آن لائن گیمنگ بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے : فواز شاہین

اکتوبر 19, 2026

 

اس وقت ملک میں پچاس کروڑ سے زیادہ افراد آن لاین گیمنگ میں شامل ہیں۔ انٹرنیٹ اب صرف تفریح یا کاروبارکا ذریعہ نہیں رہ گیا ہے، بلکہ یہ لوگوں کے خیالات ، اظہاراورمعلومات کا ایک اہم وسیلہ بن چکا ہے۔اس لیے انٹرنیٹ کو ضابطے میں لانے والے قوانین کا جائزہ لیتے وقت آزادیٔ اظہار، شہریوں کی نجی زندگی کا تحفظ اور انٹرنیٹ تک رسائی کے حق کو بھی پیش نظررکھنا ضروری ہے۔ہندوستان میں آن لائن گیمنگ کو قانون کے دائرے میں لانے کو بھی اسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، جہاں ایک طرف ٹیکنالوجی کی ترقی اور ڈیجیٹل کاروبار کو فروغ دیا جا رہا ہے، تو دوسری طرف حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ پر موجود کنٹنٹ، گفتگو اور سرگرمیوں کی بھی سختی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار آئی ٹی قوانین کے ماہر ایڈوکیٹ فواز شاہین نے کیا ۔’ آن لائن گیمنگ ، ضابطہ کاری ،حقوق اور حقیقت ‘ کے موضوع پر مرکز جماعت اسلامی کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اجتماع عام میں آن لائن گیمنگ کے مضر اثرات اور اس کے سماجی پہلوؤں  پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ۔

موضوع سے متعلق ابتدائی باتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فواز شاہین نے  کہا کہ آج کا موضوع  آن لائن گیمنگ ہے، لیکن درحقیقت یہ مسئلہ صرف آن لائن گیمنگ تک محدود نہیں ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ ہندوستان میں ٹیکنالوجی، خاص کرانٹرنیٹ اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کو کس طریقے سے قانون کا پابند بنایا جا رہا ہے اور حکومت کس طرح اس کو اپنے کنٹرول میں لے رہی ہے ۔

فواز شاہین نے کہا کہ اگر ہم ان بنیادی باتوں کو سمجھ لیں تو یہ بات واضح ہو جائے گی کہ آن لائن گیمنگ اتنا بڑا اور اہم مسئلہ کیوں بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم صرف اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو ’ انٹرنیٹ اینڈ موبائل ایسوسی ایشن آف انڈیا ‘ کی گزشتہ سال کی سالانہ رپورٹ کے مطابق، 2025 کے اختتام تک ہندوستان میں تقریباً 95 سے 96 کروڑ انٹرنیٹ صارفین تھے۔ ان میں تقریباً 57 فیصد صارفین دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے گاؤں اور دیہی علاقوں میں ہی 50 کروڑ سے زیادہ انٹرنیٹ صارفین موجود تھے۔ ظاہر ہے کہ جس رفتار سے یہ تعداد بڑھ رہی ہے، ممکن ہے کہ جلد ہی یہ تعداد 100 کروڑ کی حد بھی پار کر جائے۔

فوازشاہین نے کہا کہ ان اعداد و شمار میں کچھ ایسے حقائق بھی سامنے آتے ہیں جو ہمارے عام تصورات کو چیلنج کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہندوستان میں تقریباً 44 فیصد انٹرنیٹ صارفین، یعنی لگ بھگ 40 سے 45 کروڑ افراد، باقاعدگی سے کسی نہ کسی شکل میں مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتے ہیں۔اس میں اے آئی چیٹ ٹولز کا استعمال، اے آئی کی مدد سے وائس سرچ کرنا، ویڈیو ایڈیٹنگ کرنا یا کسی دوسرے طریقے سے مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھانا شامل  ہے۔اسی طرح آن لائن گیمنگ کی بات کریں تو ہندوستان میں 51 کروڑ سے زیادہ افراد باقاعدگی سے آن لائن گیمز کھیلتے ہیں۔ظاہر ہے کہ یہ  کوئی چھوٹی موٹی صنعت نہیں ہے۔ عالمی سطح  پیمانے پر اس میں بہت بڑی رقم لگی ہوئی ہے اور یہ ایک وسیع کاروبار کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ ملک کی آبادی کا ایک بڑا حصہ اس کاروبار میں ملوث ہے ۔آن لائن گیمنگ کا کاروبار لوگوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کر رہا ہے۔اسی طرح UPI کا نظام تیار کیا گیا، جس نے ڈیجیٹل ادائیگیوں، آن لائن بینکنگ اور ای کامرس کے فروغ میں اہم کردار ادا کیاہے۔

ملک کےآئی ٹی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے فواز شاہین نے کہا کہ آئی ٹی سے متعلق قوانین کوسمجھنا انتہائی ضروری ہے۔ ہندوستان میں انٹرنیٹ سے متعلق قوانین پر نظر ڈالیں تو گزشتہ 10 سے 15 برسوں میں کئی اہم تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔سنہ 2000 میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ، یعنی IT Act نافذ کیا گیا تھا۔ اس وقت اس قانون میں نسبتاً محدود ضابطہ بندی کی گئی تھی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کو کچھ قانونی تحفظات بھی حاصل تھے۔ لیکن بعد کے دنوں میں ان قوانین میں کئی بنیادی ترامیم کر دی گیئں۔

آن لائن گیمنگ کے قانونی اور سماجی  پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے فواز شاہین نے سوال کیا کہ آن لائن گیمنگ قانون کا اصل مقصد کیا ہے؟ آن لائن  گیمنگ کے ذریعے لوگ صرف کھیل ہی نہیں کھیلتے بلکہ ایک دوسرے سے بات چیت بھی کرتے ہیں، خیالات کا تبادلہ کرتے ہیں اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔اس لحاظ سے آن لائن گیمنگ کا اپنا ایک سماجی اور مواصلاتی ماحولیاتی نظام (Ecosystem) ہے۔ اس لیے آن لائن گیمنگ کی ضابطہ بندی کو انٹرنیٹ پر نگرانی اور کنٹرول کی وسیع تر کوششوں کے تناظر میں بھی دیکھا جانا چاہیے۔آن لائن گیمنگ سے متعلق قانون میں کچھ دفعات ایسی ہیں جو تلاشی اور ضبطی (Search and Seizure) سے متعلق ہیں۔ان دفعات کے تحت کن حالات میں بغیر وارنٹ تلاشی لی جا سکتی ہے، کن دفاتر یا احاطوں کی تلاشی لی جا سکتی ہے اور کن حالات میں غیر قانونی آن لائن گیمنگ کی سرگرمیوں کے شبہے کی بنیاد پر کارروائی کی جا سکتی ہے۔

موجودہ آئی ٹی قوانین میں پائی جانے والی خامیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ آن لائن گیمنگ قانون بننے سے پہلےماہرین کے درمیان وسیع پیمانے پر گفتگو نہیں ہوئی۔قانون بن جانے کے بعد اب اسے سمجھنے اور سمجھانے کے لیے بحث جاری ہے۔ لیکن قانون بنانے سے پہلے جس طرح کے غور و فکر اور مشاورت کی ضرورت تھی، وہ تقریباً نہیں ہوئی۔ کچھ ریاستوں نے بھی اپنے طور پر ضابطہ بندی کے لیے قوانین بنائے تھے۔لیکن ان قوانین  کا بنیادی زور صرف آن لائن گیمنگ پر پابندی لگانے پر ہے یا اس کے ذریعے پورے سماج  پر حکومتی نگرانی اور کنٹرول کو مزید سخت کرنا ہے ۔

اپنے خطاب کے اختتام پر فواز شاہین نے کہا کہ اپنی بات ختم کرنے سے پہلے میں ایک ایسے مسئلے کا ذکر کرنا چاہوں گا جو ہندوستان میں انٹرنیٹ کے پھیلاؤ اور آئی ٹی قوانین کی صورت حال کو سمجھنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔حال ہی میں سپریم کورٹ نے انٹرنیٹ تک رسائی کے حق سے متعلق اپنے موقف کو دوہرایا ہے۔ سپریم کورٹ نے انٹرنیٹ تک رسائی کو آزادیٔ اظہار کے حق کے تناظر میں اہم قرار دیا ہے۔ اگر حکومت آئی ٹی قوانین کا استعمال آن لائن گیمنگ اور سائبر کرائم جیسے مسائل حل کرنے میں استعمال کرے تو اس کے مثبت نتائج فرد اور سماج پر دکھائی دیں گے ۔ مجھے امید ہے کہ مستقبل میں حکومت انٹرنیٹ اور آن لائن گیمنگ کے متعلق قوانین کا نفاذ دیانت ادری کے ساتھ کرے گی ۔اجتماع عام میں بڑی تعداد میں طلبہ و نوجوانوں نے شرکت کی ۔ جلسے میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی چلا ۔ جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

 

محبت بانٹیں

0 Comments