برٹش راج کے بارے میں کبھی کہا جاتا تھا کہ اس کی سلطنت میں کبھی سورج غروب نہیں ہوتا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اس کی نوآبادیاں دنیا کے مختلف حصوں میں پھیلی ہوئی تھیں۔ لیکن پہلی اور دوسری جنگ عظیم کے بعد عالمی طاقت کا مرکز بتدریج امریکہ منتقل ہو گیا۔ آج امریکہ کے بارے میں متعدد تجزیہ کار یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا امریکہ کو اب بھی دنیا میں سپر پاور کا درجہ حاصل ہے ؟ کیوں کہ اس کی صنعتی، عسکری اور پیداواری صلاحیتوں کو سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔ سیمی کنڈکٹرز، چپس، جہاز سازی ،اسلحہ سازی اور بعض اہم صنعتی شعبوں میں امریکہ کا حصہ پہلے کی نسبت کم ہوا ہے۔اسی طرح عسکری محاذوں پر اس کو سخت ہزیمت کا سامنا ہے ۔آج کی دنیا میں صرف فوجیوں کی تعداد یا جنگی طیاروں کی طاقت ہی جنگ کا فیصلہ نہیں کر رہی ہیں، بلکہ عزم، حکمت عملی، عوامی حمایت اور طویل مدتی مزاحمت بھی اہم عوامل بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے اسسٹنٹ سکریٹری ڈاکٹر رضوان رفیقی نے کیا ۔ ’ عالمی طاقت کا بدلتا توازن اور امریکی بالادستی کا مستقبل ‘ کے عنوان سے جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انقعاد کیا گیا ۔اجتماع عام میں مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں امریکی مداخلت اور فوجی حملوں کا جائزہ لیا گیا ۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان رفیقی نے کہا کہ روئے زمین پر مختلف زمانوں میں مختلف قومیں اور طاقتیں غالب رہی ہیں۔ تاریخ کا ایک بنیادی سبق یہ ہے کہ کوئی بھی ظالم یا غالب قوت ہمیشہ کے لیے تاریخ کے دھارے پر حکمران نہیں رہتی۔ عالمی بالادستی دراصل ایک بہتے ہوئے دریا کی مانند ہے۔ جو قومیں یا طاقتیں اپنے زوال کے آثار کو محسوس کرنے کے باوجود اپنی قوت کو دائمی اور لازوال سمجھنے کی غلطی کرتی ہیں، تاریخ بالآخر انہیں ماضی کے اوراق میں دفن کر دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم گزشتہ تین چار سو برس پہلے کے تاریخی تسلسل کا مطالعہ کریں تو ہمیں عالمی طاقت کے مسلسل زوال کی ایک داستان نظر آتی ہے۔اس تاریخی مطالعے سے کم از کم تین اہم باتیں سامنے آتی ہیں۔پہلی یہ کہ کوئی بھی قوم یا طاقت ہمیشہ کے لیے سپر پاور نہیں رہتی۔دوسری یہ کہ زوال کی ابتدا ہمیشہ کسی فوجی شکست سے نہیں ہوتی۔ اقتصادی کمزوری، سیاسی بحران، اخلاقی زوال، داخلی تقسیم اور تکنیکی پسماندگی بھی طاقت کے زوال کا سبب بنتی ہے۔تیسری بات یہ کہ زوال ایک یا دو دن یا دو سال میں مکمل نہیں ہوتا۔ بعض اوقات اس کے لیے دہائیاں بلکہ صدیاں درکار ہوتی ہیں۔ڈاکٹر رضوان رفیقی نے کہا کہ امریکہ دنیا کی سب سے بڑی فوجی قوتوں میں شامل ہے، لیکن تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ صرف فوجی طاقت ہمیشہ سیاسی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوا کرتی۔
دنیا کے مختلف خطوں میں امریکی فوجی مداخلتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویت نام کی جنگ، افغانستان میں طویل جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں مختلف فوجی مداخلتوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ آج کے دور میں صرف فوجی غلبے کے ذریعے سیاسی مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ جیسی سپر پاور کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔جدید جنگوں میں مہنگے اور پیچیدہ ہتھیاروں کے مقابلے میں سستے ڈرون، سائبر ٹیکنالوجی اور غیر روایتی جنگی حکمت عملیوں نے بھی طاقت کے تصور کو تبدیل کر دیا ہے۔جو یہ ثابت کرتی ہے کہ اب ایک کمزور قوت بھی محدود وسائل کے باوجود ایک طاقتور ملک کو غیر معمولی نقصان پہنچا سکتی ہے۔
فلسطین کے مسئلے نے طاقت کے روایتی تصور کو چیلنج کیا ہے۔تاریخ میں ایسے مواقع آئے جب عرب ممالک کی فوجیں اسرائیل کے ساتھ جنگوں میں ناکام ہوئیں، لیکن جدید دور میں ایک طویل مزاحمتی جدوجہد نے طاقت کے عدم توازن کے باوجود ایک بڑی فوجی قوت کو طویل عرصے سے سیاسی اور عسکری دباؤ میں رکھا ہے۔اسرائیل اور امریکہ کے ذریعے غزہ میں کی جانے والی نسل کشی کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر رضوان رفیقی نے کہا کہ غزہ میں ہونے والی تباہی اور انسانی بحران نے مغربی طاقتوں کے اخلاقی دعووں پر سوالات کھڑے کر دئے ہیں۔انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دعوے کرنے والی طاقتوں کے طرزِ عمل نےان کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ۔غزہ کی نسل کشی نے پوری دنیا کو جھکجھور کر رکھ دیا ہے۔ اس سانحے سے خصوصاً مسلم نوجوان متاثر ہوئے ہیں۔نوجوان نسل آج پہلے کے مقابلے میں زیادہ باخبر ہے۔ وہ جنگ، قتلِ عام اور انسانی بحران کو صرف اخبارات میں نہیں پڑھتی بلکہ براہِ راست ویڈیوز اور ڈیجیٹل ذرائع سے دیکھ بھی رہی ہے۔
خلیجی ممالک کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت خلیجی ممالک اپنی خارجہ پالیسیوں کو زیادہ خود مختار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔وہ صرف امریکہ پر انحصار کرنے کے بجائے مختلف عالمی قوتوں کے ساتھ تعلقات بڑھا رہے ہیں۔یہی تبدیلی عالمی طاقت کے توازن میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔آج کا عالمی توازنِ قوت ایک جگہ مستحکم نہیں ہے۔اس سے ایک بات واضح ہے کہ دنیا کا مستقبل اب مکمل طور پر یک قطبی نہیں ہوگا۔تاریخ ہمیں یہی سبق دیتی ہے کہ طاقت ہمیشہ منتقل ہوتی رہتی ہے۔کوئی سلطنت، کوئی قوم اور کوئی طاقت ہمیشہ کے لیے دنیا پر حکمرانی نہیں کرتی۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ ہماری دعا اور کوشش یہ ہونی چاہیے کہ عالمی طاقت کا یہ نیا توازن جنگ، خونریزی اور تباہی کے بجائے امن، انصاف اور انسانیت کے لیے استعمال ہو۔دنیا کے تمام ممالک کو یہ موقع ملے کہ وہ اپنے عوام کی ترقی، خوش حالی اور امن کے لیے کام کریں۔ طاقت کا مقصد دوسروں کو دبانا نہیں بلکہ انسانیت کے لیے بہتر مستقبل پیدا کرنا ہونا چاہیے۔ہمیں ایک ایسی دنیا کی تمنا کرنی چاہیے جہاں طاقت کے ساتھ انصاف ہو، ترقی کے ساتھ انسانیت ہو، اور اختلاف کے باوجود باہمی احترام اور امن قائم رہے۔اللہ تعالیٰ اس دنیا کو جنگ، ظلم اور خونریزی سے محفوظ رکھے اور انسانیت کو امن، انصاف اور باہمی خیر خواہی کی راہ پر گامزن فرمائے۔





0 Comments