ملک کی تعمیر و ترقی میں مسلمانوں کو اپنی حصے داری طے کرنی چاہئے۔ملک کی مادی اور معاشی ترقی میں اپنی شراکت کو یقینی بنانے کے لیے نوجوانوں کو مسلسل محنت اور جدو جہد کی ضرورت ہے ۔یہ ہمارا ملک ہے ، اس کو آزاد کرانے میں ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔اس ملک میں رہنے والے تمام برادران وطن سے تعلقات بہتر بنانے اور ان تک اسلام کا پیغام پہنچانے کی ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے کیا ۔ ’ ملک کی تعمیر و ترقی میں ملت اسلامیہ کا مطلوبہ کردار ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے پروفیسر انجینئر سلیم نے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں مسلمانوں کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تعلق سے مسلمانوں کو ایک مثبت انداز فکر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔اس ملک میں مختلف مذاہب اور کلچر کے لوگ بستے ہیں۔ ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہئے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مسلمان اپنا کردار کس طرح ادا کر سکتے ہیں ۔سب سے پہلے اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ اس ملک کے عوام ہمارے اپنے لوگ ہیں۔اس ملک کو اپنا ملک اس طرح سمجھیں جس طرح انبیاؑ ء اپنی قوم کو اپنا سمجھتے تھے ۔جو مسلمان نہیں ہیں وہ بھی ہمارے اپنے ہیں ۔ان کے ساتھ ہمارے تعلقات انسانیت اور دوستی کی بنیاد پر ہونے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سو برسوں سے کچھ لوگ جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں ۔لیکن یہ لوگ بھی ہمارے اپنے ہیں ، ہمیں ان کے ساتھ نفرت کا رویہ نہیں رکھنا چاہئے ۔ دراصل ان کی نفرت اسلام کی خوبیوں سے حسد کرنے کی وجہ سے ہے ۔یہی وجہ ہے کہ ان کے اندر تنگ نظری اور کینہ پروری پائی جاتی ہے ۔ انبیاؑ ء کی دعوت کا حوالہ دیتے ہوئے انجینئر سلیم نے کہا کہ حضرت نوح علیہ السلام سا ڑھے نو سو سال تک اپنی قوم کو حق کی طرف بلاتے رہے ۔لیکن بہت کم لوگ ہی ایمان لائے ۔اس با وجود حضرت نوح مایوس نہیں ہوئے ۔انبیاؑ ء نے کبھی بھی اپنے دور کے سماجی مسائل سے منہہ نہیں موڑا۔بلکہ انہوں نے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ۔مسلم نوجوانوں کے معاشی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کو اسلامی اصولوں کے مطابق معاشی ترقی کے لیے کوشش کرنی چاہئے ۔نوجوان چھوٹی اور بڑی تجارت کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کرنے کی جد وجہد کریں ۔ایمانداری کے ساتھ کیسے تجارت کی جا سکتی ہے ، اس کا نمونہ پیش کریں ۔انہوں نے تجارت کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوکری صرف ایک شخص کو فائدہ پہنچاتی ہے جبکہ تجارت کے ذریعے کئی افراد کو روز گار دیا جا سکتا ہے ۔دعوتی کاموں کی اہمیت بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام میں عدل کا جو پہلو ہے اس کو ابھار کر عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہے ۔اسلام کی بہترین توضیح عدل کے ساتھ کی جا سکتی ہے ۔جہاں بھی بے انصافی دکھائی دے اس کے خلاف آواز اٹھائی جائے اور انسانی عظمت کے پہلو کو اجاگر کیا جائے ۔صرف وعظ و نصیحت تک محدود نہ رہیں بلکہ اسلام کے پیغام کو عملی طور پر پیش کریں ۔اسلام انسانوں کو ہر غلامی سے آزاد کرنے کے لیے آیا ہے ۔انسانی سماج کو پریشانی سے نکال کر امن سکون پر لانے کا نام اسلام ہے ۔سماج میں پائی جانے والی خرابیوں کو دور کرنا اور توحید کی دعوت ہماری بنیادی ذمہ داری ہے ۔





0 Comments