے۔

قیادت اور شخصیات:

جماعت کے ہزاروں ارکان، کارکنان اور لاکھوں والنٹیر اس کی اصل طاقت ہیں جو اسلام کے عظیم نظریے کوبرقرار رکھنے میں معاون و مددگار ہیں۔ جماعت کے پہلے امیر مولانا ابو اللیث اصلاحی ندویؒ جیسے صاحب بصیرت رہنما کی امارت کے بعد جماعت کی خوش نصیبی رہی کہ اسے متعدد اہل علم ودانش قائدین اور رہنما ملے۔ ان شخصیات میں مولانا محمد یوسفؒ، مولانا محمد سراج الحسنؒ، ڈاکٹر محمد عبد الحق انصاریؒ اور مولانا سید جلال الدین عمریؒ کے نام نامی شامل ہیں جنہوں نے اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں سے جماعت کی امارت سنبھالی اور اب امارت کی اس ذمہ داری کا بوجھ معروف اسلامی اسکالر، مصنف اور صاحب بصیرت سید سعادت اللہ حسینی کے کندھوں پر ہے۔