یوم اطفال کے موقع پر ’سی آئی او‘ نے کیا بچوں کی فلاح و تحفظ اور سہولیات میں بہتری کا مطالبہ

نومبر 15, 2025

13 نومبر 2025

CIO Log

نئی دہلی: ’چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ( سی آئی او) کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں یوم اطفال منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر’سی آئی او‘ سے منسلک طلبہ و طالبات ایک میمورنڈم شہر کی انتظامیہ کو پیش کر رہے ہیں ،جس میں بچوں کی فلاح و بہبود، سہولیات میں بہتری اور ان کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

 

تنظیم نے انتظامیہ کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے اور شہر میں مثبت سماجی ماحول قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا، تاہم چند اہم مسائل کی طرف نشاندہی بھی کی جو بچوں کی نشوونما اور فلاح پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ میمورنڈم میں مندرجہ ذیل مطالبات درج ہیں۔

1: باغات اور کھیل کے میدانوں کی فراہمی اور دیکھ بھال کے تئیں مطالبہ کیا گیا کہ بچوں کے لیے مزید عوامی باغات اور کھیل کے میدان بنائے جائیں اور موجودہ میدانوں کی بہتر دیکھ بھال کے ساتھ جھولے اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کیے جائیں تاکہ بچوں کی جسمانی و سماجی تربیت کو فروغ ملے۔

 

2: حقِ تعلیم پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تنظیم نے زور دیا کہ ’ رائٹ ٹو ایجوکیشن قانون‘ پر مکمل اور مؤثر طور پر عمل کیا جائے، بالخصوص پسماندہ اور کمزور طبقات کے بچوں کے لیے۔

 

3: آوارہ کتوں کے تعلق سے اپنے مطالبات میں ’سی آئی او‘ نے کہا کہ شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد بچوں میں خوف و ہراس کا باعث بن رہی ہے۔ لہٰذا اس مسئلے کو انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے تاکہ بچوں کا تحفظ بھی یقینی ہو اور جانوروں کے حقوق کی پاسداری بھی باقی رہے۔

 

4: بچوں کے تحفظ کے لیے قانون و نظم میں بہتری لانے کے سلسلے میں تنظیم نے بچوں کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بچے بلا خوف و خطر اسکول جا سکیں اور آزادی سے نقل و حرکت کر سکیں۔

 

5: تعلیمی اداروں میں مساوات اور امتیاز کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے ’سی آئی او‘ نے مطالبہ کیا کہ اسکولوں میں مذہب، ذات، رنگ یا معاشی پس منظر کی بنیاد پر کسی بھی قسم کا امتیاز روا نہ رکھا جائے، اور تمام بچوں کے لیے مساوی اور باعزت تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔

 

میمورنڈم کے اختتام پرچلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (سی آئی او ) نےامید ظاہر کی کہ انتظامیہ ان مطالبات پر فوری اور مؤثر کارروائی کرے گی تاکہ ہمارے بچے ایک محفوظ، صحت مند اور خوشحال ماحول میں پرورش پا سکیں اور ملک کے ذمہ دار شہری بنیں۔

 

جاری کردہ:

سلمان احمد

قومی سکریٹری، میڈیا ڈپارمنٹ

مرکز جماعت اسلامی ہند

موبائل: 7290010191

پتہ: D-321، ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا، نئی دہلی

 

محبت بانٹیں

0 Comments