اسوہ ابراہیمی میں امت کی کامیابی و کامرانی کا راز پوشیدہ ہے :سید سعادت اللہ

مئی 31, 2026

27 مئی 2026

 

امیر، جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے عید الاضحی کے موقع پر تمام عالم اسلام اور اہل وطن کو عیدالاضحٰی کی پر خلوص مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں آپ نے فرمایا کہ “عید الاضحی، توحید کی عید ہے۔ ایک خدا کی بندگی ، اس کے لیے مکمل یکسوئی اور ہر طرح کے شرک سےمکمل براءت کی عید ہے۔ یہ عید جان نثاری کی عید ہے۔ اللہ سے کیے گئے عہد و پیمان کی اور اس سے وفاداری کی عید ہے۔ یہ عید استقامت کی عید ہے۔ یہ عید سیدنا ابراہیم کے اس اسوے کو یاددلاتی ہے کہ کیسے خلیل اللہ نے ہر طرح کی آزمائشوں کے درمیان اپنے عقیدے اور اصول پر پہاڑ کی سی استقامت کا مظاہرہ فرمایا تھا۔ یہ عید، صبر و ثبات کی، الوالعزمی کی حنیفیت اور یکسوئی کی عید ہے۔ یہ عیدقربانیوں کا سیلبریشن ہے۔ خود کو ، اپنے سارے وجود کو، اپنے سارے کل کو اور اپنے پورے خاندان کو سچائی کے لیے پیش کرنے اور اللہ کی مرضی پرنچھاور کرنے کے اُس سچے جذبے کو سلیبریٹ کرتی ہے جس کا نمونہ خلیل اللہ نے رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لیے چھوڑا ہے”۔

 

موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ ”موجودہ حالات میں امت مسلمہ کے لیے اس ابراہیمی اسوے میں ایک بڑا سبق اور کامیابی و سربلندی کا عظیم راز پوشیدہ ہے۔بے شک امت مسلمہ عالمی سطح پر بھی اور ہمارے ملک میں بھی، طرح طرح کے چیلنجوں  کی زدمیں ہے۔ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے اسوے سے معلوم ہوتا ہے کہ ایسے چیلنج اہل ایمان کی آزمائش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی سنت یہ ہے کہ عظیم کامیابیوں کو اُس نے اولوالعزمی اوراستقامت جیسی صفات ہی کے ساتھ وابستہ فرمایا ہے۔ عید الاضحی محض ایک رسمی تیوہار نہیں ہے بلکہ  امت مسلمہ کے اندر اسی ابراہیمی کردار کی افزائش کا خدائی نسخہ ہے۔ اس بات کی ضرورت ہے کہ اس عید کے تمام مراسم اسکے حقیقی مقاصد کے شعور کے ساتھ انجام دیے جائیں۔ آیئے اس عید کو ہم سب ایمان و استقامت کے وصف کی افزائش کا ذریعہ بنائیں۔ یہ اوصاف ہمارے اندر پیدا ہوجائیں تو ان شاء اللہ ہماری راہیں روشن اورمستقبل تاب ناک ہوجائے گا”۔

 

اس موقع پر امیر جماعت نے دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کوابراہیمی ایمان، ابراہیمی استقامت اور ابراہیمی حنیفیت عطا فرمائے اور موجودہ حالات میں جو ذمہ داریاں ہم پر عائد ہوتی ہیں، پوری یکسوئی سے ان کو انجام دینے کی توفیق و صلاحیت بخشےاوراس عید کو خوشی ‎مسرت، امن و امان اور عدل و انصاف کے ایک نئے دور کی شروعات کا ذریعہ کا ذریعہ بنائے۔

 

جاری کردہ:

سلمان احمد

قومی سکریٹری، میڈیا ڈپارٹمنٹ، مرکز ، جماعتِ اسلامی ہند

موبائل: 7290010191

پتہ: D-321، ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا،

نئی دہلی – 110025

محبت بانٹیں

0 Comments