امامت و قیادت چند افراد کے مجموعے کا نام نہیں ہے ۔قیادت وہ فریضہ ہے جو آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرے ۔امامت اور قیادت کے موضوع پر علامہ اقبال نے جو اشعار کہے ہیں وہ امت کے لیے رہنما اصول کی حیثیت رکھتے ہیں ۔اقبال کے نزدیک امامت اور قیادت کا مقصد دین اور امت کی حفاظت ہے ۔ایک دینی قیادت میں ان تمام اوصاف کا ذکر ہمیں اقبال کی شاعری میں ملتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے کیا ۔ جماعت کے میڈیا حال میں ’ امت کی امامت و قیادت ۔فکر اقبال کی روشنی میں ‘ موضوع کے تحت ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اس اجتماع میں جماعت اسلامی ہند کے قومی سکریٹری محی الدین شاکر ، مولانا شفی مدنی اور مولانا محمد احمد نے بطور خاص شرکت کی ۔
اپنے خطاب میں ملک معتصم خان نے علامہ اقبال کی شاعری کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال عام شاعروں کی طرح نہیں ہیں ۔انہوں نے اپنا پیغام لوگوں تک پہنچانے کے لیے شاعری کو ذریعہ بنایا تھا ۔ اقبال کی فکر کی اساس قرآن و سنت ہے جو کہ ان کی شاعری میں ہمیں جا بہ جا نظر آتی ہے ۔اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قیادت کو مادی مفادات اور نفسانی خواہشات کا اسیر نہیں ہونا چاہئے ۔کردار کی پستی قیادت کو مرتبے سے نیچے گرا دیتی ہے ۔امامت و قیادت کے اوصاف کو اقبال نے مختلف اشعار میں بیان کیا ہے ۔ان کا مشہور شعر ہے کہ :
یقیں محکم عمل پیہم محبت فاتح عالم
جہاد زندگانی میں ہے یہ مردوں کی شمشیریں
سیرت رسولؐ کے تاریخی حوالوں کا ذکر کرتے ہوئے ملک معتصم خان نے کہا کہ تاریخ میں مسلمانوں کو ان جنگوں میں فتح حاصل ہوئی جن میں دشمن کے مقابلے ان کی تعداد بہت کم تھی ۔ اقبال نے اپنے کلام میں ان جنگوں کی طرف واضح اشارہ کیا ہے ۔اقبال کا تصور عشق نہایت اعلیٰ و ارفع اور با مقصد ہے۔ان کے یہاں عشق سے مراد قوت ، عزم اور تعمیر کردار ہے :
صدقِ خلیلؑ بھی ہے عشق، صبر حُسینؓ بھی ہے عشق
معرکہ وجود میں بدر و حنین بھی ہے عشق
ملک متعصم خان نے کہا کہ اقبال کا تصور امامت و قیادت مجرد نہیں بلکہ حرکی ہے ۔انہوں نے امامت و قیادت کو صداقت ، عدالت اور شجاعت سے مشروط کیا ہے ۔یعنی قیادت کے اندر ان اوصاف کا ہونا لازمی ہے ۔اقبال کے تصور عشق اور خودی کا ذکر کرتے ہوئے خودی کے مفہوم کو واضح کیا ۔انہوں نے کہا کہ خودی اقبال کی شاعری کا ایک اہم نکتہ ہے ۔اقبال نے خودی کے تصور کو نئے مفاہیم عطا کئے ۔ قیادت کے لیے خودی شرط ہے ۔ جو خودی سے محروم ہوگا وہ قیادت کے فرائض کو صحیح طریقے سے انجام نہیں دے سکتا ۔اقبال کی شاعری میں اتحاد امت کے تعلق سے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقبال نے اپنے کلام میں امت کے اتحاد کو مختلف زاویوں سے پیش کیا ہے ۔انہوں نے مسلمانوں کو ایک جماعت اور امت واحدہ کے طور پر پیش کیا ہے ۔اقبال نے مسلمانوں کے درمیان ، رنگ ،نسل قوم اور فرقے کی نفی کی ہے ۔
بتان رنگ و خوں کو توڑ کر ملت میں گم ہو جا
نہ تورانی رہے باقی ، نہ ایرانی نہ افغانی
اقبال کی فارسی شاعری کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقبال کا شعری سرمایہ اردو سے زیادہ فارسی میں ہے ۔فارسی شاعری نے اقبال کو عالمی شاعر کا درجہ دیا ہے ۔اپنے خطاب کے آخر میں ملک معتصم خان نے کہا کہ اقبال مستقبل کا شاعر ہے ۔ہر دور میں اقبال کی افادیت قائم رہے گی اور اقبال کی فکر نئی نسل کے لیے مشعل راہ بنی رہے گی ۔
میں ظلمت شب میں لے کے نکلوں گا اپنے درماندہ کارواں کو
شرر فشاں ہوگی آہ میری نفس مرا شعلہ بار ہوگا
جلسے میں بڑی تعداد میں طلبہ ،خواتین اور دانشوروں نے شرکت کی ۔ پروگرام کے آخر میں شرکاء کی جانب سے سوال و جواب کا سلسلہ بھی چلا ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔
آسام کے منتخبہ علاقوں میں اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ انتہائی تشویشناک: ملک معتصم خان، نائب امیر جماعت اسلامی ہند
30 مئی 2025 نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے آسام حکومت کے اس فیصلے پر اپنی گہری تشویش ظاہر کی...



0 Comments