جماعت اسلامی ہند اصولوں کی علم بردار ایک تنظیم ہے جس کا عقیدہ و نظریہ تین اسلامی بنیادی تصورات یعنی اللہ کی وحدانیت و حاکمیت، رسالت اور آخرت پر مبنی ہے۔
٭ اللہ کی وحدانیت پر یقین، اسلام کا نقطۂ آغاز ہے۔ پوری کائنات کا خالق، زندگی کو اس کی تمام شکلوں میں پیدا کرنے والا اور پالنے والا صرف اللہ ہے۔
٭ اسلام یہ اعلان کرتا ہے کہ انسان زمین پر اللہ کا خلیفہ ہے، جسے اس دنیا میں اللہ کی عبادت کرنے اور زندگی کے تمام شعبوں میں اس کے احکام اور رہنمائی کو اختیار کرنے کی ذمے داری دی گئی ہے۔
٭ اللہ نے اپنے پیغمبروں ( انبیاء) کو نوع انسان تک حق بات پہنچانے کے لئے بھیجا۔ یہ انبیاء مختلف ادوار میں اسلام کی تعلیمات کو پھیلانے اور اس پر عمل کرنے کے لئے روئے زمین کے مختلف خطوں میں آئے۔ ان میں حضرت محمد ﷺ آخری نبی ( خاتم الانبیاء) ہیں۔ اللہ نے اپنا آخری پیغام قرآن کی شکل میں حضرت محمد ﷺ پر نازل کیا جنہوں نے اپنی زندگی اور عمل (سنت) کے ذریعے اسلام کا ایک بہترین نمونہ قائم کیا۔ رسول کی سنت کو قرآن مجید کے بعد اسلام کا دوسرا بنیادی ماخذ سمجھا جاتا ہے۔
٭ اللہ کی وحدانیت کے ساتھ ہی اسلام بنی نوع انسان کی وحدت کا تصور بھی پیش کرتا ہے۔ اسلام یہ ہمہ گیر تصور دیتا ہے کہ تمام انسان آدم و حوا کی اولاد ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی محض پیدائش، ذات، رنگ، قومیت، برادری یا زبان کی وجہ سے دوسرے سے افضل و برتر نہیں ہے۔ فضیلت اور عزت و برتری صرف تقویٰ، حسن اخلاق اور ایک اللہ کی اطاعت میں ہے۔
٭ اسلام کا پیغام آفاقی ہے اور اس کا تعلق پوری نوع انسانیت سے ہے، کسی خاص ذات برادری یا طبقے سے نہیں۔ لفظ ’مسلم‘ ہر اس شخص کےلیے بولا جاتا ہے جس نے خود کو اللہ کی مرضی کے تابع کرلیا ہو اور اسلام کے بتائے ہوئےراستے پر چلتا ہو۔
٭ اسلام صرف اس راستے کو کہا جاتا ہے جسے اللہ نے اپنے نبیوں کے ذریعے نوع انسان کو دکھایا۔ اسلام زندگی کا ایک متوازن اور جامع نظریہ پیش کرتا ہے اور یہ تمام شعبہ ہائے زندگی کا احاطہ کرتا ہے۔ وہ انسان کی روحانی اور مادی دونوں سطحوں پر مکمل رہنمائی کرتا ہے۔ لہٰذا انسانوں کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے تمام شعبوں میں اس کے بتائے ہوئے راستے کو اختیار کرنا چاہیے۔
٭ اسلامی تصور کے مطابق، حیات اس موجودہ زندگی (دنیاوی زندگی ) میں ہی ختم نہیں ہوجاتی، بلکہ اس زندگی کے بعد آخرت کی زندگی شروع ہوتی ہے جہاں انسان اپنے اعمال کا حتمی نتیجہ دیکھے گا۔ اس دنیا میں ہر مرد اور ہر عورت کو اچھائی و برائی میں سے جسے چاہے، چننے کی آزادی دی گئی ہے۔ جو لوگ ایک اللہ پر ایمان رکھتے ہیں اور اپنی زندگی کو اللہ کی ہدایت کے مطابق گزارتے ہیں، وہی دنیا اور آخرت میں حقیقی کامیابی حاصل کرنے والے ہیں۔
٭ اللہ نے ہر انسان کو اپنی مرضی سے جینے کی آزادی دے رکھی ہے۔ اس کے ذریعے وہ ان کا امتحان لیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایمان و عقیدے کے معاملے میں اسلام میں جبر و اکراہ کا کوئی تصور موجود نہیں ہے۔ جو لوگ بدی اور کفر کا راستہ اختیار کرتے ہیں، انہیں عذاب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
٭ اسلام میں انسانی زندگی اور اس کے وجود کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔ چنانچہ قرآن مجید میں فرمایا گیا: ’’ایک انسان کو ناحق اور جان بوجھ کر قتل کرنا تمام انسانوں کو قتل کرنے کے مساوی ہے‘‘۔
٭ اسلامی اقدار کو عملی جامہ پہنانے کے لیے، جماعت اسلامی ہند پُرامن وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستانی سماج تک اسلام کے عالم گیر پیغام کو پہنچانے کی کوشش کرتی ہے۔
٭ اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ اسلام کی تعلیمات اور موجودہ مسلم سماج کے طرز عمل میں بہت فرق ہے۔ جماعت اسلامی ہند ایک ایسے مسلم سماج کی تعمیر کے لیے کوشاں ہے جو اسلامی عقائد و اقدار کا عملی نمونہ ہو۔
٭ جماعت اسلامی ہند امن، رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے اور تشدد، نفرت اور فرقہ پرستی کے سخت خلاف ہے۔
٭ جماعت اسلامی ہند سماج میں عدل و قسط کے قیام کے لیے کام کرتی ہے اور ہندوستانی معاشرے کے مظلوم و پسماندہ طبقات کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔
٭ جماعت اس بات پر کامل یقین رکھتی ہے کہ ایک مثالی معاشرے کی تشکیل میں خواتین کا کردار مردوں کی مساوی اہمیت کا حامل ہے۔ اسی فکر و تصور کے سبب جماعت اپنے پروگراموں میں عام خواتین کو شامل کرنے کے لیے پہل کرتی رہی ہے اور ان کے حقوق و حیثیت کی بحالی کی بھرپور حمایت کرتی رہی ہے، جس کی اسلام میں بڑی ترغیب دی گئی ہے۔ اس کی ایک مثال رسول اللہ ﷺ کے ایک فرمان میں ملتی ہے کہ ’’علم حاصل کرنا ہر مسلمان (مرد اور عورت) پر فرض ہے‘‘۔
٭ جماعت اسلامی ہند موجودہ معاشرے میں رائج صنفی ناانصافیوں اور خواتین مخالف سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کرتی ہے، مثال کے طور پر خواتین کے ساتھ بدسلوکی، جنسی جرائم اور ہراساں کرنا، جہیز، گھریلو تشدد اور وراثت کے حقوق سے انھیں محروم کرنا وغیرہ کی جماعت سخت مخالف ہے۔




0 Comments