اسلام میں عقیدے کی آزادی کا پورا احترام کیا جاتا ہے : ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی

نومبر 9, 2026

 

دنیا میں طاقت ور لوگوں نے ہمیشہ اپنے سے کمزور افراد پر جبر کیا ہے اور اپنی مرضی ان پر مسلط کرنے کی کوشش کی ہے۔ کمزور لوگوں کو ان کے بنیادی اختیارات سے محروم رکھا گیا۔ انہیں عقیدے کی آزادی حاصل نہیں رہی، یہاں تک کہ سوچنے اور سمجھنے کی آزادی بھی ان سے چھین لی گئی۔ طاقت ور گروہوں اور حکومتوں نے کمزور لوگوں پر اپنا حکم چلانے اور اپنی مرضی ان پر مسلط کرنے کی کوشش کی۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے انسانوں  کو آزادی اور اختیار عطا کیا ہے۔ انسان کو سوچنے، سمجھنے، غوروفکر کرنے، کسی بات کو اختیار کرنے یا اسے رد کرنے کا اختیار دیا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے کیا ۔ ’ عقیدے کی آزادی ، ملکی قوانین اور اسلامی تعلیمات ‘ کے موضوع پر جماعت کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اس اجتماع عام میں ملک کے آئین میں دی گئی عقیدے کی آزادی اور اس کے استعمال سے متعلق کئی اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔

اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی ہدایت کے لیے انبیائے کرام کو مبعوث فرمایا۔ انبیاء کی ذمہ داری یہی تھی کہ وہ لوگوں کو صحیح راستہ دکھائیں۔ لیکن انبیاء کا کام اللہ تعالیٰ کا پیغام صرف لوگوں تک پہنچا دینا ہے۔ اس پیغام کو قبول یا رد کرنا ہرانسان کے اپنے ارادے اور اختیار پر منحصر ہے۔

ہندوستان کے آئین میں دئے گئے بنیادی حقوق کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دستور کی دفعہ 25 میں کہا گیا ہے کہ تمام افراد کو آزادیِ ضمیر اور اپنے مذہب کو آزادانہ طور پر اختیار کرنے، اس پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کرنے کا حق حاصل ہے۔ اسی طرح دفعہ 26 کے تحت ہر مذہبی فرقے یا اس کے کسی طبقے کو مذہبی اور رفاہی ادارے قائم کرنے اور انہیں چلانے کا حق دیا گیا ہے۔ دفعہ 14 کے مطابق ہر شخص کو قانون کے سامنے مساوات اور قانون کے یکساں تحفظ کا حق حاصل ہے۔ جب کہ دفعہ 15 میں کہا گیا ہے کہ مذہب، نسل، ذات، جنس اور جائے پیدائش کی بنیاد پر کسی طرح کا امتیاز نہیں برتا جا سکتا۔اسی طرح دستور کی دفعات 29 اور 30 میں خصوصی طور پر اقلیتوں کے ثقافتی اور تعلیمی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔ ان دفعات کے تحت اقلیتوں کو اپنی زبان، رسم الخط اور ثقافت کے تحفظ کے ساتھ اپنے تعلیمی ادارے قائم کرنے اور انہیں چلانے کا حق حاصل ہے۔

ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ لیکن ان تمام حقوق کے با وجود ملک میں ایسے قوانین نافذ کئے گئے ہیں جو بنیادی حقوق کے خلاف ہیں۔ اس وقت ملک کی تقریباً تیرہ ریاستوں میں اس نوعیت کے قوانین نافذ ہیں۔انسداد تبدیلی مذہب قانون کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ظاہری طور پر تبدیلیِ مذہب مخالف قوانین کی بنیادی روح یہ ہے کہ طاقت اور جبر، دھوکے اور غلط بیانی، ناجائز لالچ یا مالی ترغیب اور شادی کا وعدہ کرکے کسی کا مذہب تبدیل نہیں کرایا جا سکتا ۔ جو شخص کسی دوسرے کا مذہب تبدیل کرانے کی کوشش کرے گا، خواہ وہ کوئی عام فرد ہو یا مذہبی رہنما، اسے قید کی سزا دی جا سکتی ہے اور اس پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ لیکن عملی طور پر اس قانون کا استعمال مسلمانوں کے خلاف کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کی سب سے بڑی خامی یہ ہے جس شخص پر یہ الزام عائد کیا جائے کہ اس نے کسی دوسرے کا مذہب تبدیل کرایا ہے، اسی کو یہ ثبوت پیش کرنا ہوگا کہ اس نے اس جرم کا ارتکاب نہیں کیا ہے ۔ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس نوعیت کے قوانین کا غلط استعمال اکثر ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی ایک مثال کرناٹک کی ہے۔ وہاں بعض افراد اسلامی لٹریچر تقسیم کر رہے تھے۔ ان کے خلاف یہ الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی گئی کہ وہ دوسروں کا مذہب تبدیل کرانے کے مقصد سے اسلامی لٹریچر تقسیم کر رہے تھے۔اس واقعے سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ قانون لوگوں کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسلام کی طرف بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے اور تبدیلیِ مذہب کے عمل پر قدغن لگانے کے لیے ان قوانین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ اس پس منظر میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اسلام کی اس سلسلے میں کیا تعلیمات ہیں؟ اسلام اس معاملے کو کس نقطۂ نظر سے دیکھتا ہے؟ اس کا موقف کیا ہے؟ قرآن مجید کی متعدد آیات اس موضوع کے حوالے سے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ درحقیقت اسلام کا بنیادی نقطۂ نظر قرآن میں واضح کر دیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر سورۂ بقرہ کی آیت نمبر 256 ہے:

لَا إِكْرَاهَ فِي الدِّينِ قَدْ تَبَيَّنَ الرُّشْدُ مِنَ الْغَيِّ

ترجمہ: ’’دین کے معاملے میں کوئی جبر نہیں ہے۔ ہدایت کا راستہ گمراہی کے راستے سے واضح کر دیا گیا ہے۔‘‘

یعنی مذہب کے معاملے میں کسی طرح کا جبر نہیں کیا جائے گا۔ سیدھا راستہ اور گمراہی کا راستہ دونوں واضح کر دیے گئے ہیں۔ اب کوئی شخص کون سا عقیدہ اختیار کرتا ہے اور کون سا مذہب قبول کرتا ہے، اس معاملے میں اس پر کوئی جبر نہیں کیا جائے گا۔یہ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک یہ ہے کہ مذہب کے معاملے میں کسی انسان پر جبر نہیں کیا جا سکتا۔ چنانچہ جبری تبدیلی مذہب کے معاملے میں مسلمانوں کو ماخوذ کرنا صریح بے انصافی ہے ۔اجتماع عام میں بڑی تعداد میں طلبہ و نوجوانوں نے شرکت کی ۔اجتماع میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی چلا ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

 

 

 

 

 

 

 

محبت بانٹیں

0 Comments