ایم ڈی آر (مربی، داعی، رہنما) ایونٹ رپورٹ 2025

جون 21, 2025

 

 

جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں منعقد ہونے والے ایم ڈی آر 2025 کا پروگرام ایک گہرا فکری و روحانی اجتماع ثابت ہوا۔ اس اجتماع کا مقصد جماعت اسلامی ہند کے منتخب کارکنان کے عزم و اخلاص کو از سر نو  تازہ کرنا تھا۔ یہ سہ روزہ رہائشی پروگرام اس طریقے پر ترتیب دیا گیا تھا کہ نظریاتی علم، ذاتی محاسبہ اور عملی اصلاح کو یکجا کر سکے۔پروگرام کی تمام نشستیں اسلامی اقدار، علمی بصیرت اور عصرِ حاضر کی قیادت کے تقاضوں سے بھرپور تھیں۔ اجتماع گاہ پر نظم و ضبط، دلچسپی اور جذبے سے بھرپور ایک پُرعزم فضا قائم تھی۔

افتتاحی سیشن میں پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی گئی۔ منتظمین کی جانب سے شرکاء کو غور و فکر اور خلوص نیت کے ماحول میں خوش آمدید کہا گیا۔ دن بھر کی نشستوں میں خودسازی، فکری وضاحت اور تنظیمی احتساب پر توجہ مرکوز رہی۔ دن کے اختتام پر نائب امیر جماعت اسلامی ہند مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نے پُراثر کلیدی خطبہ دیا۔ شرکا کو خطاب کرتے ہوئےانہوں نے فرمایا کہ آپ ہمارے ستارے ہیں، اور میں جب ستارے کہتا ہوں تو اس سے مراد دونوں پہلو ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ اسلامی تحریک کے چمکتے ہوئے ستارے بنیں۔ ستارہ وہ ہوتا ہے جو اندھیری راتوں میں بھی چمکتا ہے اور بھٹکے قافلوں کو راہ بھی دکھاتا ہے۔

انہوں نے STAR کی تشریح بیان کی جو پروگرام کے بنیادی موضوعات کو سمیٹے ہوئے تھی Self-Awareness (خود آگہی)، Tazkiyah (تزکیہ)، Accountability (احتساب) اور Reform (اصلاح)۔

خود آگہی کے بارے میں مولانا ولی اللہ سعیدی نے کہا کہ تبدیلی کا آغاز خود شناسی سے ہوتا ہے۔ جب آپ کو علم ہو کہ آپ کون ہیں، آپ کی حیثیت کیا ہے اور تحریک آپ سے کیا تقاضا کرتی ہے تب ہی حقیقی تبدیلی آتی ہے۔تزکیہ کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی روحانی بلندی کا ہدف مقرر کرنا چاہئے۔ ایک باوقار کردار دین کی نمائندگی کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر ہم کمزور رہیں گے تو ہمارے دین کی نمائندگی بھی کمزور ہوگی۔احتساب کی اہمیت پر زور دیتے ہوئےکہا کہ ہم نے اللہ سے عہد کیا ہے کہ روزگار کے سوا ہمارا سارا وقت دین کے لیے وقف ہوگا۔ اگر ہم اس میں کوتاہی کریں گے تو ہمیں اس کا جواب دینا ہوگا۔

فرد کی اصلاح کے تعلق سے مولانا ولی اللہ سعیدی نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ آپ صرف حالات سے سمجھوتہ کریں بلکہ اپنے آپ کو بدلیں، اپنی ترجیحات، دلچسپیاں اور طرزِ زندگی کو تبدیل کریں اور اپنی تبدیلی کے ذریعے دوسروں کے لیے رہنما بنیں۔

پروگرام کے دوسرے دن کا آغاز نئی توانائی اور وقت کی پابندی کے ساتھ ہوا۔ شرکاء اجتماع کو نظم و ضبط کی اہمیت یاد دلائی گئی۔اہم ترین نشست ’ علمی و فکری ارتقاء ‘  کے عنوان پر تھی،جہاں تحریک کے مختلف فکری پہلوؤں پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی گئی۔

اس سیشن میں امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے اپنے گراں قدر خیالات کا اظہار کیا ۔ امیر جماعت اسلامی ہند نے فرمایا کہ ہماری تحریک ایک فکری تحریک ہے جو فکر، وژن اور نظریے کی بنیاد پر قائم ہے۔محترم امیر جماعت نے واضح کیا کہ علم، فہم اور بصیرت سے لیس قیادت ہی مؤثر رہنمائی کر سکتی ہے۔ایک مربی بننے کے لیے علم، فکری وضاحت اور پختہ وژن، تینوں کی تربیت نہایت ضروری ہے۔تاثرات اور مشورے کی نشست میں شرکاء نے پروگرام کے مواد پر  اپنےاطمینان کا اظہار کیا اور کئی اہم تجاویز بھی پیش کیں۔  اس موقع پر پروگرام کے منتظمین  نے شرکا کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ ہمیں بھی وہی چیزیں درکار ہیں جو آپ سیکھ رہے ہیں۔ پروگرام کروانے والے بھی خودسازی کے سفر پر گامزن ہیں۔شام کی نشست نے تمام شرکا کے اندر جوش اور حوصلے کو بھر دیا ۔نشست شرکا کو  یاد دہانی کرائی گئی کہ اس پلیٹ فارم میں شمولیت ایک اہم ذمہ داری ہے۔ اس کے ذریعے دوسروں کو بھی فائدہ پہنچایا جائے۔

مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نے ’ روحانی قیادت‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے قرآن کے مفاہیم اواہ، منیب، تائب، اور اوّاب کو ایک روحانی قائد کی صفات کے طور پر پیش کیا۔

انہوں نے فرمایا کہ اواہ وہ ہوتا ہے جو اللہ کے حضور گریہ و زاری کرتا ہے، دوسروں کے دکھ درد پر تڑپتا ہے اور مسلسل اپنے رب سے جڑا رہتا ہے۔منیب وہ ہے جو خوشی و غم میں بار بار اللہ کی طرف رجوع کرتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ کیفیات صرف باطنی نہیں بلکہ عملی صورت میں ظاہر ہو کر دوسروں کے لیے رہنمائی کا سبب بنتی ہیں۔ ان اصطلاحات کی روشنی میں شرکاء کو حضرت ابراہیم (ع) اور حضرت داؤد (ع) کے اسوۂ حسنہ کی پیروی کی دعوت دی گئی۔

اس سہ روزہ اجتماع کی آخری نشست میں ذاتی نظم و ضبط، اجتماعی احتساب اور تسلسل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اختمامی سیشن میں شرکاء کو چار اہم سرگرمیوں کی ذمہ داری سونپی گئی:

  1. مقامیسطح پر ایکپروجیکٹ بنانا اور رپورٹ دینا
  2. اپنےMDR تجربے کو دوسروں تک پہنچانا
  3. ذاتیتاثرات کو قلمبند کر کے پھیلانا
  4. کلیدیخطبےکو مختصر اور عام فہم شکل میں ترتیب دینا

تین روزہ اجتماع میں کئی اہم مقررین نے مختلف موضوعات پر اپنے بصیرت افروز خطابات سے نوازا۔

جناب سید سعادت اللہ حسینی: ارادے کی طاقت اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں

جناب ایس امین الحسن: قوت و ضعف، مواقع و چیلنجز کا تجزیہ

مولانا محی الدین غازی: شخصی نشوونما کی منزلیں

مولانا ولی اللہ فلاحی: مربی کی شخصیت کا روحانی پہلو

جناب انجیئر محمد سلیم : اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی نفسیات اور ان سے ربط کے طریقے

ڈاکٹر شاداب موسیٰ:  قرآن پر غور و فکر کا طریقہ

جناب عتیق الرحمن:  زندگی بھر سیکھنے کا عمل

جناب ایس امین الحسن:  زندگی کی منصوبہ بندی

جناب عبد الہادی پٹیل: MDR میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال

جناب وارث حسین: دعوت ، چیلنجز اور آسان راستے

جناب ملک محتسم خان: ملکی حالات اور MDR کے لیے نکات

جناب صلاح الدین شبیر: رہنما اور اس کی خصوصیات

جناب عبد الرفیق: ایک مستحکم ذاتی زندگی کی بنیاد

:جناب سلمان احمدMDR کے لیے سوشل میڈیا کا کردار اور اہم سرگرمیاں

اختتامی خطاب میں جناب ایس امین الحسن نے پورے پروگرام کے وژن اور مقاصد کا خلاصہ پیش کیا۔

آخر میں اس روح پرور دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

"اللہ ہمارے دلوں کو بدل دے، ہمیں فہم و فراست کی روشنی عطا فرما، اور ہمیں اسلام اور تحریک کے سچے نمائندے بنا دے۔”

یہ دعا اخلاص، عزم اور تبدیلی کے اجتماعی عہد کے طور پر سنی گئی۔

MDR 2025 نے علمی گہرائی، روحانی توازن، اور عملی ذمہ داری کو یکجا کر کے اپنے مقاصد کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ شرکاء ایک نئی توانائی، واضح مقصد اور اپنی اصلاح کے ساتھ دوسروں کی رہنمائی کا جذبہ لے کر واپس لوٹے۔یہ اجتماع اس حقیقت کا ثبوت تھا کہ تبدیلی نہ صرف ممکن ہے بلکہ یقینی ہےجب دل منور ہوں اور ارادے اللہ کے دین سے ہم آہنگ ہو جائیں۔

محبت بانٹیں

0 Comments