Relief work of Jamaat-e-Islami Hind during lockdown (URDU)

April 17, 2020

 

 

لاک ڈاؤن کے درمیان جماعت اسلامی ہند کا امدادی کام

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند ملک کی ایک بڑی سماجی،مذہبی تنظیم ہے،جس نے ملک بھر میں غرباء، یومیہ مزدوری کرنے والے ورکرس،گلی میں سامان بیچنے والے، رکشہ کھینچنے والے اور مہاجرمزدوروں میں بڑے پیمانے پر امدادی کاموں کا آغاز کیا ہے۔یہ وہ لوگ ہیں جو 24 مارچ کی شام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے وزیر اعظم

نریندر مودی کی جانب سے 21 دنوں کے لاک ڈاؤن کے اعلان سے متاثر ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جب سے لاک ڈاؤن شروع ہوا ہے، جماعت اسلامی نے اپنے کارکنوں اور ورکرس کو پورے ملک میں پکا ہوا کھانا،راشن کٹس، ماسک اور سینیٹائزر تقسیم کرنے کے لئے متحرک کردیا ہے، ساتھ ہی اپنے کارکنوں کو بھی احتیاطی اقدامات مثلاً ماسکس پہننے، سینیٹائزر استعمال کرنے اور سماجی دوری بنائے رکھنے کا اہتمام کرنے کے لئے کہا ہے اور یہ سب تباہ کن انفیکشن کا مقابلہ کرنے کی غرض سے ہے۔

 

دہلی:
راجدھانی دہلی میں جماعت اسلامی ہر غریب خاندان کو ایک ہزار روپے کی قیمت کا راشن کِٹس فراہم کرتی ہے جس میں گیہوں کا آٹا، چاول، دالیں، چینی اور دیگر سامان ہوتے ہیں۔ یہ تمام کام جماعت اپنے قائم کردہ مراکز کے ذریعہ انجام دیتی ہے۔ یہ مراکز بھوانہ، سلطان پوری، جہانگیر پوری، جیت پور، کنچن کنج، شاہین باغ، ابوالفضل انکلیو، ذاکر نگر، تری لوک پوری، سیماپوری، شاہد نگر، مصطفی آباد، جعفرا ٓباد،لونی، یمنا وہار اور وجے پارک میں قائم ہیں۔
جماعت اسلامی کے دہلی حلقہ کے امیر عبد الوحید کہتے ہیں کہ ”ہم لوگ پکا ہوا کھانا اور راشن کٹس میں سے جس کی ضرورت زیادہ محسوس ہوتی ہے، اسے ضرورتمندوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ اب تک ہزاروں راشن کٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ حالات سازگار نہ ہوجائیں۔ہم، لوگوں میں اشیائے خورنی کی تقسیم بلا تفریقِ مذہب و ملت کرتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی کچھ مقامات پر جماعت نے مقامی راشن اسٹورس کو یہذمہ داری سونپی ہے کہ وہ ان مخصوص لوگوں کو جو مقامی جماعت کے ذمہ دار کی دستخط شدہ سلیپ لے کر آئیں، انہیں راشن کے لئے کچھ مخصوص رقم دی جائے۔
اس کی مزید تشریح کرتے ہوئے دہلی میں پکے ہوئے کھانے کی تقسیم کے انچارج ندیم خاں کہتے ہیں کہ ”گزشتہ دس دنوں میں ایک ہزار کھانے کے پیکٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں۔پہلے دن 4200 پیکٹس، دوسرے دن 5000 پیکٹس اور تیسرے دن5800 فوڈ پیکٹس کی تقسیم ہوئی۔
عبد الوحید کہتے ہیں کہ”جماعت اسلامی نے فروری کے مہینے میں دہلی کے شمال مشرقی علاقے میں مسلم مخالف فساد کے دوران متاثرین میں راحت رسانی کا کام بڑے پیمانے پر شروع کیا تھا مگر حالیہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ہم متاثرین کے ٹوٹے ہوئے مکانات کی مرمت کروائیں اور متاثرین اپنا کام پھر سے شروع کرسکیں،اس کے لئے ہم انہیں ای رکشے، ہینڈ کارٹس وغیرہ فراہم کرنا چاہتے ہیں لیکن ہنوز یہ کام رُکا ہوا ہے۔

 

راجستھان:
راجستھان میں جماعت اب تک 3285 راشن کٹس تقسیم کر چکی ہے،ان میں سے ہر کٹ میں 10کلو آٹا، 5کلو چاول، ایک کلو دال اور ایک لیٹر کوکنگ آئل ہوتے ہیں جو کہ ریاست کے مختلف حصوں میں غریبوں کے درمیان تقسیم کی جا چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 11000 سے زیادہ تیار فوڈ پیکٹس اور تقریبا ًایک لاکھ روپے کی بقدر رقم بھی تقسیم کی گئی۔ اس طرح اب تک ہم 15000 لوگوں تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔اس کے علاوہ ہم نے 4600 ماسکس بھی تقسیم کئے ہیں۔یہ باتیں جماعت اسلامی ہند کے راجستھان حلقہ کے سکریٹری نے بتائی۔
جماعت کے کارکنان دیگر سماجی گروپس کے اشتراک اور عطیہ دہندگان کی حمایت سے ضرورتمندوں کے دروازے تک راشن کٹس پہنچاتے ہیں۔یہ باتیں جماعت کے حلقہ راجستھان کے امیر محمد نظام الدین نے بتائی۔

 

اترپردیش:
جماعت اسلامی، مشرقی یوپی کے 30 اضلاع میں ہنگامی طور پر راحت رسانی کا کام کررہی ہے۔
مشرقی یوپی کے جماعت اسلامی کے صدر ملک محمد فیصل کہتے ہیں کہ ”ہم ضرورتمندوں میں ایک ہزار روپے کی بقدر راشن کٹس مہیا کررہے ہیں۔نیز ہم نے اپنے تمام کارندوں کو ریلیف دیتے وقت حفاظتی اقدامات مثلاً ماسکس اور مناسب سماجی دوری بنائے رکھنے کی ہدایت دے رکھی ہے۔تقریباً 3000 افراد کو اب تک اس طرح کے کٹس دیئے جاچکے ہیں۔

 

بہار:
جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر محمد رضوان اصلاحی کا کہنا ہے کہ ”صوبہ بہار کے مختلف اضلاع میں جماعت کے کارکنان راحت رسانی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ہمارے رضاکاران پورنیہ اور کوسی کے سینکڑوں لوگوں میں ماسکس اور سینیٹائزر تقسیم کرچکے ہیں۔ پٹنہ جیسی سیٹی میں ہمارے ورکروں کے ذریعہ ان لوگوں کی لسٹیں تیار کی جارہی ہیں جنہیں اناج کی ضرورت ہے۔ انہیں الگ الگ وقفوں جیسے کسی کو ایک ہفتہ کسی کو دو ہفتے کے لئے اور بسا اوقات ایک ماہ کے لئے راشن کٹس فراہم کرایا جارہا ہے۔پٹنہ سیٹی کے اطراف میں ہم نے لوگوں میں بلا تفریق مذہب ایک ماہ کے لئے راشن کٹس تقسیم کی۔کچھ علاقوں میں جماعت کے کارکنوں نے مقامی راشن اسٹور سے راشن تقسیم کرنے کے لئے معاہدہ کرلیا ہے۔ اسی طرح نوادہ، موتہاری اور سہرسہ ضلعوں میں بھی ضرورتمندوں کو راشن کٹس مہیا کرانے کے لئے ہم نے مقامی راشن اسٹورس سے معاہدہ کیا ہے تاکہ انہیں ضروری اناج مناسب مقدار میں (پانچ کلو چاول، تین کلو آٹا اور دو کلو دالیں وغیرہ) مہیا کرائیں اور پھر شام کو ہم اس کی قیمت راشن اسٹور کو ادا کردیتے ہیں۔کچھ اضلاع میں جماعت کی لوکل یونٹ نے وہاں کے مجسٹریٹ کو انہیں مدد دینے کے لئے لیٹر بھی لکھا ہے۔پٹنہ، موتہاری اور ارریہ میں ہمارے یونٹ کے امیر نے ضلع مجسٹریت کو دو پیشکش کی کہ حکومت کو اگر ریلیف میٹریل کی تقسیم کرنے کے لئے رضاکاروں کی ضرورت ہے تو ہم انہیں مہیا کراسکتے ہیں۔نیز ہم نے انہیں کچھ فنڈ کی بھی پیشکش کی جس سے ان کا کام آگے بڑھ سکے۔ نیز ہم نے ان سے مختلف علاقوں میں کام کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی اجازت بھی مانگی ہے“۔وہ مزید کہتے ہیں کہ ”کچھ علاقوں میں جیسے پٹنہ کے پھلواڑی شریف میں جماعت کے کارکنان دوسرے گروپس جیسے پیس فاؤنڈیشن، رابطہ کمیٹی اور کوشیشی کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ ہم اپنے ریلیف کا کام تین ہفتہ قبل ہی شروع کر چکے ہیں۔ہمیں فی الوقت کوئی اندازہ نہیں ہے کہ لاک ڈاؤن کب ختم ہوگا۔ مگر ایسا لگتا ہے کہ لاک ڈاؤن کا سلسلہ لمبا چلے گا۔ لہٰذا ہم لمبے ٹرم کے لئے منصوبہ بنارہے ہیں اور امداد کی ضرورت کا اندازہ لگانے کے لئے مختلف علاقوں میں سفر کرنے کے لئے اجازت نامہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔“

 

مغربی بنگال:
جماعت اسلامی ہند، بنگال کے امیر عبد الرفیق نے ’انڈیا ٹومارو‘ سے بتایا کہ ”ریاست کی سطح پر 1500 علاقے میں جماعت کے کارندے راحت رسانی کا کام پھیلاچکے ہیں۔ہم کولکاتہ میں ریلیف کا کام شروع کرچکے ہیں۔جماعت شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ اور پوری ریاست میں راحت رسانی کے کام کی توسیع کرنے جارہی ہے۔ اس کے لئے ہم اپنے ریلیف فنڈ سے ابتدائی رقم 2.5 لاکھ روپے جاری کرچکے ہیں“۔انہوں نے مزید کہا کہ ”ہم نے اپنے مقامی یونٹ سے ضرورت مندوں میں اناج کا پیکٹ بانٹنے کے لئے کہہ دیا ہے۔ ہر کٹ میں اتنے اناج موجود ہو جو دس دنوں کے لئے کافی ہو۔اس وقفے کے بعد ہم امداد کے دوسرے مرحلے کا آغاز کریں گے۔اس کام کو ہم نے 27 مارچ کو شروع کیا تھا اور اب ہم اسے توسیع دے کر ریاست کے 1500 علاقوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔“

 

تلنگانہ:
جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے میڈیا سکریٹری سعید فخر الدین علی احمد نے بتایا کہ جماعت اسلامی مختلف این جی اوز کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے اور ہمار ا بنیادی فوکس ان مہاجر مزدوروں پر ہوتا ہے جن کی آمدنی لاک ڈاؤن کی وجہ سے رک گئی ہے۔میڈیا ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے حسام الدین کہتے ہیں کہ راشن کٹس کی تقسیم کا عمل یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کی بستیوں کے اطراف میں کیا گیا ہے، ان کٹوں میں پنساری کے سامانوں کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء بھی شامل کی گئی ہیں۔اس وقت ہم لوگ کریم نگر، نظام آباد، ورنگال میں راحتی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ جب سے لاک ڈاؤن شروع ہوا ہے ان علاقوں میں ہر روز کھانے تقسیم کئے جارہے ہیں۔

 

کرناٹک
جماعت اسلامی ہند حلقہ کرناٹک بھی لاک ڈاؤن میں پھنسے ہوئے لوگوں میں راحت کا کام انجام دینے میں پیش پیش ہے۔یہ اپنے طلباء اور دیگر این جی او کے ساتھ مل کر ضرورتمندوں کی مدد کررہا ہے۔کرناٹک حلقہ کے میڈیا سکریٹری لیاق اللہ خان نے کہا کہ ریاست کے مختلف اطراف میں ریلیف کٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم نے بالکی کے 65 خاندانوں میں اشیائے خوردنی تقسیم کی اور چکمانگلور کے450 خاندانوں میں 1000 راشن کٹس مہیا کرایا۔اسی طرح اسلامک ریلیف سوسائٹی کے تعاون سے ہم اوڈ اپی کے 200 خاندانوں میں راشن کٹس تقسیم کرچکے ہیں۔

 

تمل ناڈو
جماعت اسلامی ہند حلقہ تمل ناڈو بھی ریلیف کے کام میں سرگرم ہے۔اس نے 6000 مہاجر مزدور خاندان میں 3000 فوڈ کٹس تقسیم کئے۔نیز ریاست کے 16 اضلاع پر فوکس کرتے ہوئے 2000 فیس ماسکس، 100 ہینڈ سینیٹائزر اور 6000 گروسری فوڈ کٹس مہیا کیا۔ ان امدادی کاموں سے 5745 خاندانوں کے 16425افراد نے فائدہ اٹھایا ہے۔

 

کیرالہ
جماعت اسلامی ہندحلقہ کیرالہ کے امیر ایم آئی عبد العزیز نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لئے ریاستی حکومت کے کاموں میں مدد کے طور پر تنظیم کے ماتحت چلنے والے اسپتالوں اور دیگر اداروں کو استعمال کرنے کی پیشکش پرانہوں نے آمادگی ظاہر کی ہیں۔ نیز میڈیا ٹیم کے ممبر ٹی شاکر نے کہا کہ کوزیکوڈ میں ایک 300 بیڈ والا ملٹی اسپیسلیٹی اسپتال ”سانتھی“جو کہ تنظیم کے اشتراک سے ایک ٹرسٹ کے ذریعہ چلایا جاتا ہے،کے انتظامات کو حکومت نے کورونا متاثرین کے علاج کے لئے سنبھال لیا ہے۔ان کے مطابق تنظیم کیرالہ بھر میں پانچ اسپتالوں میں 1000 بیڈس فراہم کرسکتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آئسولیشن اور کورنٹین کے لئے مزید جگہ کی ضرورت پیش آئی تو 90 سے زیادہ اسکولوں کی عمارتیں، 25 کالج کی عمارتیں اور جماعت سے وابستہ 400 مدرسوں کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔
ریاستی حکومت کے آن لائن پورٹل ’سنا دھام‘ میں جماعت کے تمام کارکنان کے نام کا اندراج کردیا گیا ہے تاکہ حکومت رضاکاروں اور امدادی کاموں میں ضرورت کے وقت ان سے کورڈینیٹ کرسکے۔نیز تنظیم ان لوگوں کو نفسیاتی کونسلنگ بھی مہیا کرتی ہے جو گھر میں آئسولیشن کی حالت میں ہیں۔
جماعت اسلامی ہند کیرالہ یوتھ ونگ ’سولیڈیاٹی یوتھ مومنٹ“ کے صدر نہاس مالا نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے درمیان متاثرین تک ریلیف پہچانے کے لئے ان کے ورکرس پوری ریاست میں سرگرم ہیں۔اس کے ساتھ ہی تنظیم نے مہاجر مزدوروں کے کھانے اور ٹھکانے کی ضرورت کے پیش نظر ایک ہیلپ لائن نمبر بھی شروع کیا ہے اور جب سے ہیلپ لائن شروع کیا ہے 100 سے زیادہ کالیں آچکی ہیں اور ان کی ضرورتوں کو حل کرنے کی پوری کوششیں کی جاتی ہیں۔

 

مہاراشٹر:
ملک میں لاک ڈاؤن کو شروع ہوئے دو ہفتے سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے۔اس دوران لوگوں کو بہت سی تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ اچانک تمام رابطوں سے کٹ گئے تھے۔ان کی پریشانیوں کو محسوس کرتے ہوئے جماعت اسلامی حلقہ مہاراشٹر نے اپنے کارکنوں اور رضاکاروں کو ان کی خدمت کے لئے متحرک کردیا۔ چنانچہ وسائل کی کمی کے باوجود تنظیم کے ممبروں نے لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں میں 1.34 کروڑ روپے کی بقدر امداد دیا۔اس امداد میں کچا اناج، پکا ہوا کھانا، دوائیاں اور رقوم شامل ہیں۔
جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر نے ریاست بھر میں مبلغ 1.13 کروڑ روپے کے بقدر گروسری سامان 20900 خاندانوں میں فراہم کیا اور16.21 لاکھ روپے کے بقدر فوڈ پیکٹس 48400 لوگوں میں تقسیم کی۔اسی طرح 500 سے زیادہ لوگوں میں 5.34 لاکھ روپے کی دوائیاں اور رقوم مہیا کئے۔ مہاراشٹر جماعت اسلامی کے امیر رضوان الرحمن خان نے مزید کہا کہ ”تنظیم نے عہد کیا ہے کہ جب تک لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوتا، اس وقت تک ریلیف کا کام چلتا رہے گا۔البتہ ریلیف کے اس بڑے کام کو وہ اکیلے نہیں کرسکتے،لہٰذا دوسری تنظیموں اور افراد کو بھی راحت پہنچانے کے لئے آگے آنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ”یہ خوشی کی بات ہے کہ سماج کا بڑا طبقہ پریشان حال لوگوں کی خدمت کررہا ہے۔انہوں نے کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کے تئیں اپنے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہم جلد ہی اس مشکل گھڑی سے نکل جائیں گے اور معمول کی زندگی میں لوٹ آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ ہم اپنے خالق کی طرف رجوع کریں اور اپنے اعمال و کردار کا احتساب کریں۔
جماعت اسلامی مہاراشٹر کے تمام کارندے بشمول ممبئی، جلگاؤں، بلڈھانہ، اورنگ آباد، پونے جالنا، پربھانی، ناندید،یاوتمال، ناگپور، اکولا اور کولہاپور کے ممبران ضرورتمندوں تک رقوم، دوائیاں، راشن کٹس، کھانا فراہم کرنے کی کوششوں میں شامل رہے۔

 

گجرات:
ایسے وقت میں جب پورے ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو خاص طور پر مزدور طبقہ کو پریشانیوں کا سامنا ہے،جماعت اسلامی ہند حلقہ گجرات ریاست کے 15 اضلاع میں 20 سینٹرس قائم کرکے ان پریشان حال افراد کے لئے اپنی خدمات پیش کررہی ہے۔اس سلسلے میں اب تک 744 خاندانوں میں 400 ماسکس،2474 راشن کٹس اور 45719 فوڈ پیکٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں۔اس کے علاوہ 250 خاندانوں میں 240000 روپے عطیہ کئے گئے ہیں اوراب تک 34 خاندانوں کو بلا سود قرض فراہم کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر 4000 لوگوں کو راشن کٹس مہیا کرائے گئے ہیں۔

ہم نے اپنے کارکنوں کو انسانیت پر مبنی امداد کی ہدایت کی: محمد سلیم انجینئر، نائب امیر جماعت
گزشتہ ہفتہ زونل اور ضلعی دفاترکے لئے ہیڈ آفس سے ایک سرکولر جاری کیا گیا جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں میں کورونا وائرس کے تئیں بیداری لائیں اور ضرورتمندوں کو اناج مہیا کرکے ان کی مدد کریں۔محمد سلیم انجینئر،نائب امیر جماعت نے کہا کہ ”ہم نے اپنے کارکنوں کو کورونا وائرس کے تعلق سے ہدایات جاری کی ہیں اور ان سے کہا ہے کہ وہ عوام میں پائی جانے والی اس مہلک وبا کے سلسلے میں بیداری پیدا کریں۔ ان سے یہ بھی کہا گیاہے کہ وہ مسجد کے بجائے اپنے گھروں میں نماز ادا کریں۔ ہم نے یہ بھی کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے یومیہ مزدوری کرنے والوں، مزدوروں اور کچھ منفرد لوگوں کو مشکلیں ہوسکتی ہیں،ایسے لوگوں کے لئے کھانے کا بندوبست اور جو بے گھر ہیں، ان کے لئے ٹھکانے کا انتظام ہونا چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ”ہم نے اپنے کارکنوں کو کہا ہے کہ وہ بلاتفریق مذہب انسانی خدمت کی بنیاد پر کام کریں۔“

Spread the love

0 Comments