
جماعت اسلامی ہند نے کابل میں گردوارہ پر حملے کی مذمت کی
نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کابل میں سکھوں کے ایک گردوارے پر ہوئے حملے کی سخت مذمت کی جس میں 25 افراد کے مرنے کی اطلاع ہے۔ میڈیا کو جاری ایک بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ کابل میں سکھ برادری پر ہوئے وحشیانہ حملے پر ہمیں انتہائی افسوس ہے، بزدل لوگ تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔اس طرح کے حملے پوری انسانیت کے خلاف ناقابل معافی جرم ہیں اور دنیا کو متحد آواز میں ان کی مذمت کرنی چاہئے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آور و ں کو فوری گرفتار کر کے انھیں انصاف کے کٹہرے میں لا یا جائے اور سخت سے سخت سزا دی جائے۔
سید سعادت اللہ نے مزید کہا کہ مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کا عمل فوری طور پر ختم ہونا چاہئے اور حکومتِ افغانستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سکھ برادری کے تحفظ کو یقینی بنائے جس نے افغانستان کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ دنیا بھر میں قدرتی آفات اور بے قصور شہریوں پر مظالم کے واقعات کے دوران ہمیشہ سکھ برادری نے امداد ی اور بازآبادکاری کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان کے عوام اس وحشیانہ حملہ کا ارتکاب کرنے والوں کے ناپاک منصوبوں کو شکست دیں گے۔جماعت اسلامی ہند بشمول ہندوستان کی مسلم برادری کے،سکھ بھائیوں اور بہنوں کی اس مصیبت کی گھڑی میں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ہم ان لوگوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں جو اس حملے میں جاں بحق ہوئے اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
جاری کردہ:
شعبہ میڈیا، جماعت اسلامی ہند




0 Comments