آل انڈیا زونل ایچ آر ڈی سیکرٹریز میٹ

June 24, 2025

جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں مندوبین کا دو روزہ اجلاس

ملت کو وسائل اور ترقی سے ہم کنار کرنے کے عملی منصوبوں پر کیا گیا غور

 

جماعت اسلامی ہند کے شعبہ انسانی وسائل و ترقی (HRD)  کے زیر اہتمام آل انڈیا زونل ایچ آر ڈی سکرٹریز کی میٹنگ 14 تا 15 جون 2025 کو جماعت کے مرکز، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ اس دو روزہ قومی اجتماع میں ملک بھر سے 30 مندوبین نے شرکت کی ۔ اس اہم میٹنگ میں بنیادی طور پر ایچ آر ڈی سیکرٹریز اور تقریباً 20 زونز کے کلیدی نمائندگان شامل ہوئے۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی ہند کے نظم کے تحت ہر زون میں ایچ آر ڈی سیکرٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق منصوبوں پر کام کرے گی۔

اس قومی اجلاس کا مقصد شعبہ

کے بنیادی وژن کو واضح کرنا، حکمت عملی پر عمل درآمد کو مؤثر بنانا اور تنظیمی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔ جماعت اسلامی ہند کا نیشنل ایچ آر ڈی ڈپارٹمنٹ منصوبہ بندی، تربیت، ترغیب اور زمینی سطح پر دوروں کے ذریعے مختلف زونوں کی رہنمائی کرتا ہے۔اس ورکشاپ کو مثبت رہنمائی اور بہتر حکمت عملی کی منصوبہ بندی کے سیشن کے طور پر ترتیب دیا گیا تھا تاکہ پیش رفت کا بھر پور جائزہ لیا جا سکےاور مندوبین کے درمیان عملی تجربات کا تبادلہ ہو، چیلنجز کی شناخت کی جا سکے اور HRD کو جماعت کے مجموعی مشن کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے۔

پروگرام کے پہلے دن کا آغاز جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری ڈاکٹر محی الدین غازی کی ایمان افروز ، روحانی و فکری تذکیر بالقرآن سے ہوا۔ اس کے بعد جناب عتیق الرحمن، نیشنل سیکرٹری HRD نے استقبالیہ خطاب کیا جس میں انہوں نے HRD کے جماعت اسلامی کے مشن میں کلیدی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

ورک شاپ میں شرکت کرنے والے مندوبین کو مختلف گروپوں میں تقسیم کرکے زونل سطح پر درپیش چیلنجز ، دائرہ کار میں وسعت اور وسائل کی قلت جیسے عملی مسائل پر غور و فکر کیا گیا ۔

اپنےکلیدی خطبے میں امیر جماعت اسلامی ہند جناب سعادت اللہ حسینی نے مندوبین کی حوصلہ افزائی کی۔  انہوں نے مشن کی راہ میں آنے والی مشکلات کا ذکر کیا اور ان سے نبرد آزما ہونے کے طریقہ کار پر گفتگو کی ۔انہوں نے مندوبین کو نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔جناب سعادت اللہ حسینی نے شرکا کو امید دلائی کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنا ممکن ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے HRD کے اسلامی اصول، قرآنی آیات اور سیرت کی روشنی میں بیان کئے۔ انہوں نے زور دیا کہ HRD کا مقصد ہر مرد و عورت کی روحانی و فکری نشو و نما اور  بہتر مستقل تربیت ہے۔خطاب کے بعد امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی سے سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔ اس سیشن میں جماعت کے اندر سیکھنے کے جذبے کو فروغ دینے اور فرد کی اصلاح پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر نیشنل HRD ٹیم نے تمام زونوں کو موثر حکمت عملی، ہم آہنگی اور مالی تعاون فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔

اجلاس میں مختلف زونل سیکرٹریز نے 2023 تا 2025 کے HRD پروگراموں کی رپورٹس پیش کیں۔ مذکورہ اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی ہند کے اسسٹنٹ سکریٹری جنرل جناب سید محی الدین شاکرنے کی۔ پیش کی گئی رپورٹس میں کارکنان کی تربیت، کردار سازی، قائدانہ صلاحیتوں کا فروغ، اسکالرشپ کے ذریعے ہونہار طلبہ کی صلاحیتوں کی پرورش اور جماعت کے دیگر شعبہ جات سے تعاون پر زور دیا گیا۔جناب محی الدین شاکر نے اپنی صدارتی گفتگو میں رپورٹوں کا جائزہ لیا۔ مختلف سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی اور HRD کے ہمہ جہت وژن کی طرف پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کاموں میں جدت لانے اور بہتر نتائج کے لیے HRD کے رہنما اصولوں کی روشنی میں مزید اقدامات کی ترغیب دی۔

ورک شاپ کی اختتامی نشست میں جناب قمر الدین (HRD سیکرٹری، کیرالہ) نے معاشرے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو جماعت کے مشن سے جوڑنے کے تجربات اور اس ضمن میں کیرالہ کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طویل مدتی منصوبہ بندی  اور ٹیلنٹ حاصل کرنے کی حکمت عملی کی اہمیت کو واضح کیا۔

دوسرے دن کا آغاز ڈاکٹر رضوان رفیقی کی تذکیر بالحدیث سے ہوا جس میں انہوں نے اسلامی اصولوں پر مبنی انسانی ترقی کے مختلف مدارج پر بات کی۔ اس کے بعد جناب ایس امین الحسن  نے سیکھنے کے کلچر کو فروغ دینے پر ایک ورکشاپ لی جس میں رہنمائی، آن لائن/آف لائن شارٹ کورسز، اور انفرادی ترقی کی پہچان جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔

 

Spread the love

0 Comments