کمال مولا مسجد کا فیصلہ قانون اور تاریخی شواہد کے خلاف ہے : ڈاکٹر قاسم رسول الیاس

مئی 24, 2026

 

کمال مولا مسجد کے تعلق سے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے نے بابری مسجد کے زخموں کو تازہ کر دیا ہے ۔ ہائی کورٹ نے کمال مولا مسجد کی تاریخی حیثیت ، شواہد ، دلیل اور دستاویزی ثبوت کو نظر انداز کرکے ایک طرفہ فیصلہ سنایا ہے۔ صرف پی آئی ایل کی بنیاد پرعدالت نے مسجد پر ہندو فریق کی ملکیت کے دعوے کو تسلیم کر لیا ہے ۔ہم اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے اور حکم امتناعی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔اس فیصلے سے مسلمانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کیا۔

’ کمال مولا مسجد کا عدالتی فیصلہ اور انصاف کے تقاضے ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کمال مولا مسجد کی تاریخ ، اس کے مقدمے اور فیصلے پر سیر حاصل گفتگو کی ۔ مسجد کی تاریخی حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت کمال مولا ایک صوفی برزرگ تھے۔ ان کا تعلق شیخ فرید گنج شکر سے تھا ۔کمال مولا نے مدھیہ پردیش کے دھار علاقے میں سکونت اختیار کی تھی ۔ان کے معتقدین میں ہندو اور مسلم دونوں شامل تھے ۔علا الدین خلجی کو ان سے خاص عقیدت تھی ۔1307 عیسوی میں علاالدین خلجی نے کمال مولا مسجد کی تعمیر کرائی ۔ یہیں ان کا مقبرہ بھی ہے۔اس مسجد میں 1307 سے 1992 تک باقاعدہ نماز ہوتی رہی۔لیکن سن 2003 میں محکمہ آثار قدیمہ نے مسلمانوں کو صرف جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت دی ۔قاسم رسول الیاس نے کہا کہ متھرا کی عید گاہ ، بنارس کی گیان واپی مسجد اور سنبھل کی تاریخی جامع مسجد کی طرح ہی کمال مولا مسجد کو منصوبہ بند طریقے سے متنازعہ بنا دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کمال مولا مسجد کے لیے ’بھوج شالا ‘ لفظ کا استعمال بیسویں صدی سے شروع ہوا۔ ابھی تک کوئی ایسا ثبوت نہیں مل پایا ہے جس کی بنیاد پر یہ کہا جا سکے کہ یہاں کسی راجا بھوج کا بنوایا ہوا سرسوتی مندر تھا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ نےکئی بار کمال مولا مسجد کا سروے کیا لیکن وہ عدالت میں سرسوتی مندر ہونے کا کوئی ثبوت نہیں پیش کرپائے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش میوزیم میں موجود سرسوتی کی جس مورتی کو کمال مولا مسجد سے منسوب کیا جا رہا ہے ، اس کی تصدیق  کافی پہلےہو چکی ہے کہ یہ مورتی سرسوتی کی نہیں ہے بلکہ جین دھرم کی دیوی امبکا کی ہے ۔ اس کی تصدیق دگ وجئے سنگھ نے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے ہندوستان کے سفیر کے ذریعے کرائی تھی۔عدالت نے ثبوت ، شواہد اور حق ملکیت دیکھے بغیر صرف زبانی بنیاد پر ہندو فریق کے دعوے کو تسلیم کر لیا ۔انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا فیصلہ Places of Worship (Special Provisions) Act, 1991  کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔عدالت نے قانون کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے چور دروازے سے فیصلہ سنایا ہے ۔آئندہ کے لائحہ عمل پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کہا کہ ہم اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس طرح کے معاملے میں سپریم کورٹ کا طرزعمل انصاف پر مبنی نہیں رہا ، لیکن جو قانونی راستہ ہے اس کو اختیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ہماری پہلی کوشش یہ ہوگی کہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے فیصلے پر حکم امتناعی حاصل کیا جائے ۔اس سلسلے میں ایک فریق سپریم کورٹ سے رجوع کر چکا ہے جبکہ دو فریق اس کی تیاری کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کہا کہ قانونی لڑائی کے علاوہ اس معاملے کو سیاسی ، سماجی اور اکاڈمک سطح پر بھی اٹھانے کی ضرورت ہے ۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اس سلسلے میں تمام ممکنہ قدم اٹھانے پر غور کر رہا ہے ۔جلسے میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی چلا ۔شرکا نے اس معاملے میں مختلف قسم کے سوالات کئے ۔ جلسے میں معزین شہر کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے بھی شرکت کی ۔ اجتماع عام کی نظامت ظہیراحمد نے کی ۔

 

محبت بانٹیں

0 Comments