قرآن پر عمل اور اتباع رسولؐ کامیابی کی ضمانت ہے :عبدالمجید پاریکھ

اکتوبر 25, 2026

 

 

ہمیں قرآن پر فخر کرنے کے بجائے  اس کی تعلیمات پر عاجزی کے ساتھ عمل کرنے والا بننا چاہیے۔ صرف یہ فخر کافی نہیں کہ ہمارے پاس ایک عظیم کتاب ہے، بلکہ اصل بات یہ ہے کہ اس کتاب نے ہماری زندگیوں میں کیا تبدیلی پیدا کی ہے۔ قرآنِ مجید سے ہمیں سیرتِ نبویؐ کو سمجھنے، اپنی شخصیت کی تعمیر کرنے، اپنے اخلاق کو بہتر بنانے، اختلافات کو حل کرنے، علم و تحقیق کو فروغ دینے اور انسانیت کے لیے  رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔ہمیں صرف اس بات پر مطمئن نہیں ہو جانا چاہیے کہ ہم مسلمان ہیں، ہمارے پاس قرآن ہے اور ہم رسول اللہ ﷺ سے محبت کرتے ہیں۔ ہمیں اپنے طرز عمل سےیہ ثابت کرنا چاہیے کہ ہم قرآن کی تعلیمات کو سمجھتے ہیں اور رسول اللہ ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار معروف اسلامی اسکالر عبد المجید پاریکھ نے کیا ۔’ انسانیت کو درپیش مسائل اور سیرتؐ سے رہنمائی ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہا ل میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اس اجتماع میں قرآن کے حوالے سے سیرت رسولؐ کے مختلف گوشوں پر اظہار خیال کیا گیا ۔اجتماع عام کو خطاب کرتے ہوئے عبد المجید پاریکھ نے کہا کہ سب سے پہلے  ہمیں سیرتِ نبویؐ کو سمجھنے کے لیے اس کتاب کی طرف رجوع کرنا چاہیے جسے رسول اللہ ﷺ نے پوری انسانیت کے سامنے پیش کیا تھا، یعنی قرآنِ مجید۔

انہوں نے کہا کہ آج سوشل میڈیا پر قرآنِ مجید کی عظمت، اس کی خوبیوں اور اس کے معجزات کے بارے میں بہت کچھ پڑھنے کو ملتا ہے۔ ہماری گاڑیوں کے اسٹیکروں پر بھی قرآن کی آیات اور اس کی عظمت کے بارے میں جملے لکھے ہوتے ہیں اور گھروں کے دروازوں پر بھی اس طرح کی عبارتیں نظر آتی ہیں۔لیکن یہاں ایک سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ  جب ہمارے پاس اتنی عظیم کتاب موجود ہے تو پھر اس کتاب کے ماننے والے ایک مثالی قوم کیوں نہیں بن پا رہے ہیں؟  اس سوال کے جواب میں  یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہمیں قرآن پر فخر کرنے  کے بجائے قرآن کی تعلیمات پر اخلاص کے ساتھ عمل کرنے والا بننا چاہیے۔ صرف یہ فخر کافی نہیں کہ ہمارے پاس ایک عظیم کتاب ہے، بلکہ اصل بات یہ ہے کہ اس کتاب نے ہماری زندگیوں میں کیا تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔

عبد المجید پاریکھ نے کہا کہ قرآنِ مجید کی تعلیمات آج سے تقریباً پندرہ صدی پہلے نازل ہوئیں، لیکن آج 2026 میں بھی وہ اتنی تازہ اور بامعنی ہیں کہ گویا یہ کتاب ہم سے آج کے حالات کے بارے میں بات کر رہی ہے۔اس لیے رسول اللہ ﷺ کی دعوت محض جذباتی جوش پیدا کرنے کی دعوت نہیں تھی، بلکہ غور و فکر، سمجھ داری اور حکمت کی ایک عظیم دعوت تھی۔ قرآن کی تعلیمات انسان کو سوچنے، سمجھنے اور عقل سے کام لینے کی ترغیب دیتی ہیں۔

رسول اللہ ؐ کے دعوتی مشن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے تخریبی رجحانات کے بجائے سماج میں  تعمیری سوچ کو فروغ دیا۔ آپ نے ایسا ماحول بنایا جس میں انسانوں کی صلاحیتوں کو مثبت کاموں میں استعمال کیا جا سکے۔رسول اللہ ﷺ نے مکہ میں تیرہ سال تک سخت مشکلات اور مظالم برداشت کئے۔ حالات ایسے ہوئے کہ رسول اللہ ﷺ کو مدینہ ہجرت کرنا پڑی۔ اہلِ مدینہ نے آپ کا پرجوش خیر مقدم کیا اور آپ کو اپنے درمیان جگہ دی۔لیکن مدینہ پہنچنے کے بعد رسول اللہ ﷺ نے اپنی پوری توجہ مکہ میں ہونے والے مظالم کی داستانیں دہرانے پر نہیں لگائی۔ آپ نے ماضی کی تلخیوں کو اپنی دعوت اور مستقبل کی تعمیر پر غالب نہیں آنے دیا۔

انہوں نے کہا کہ  اگر آپ ﷺ ہر وقت اپنے اور اپنے ساتھیوں پر ہونے والے مظالم کا ذکر کرتے رہتے اور لوگوں کے دلوں میں بدلے کے جذبات بھرتے رہتے تو کیا ایک نئے معاشرے کی تعمیر ممکن ہو پاتی؟ رسول اللہ ﷺ کی توجہ اس بات پر تھی کہ اختلاف اور تنازعے کو بڑھانے کے بجائے امن، تعاون اور ترقی کی بنیاد پر ایک نیا معاشرہ قائم کیا جائے۔دنیا کی تاریخ سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ قومیں اسی وقت ترقی کرتی ہیں جب وہ دنیا کے لیے فائدہ مند بنتی ہیں اور اس وقت زوال کا شکار ہوتی ہیں جب وہ دوسروں کے لیے بوجھ بن جاتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرآنِ مجید سمجھ کر پڑھنا چاہیے۔ محض الفاظ کی تلاوت کافی نہیں، بلکہ اس کے مفہوم پر غور کرنا اور اس کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں نافذ کرنا نہایت ضروری ہے۔مسلمان  قرآنِ مجید کے بارے میں فخر کا اظہار تو بہت کرتے ہیں، لیکن صرف اس فخر سے ہماری زندگیوں میں وہ تبدیلی نہیں آتی سکتی جس کی ہمیں ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی کامیابیوں سے سبق لینا چاہیے اور ناکامیوں کا جائزہ بھی لیتے رہنا چاہیے، لیکن ان میں ڈوب کر اپنا حال اور مستقبل برباد نہیں کرنا چاہیے۔قومیں صرف ماضی کے کارناموں پر فخر کرنے سے ترقی نہیں کرتیں۔ ان کی ترقی کا دارومدار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ آج کیا کر رہی ہیں، اپنے موجودہ مسائل کو کیسے حل کر رہی ہیں اور اپنے مستقبل کے لیے کیا تیاری کر رہی ہیں۔اس لیے ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرنا چاہیے، حال کی حقیقتوں کا سامنا کرنا چاہیے اور مستقبل کی تعمیر کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ہمیں اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا ہوگا، اپنے فکری تعصبات سے نکلنا ہوگا اور ایسے کام کرنے ہوں گے جو ہماری آنے والی نسلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔

 

محبت بانٹیں

0 Comments