ہمارے سماج میں تعصب کی وجہ سے جو سب سے بڑا نقصان ہو رہا ہے وہ انسان کی بے توقیری ہے۔اس وقت انسان کی عزت و آبرو خطرے میں ہے۔ انسان ظلم کا شکار ہو رہا ہے۔ عورت کی بے توقیری ہو رہی ہے۔ مذہبی تعصب اور فرقہ پرستی کے نتیجے میں سماج کی اخلاقی قدریں زوال پزیرہو رہی ہیں۔ اس نقصان سے ہم کو بچنے کی کوشش کرنا ہے۔اس کے لیے ہندو اور مسلمانوں کو مل کر کوشش کرنی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے کیا ۔’ فرقہ وارانہ تعصب ، اسباب و محرکات ‘ کے موضوع پر جماعت کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اس اجتماع میں ملک پھیلی فرقہ ورانہ منافرت کا تجزیہ پیش کیا گیا ۔
اجتماع عام کو خطاب کرتے ہوئے ملک معتصم خان نے فرقہ واریت کے اثرات کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس موضوع کا براہ راست تعلق ہندوستان کے مسلمانوں اور ہندوؤں دونوں سے ہے۔ فرقہ وارانہ تعصب ایک رویے کا نام ہے، ایک بیانیے کا نام ہے، ایک کیفیت کا نام ہے، ایک سماجی رجحان کا نام ہے۔ جب کوئی انسان دوسرے انسان کو اچھا یا برا سمجھتا ہے اور اس کے سامنے اس کا مذہب، اس کی زبان اور اس کی قوم آ جائے تو اچھے اور برے کا جو پیمانہ ہے وہ بدل جاتا ہے۔ وہیں سے اس تعصب کی ابتدا ہو جاتی ہے۔تعصب سےنفرت جنم لیتی ہے، نفرت سے خوف جنم لیتا ہے۔ یہیں سے فرقہ وارانہ تشدد کے بیانیئے کی شروعات ہوتی ہے۔ فرقہ وارانہ تعصب بہت ہی خطرناک مرض ہے جو ہمارے سماج پر چھایا ہوا ہے۔
ملک معتصم خان نے کہا کہ اس مسئلے پر مسلم اور غیر مسلم سماج کے افراد کو مل کر غور کرنا ہوگا ۔ ظلم کے خلاف جدوجہد کے ساتھ ساتھ علم کی محنت، مکالمے کی محنت، مذاکرات کی محنت، انسانیت کی خدمت، نفرت کے بجائے محبت اور سماج میں عدل و انصاف کے قیام لیے سب کو آگے آنا ہوگا ۔ اکثریتی طبقے کی سماجی ذمہ داریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ملک معتصم خان نے کہا کہ جو اکثریتی طبقہ ہوتا ہے اس کی اخلاقی ذمہ داری زیادہ ہوتی ہے ۔ جو اقلیت میں ہیں ان کے جذبات کا، ان کی نفسیات کا، ان کے تحفظ کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں موجود اقلیتوں کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچنے دیں اور ان کے تحفظ کا احساس کمزور نہ ہونے پائے۔ لیکن اس وقت ایسا نہیں ہو رہا ہے ۔ مسلمانوں کے کردار کو مسخ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ مسلمانوں کے تعلق سے پھیلایا جا رہا ہے کہ یہ مذہب تبدیل کرا رہے ہیں۔اپنی آبادی بڑھا رہے ہیں۔ تشدد پھیلا رہے ہیں ۔ملک کے لیے خطرہ ہیں وغیرہ ۔ آپ دیکھیں گے کہ ملک کی کئی ریاستوں میں ایسے قوانین بنائے گئے ہیں جس کے تحت مذہب کی تبدیلی پر پابندی لگائی گئی ہے۔تاکہ لوگ مسلمان یا عیسائی نہ بن جائیں۔
مساجد اور دیگر مذہبی مقامات پر انہدامی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان انہدامی کاروائیوں سے ملک کا ماحول خراب ہو رہا ہے۔ یہ مسائلہ اب اتنا سنگین ہو گیا ہے کہ اگر کوئی سیاسی جماعت شکست بھی کھا جائے، کسی دوسری سیاسی جماعت کی حکومت بن جائےتو بھی یہ مسائل سماج میں موجود رہیں گے ۔ایسے حالات میں ہم کو صحیح موقف اختیار کرنا ہو گا۔ ہندوستان میں جو مسلمان ہیں ان کا یہ فیصلہ ہے کہ ہم ہندوستان کے ہیں، ہندوستان ہمارا ملک ہے۔ ہندوستان کی ترقی میں ہماری ترقی ہے۔ لیکن اس کے با وجود مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ان کی مساجد ، مدارس ، حجاب ، اذان اور ثقافت پر حملے کئے جا رہے ہیں ۔ جبکہ ہندوستان کے دستور میں مذہبی آزادی ہے، اقلیتوں کے ثقافتی اور تعلیمی حقوق کو تسلیم کیا گیا ہے، مذہبی و لسانی اقلیتوں کو اپنے تعلیمی ادارے قائم کرنے اور چلانے کا حق حاصل ہے، لیکن عملی طور پرجب اس کے اطلاق کی بات آتی ہے تو یونیفارم سول کوڈ کی بات کی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ روزگار ، تعلیم، ہاؤس ہولڈنگ، ایجوکیشن اور ریلیجیس فریڈم کے معاملے میں ملک کی حالت روز بہ روز کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ نام نہاد ’ بلڈوزر جسٹس ‘ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ سماج میں اگر کسی ہندو کے ہاتھوں کسی ہندو کا قتل ہو جائے، تو کیا اس کا بھی گھر بلڈوز کیا جائے گا ہے؟ ایک آدمی کے گناہ کی سزا پورے گھر والوں دی جانی چاہئے ؟ اس کا کیا قانونی جواز ہے؟ ملک کی تاریخ میں مختلف طرح کے واقعات پیش آئے ہیں ،کیا آج کے لوگوں سے اس کا بدلہ لیا جانا چاہئے ؟ یہ ایک طرح کی انتقامی سوچ ہے۔
فرقہ واریت کا مقابلہ کرنے کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے ملک معتصم خان نے کہا کہ غیر مسلم بھائیوں اور مسلمانوں کو مل کر فرقہ واریت کے مسئلے کو حل کرنا چاہئے۔ سب سے پہلی چیز جو علاج کے طور پر ہم کو اختیار کرنی چاہیے، وہ یہ ہے کہ سماج میں تعلیمی شعور بیدار کیا جائے۔ لاعلمی اور جہالت سب سے بڑا مرض ہے ، اس کو دور کیا جانا چاہئے۔ غیر مسلم سماج کو اسلام کے بارے میں، مسلمانوں کے بارے میں صحیح علم ہونا چاہیے ۔اور مسلم سماج کو بھی ہندو سماج اور ان کے مذہب کے بارے میں صحیح علم ہونا چاہیے۔ دوسرا یہ کہ معاشرے کے اندر اعتماد ختم ہو رہا ہے۔ تیسرا نقصان قانون کی بالادستی ختم ہو رہی ہے۔ چوتھا نقصان ملک کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔ پانچواں نقصان نوجوانوں کا مستقبل خراب ہو رہا ہے۔ اگر ہم ان نقصانات پر قابو پانا چاہتے ہیں تو سماج میں ہم آہنگی اور اعتماد کی فضا قائم کرنی ہوگی ۔ اجتماع عام میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی چلا ۔اجتماع میں طلبہ و نوجوانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی ۔ جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی۔





0 Comments