اسلام جنگ نہیں امن کو ترجیح دیتا ہے : ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی

مئی 3, 2026

 

اسلام جنگ کو نہیں امن کو ترجیح دیتا ہے ۔اسلامی تعلیمات میں بنیادی حیثیت امن کو حاصل ہے ۔اسلام میں جنگ ایک عارضی حکم ہے ۔اگر جنگ جاری ہے اور مخالف صلح کی پیش کش کرے تو اس پیش کش کو فوری طور سے قبول کیا جائے گا ۔اسلام جارحانہ توسیع پسندی اور ملک گیری کی قطعی اجازت نہیں دیتا ۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند ، شریعہ کونسل کے سکریٹری اور معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے کیا ۔ ’ جنگ و امن  ، اسلامی تعیمات کی روشنی میں ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انقعاد کیا گیا ۔ جلسے کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے دین کے تصور جنگ و امن پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں جنگ ’ لاسٹ آپشن ‘ ہے جبکہ ’ فرسٹ آپشن ‘ امن کا ہے ۔ امن کی ضد فساد ہے ۔قرآ ن میں فساد پھیلانے والوں کے لیے سخت سزا ئیں تجویز کی گئی ہیں ۔قرآن میں فساد پھیلانے والوں کو ہر حال میں روکنے کا حکم دیا گیا ہے ۔اسلام امن و سلامتی کا علمبردار ہے ۔اسلام چاہتا ہے کہ روئے زمین پر امن قائم ہو اور اس پر بسنے والے سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔مشرق وسطیٰ کے موجودہ تناظر میں اپنی بات رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران ایک مظلوم ملک ہے ۔ اس کے ساتھ ظلم ہوا ہے۔ایران پر امریکہ اور اسرائیل نے اس وقت دھوکے سے حملہ کیا جب ایران نے بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی۔ اس کی اعلیٰ قیادت کو قتل کر دیا گیا۔یہ ظلم کی بدترین شکل ہے ۔ قرآن میں ظلم کے خلاف مظلوم کا ساتھ دینے کو کہا گیا ہے۔ مظلوم کی حمایت اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے ۔رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ اسلام تکثیری سماج کا خواہاں ہے ۔اسلامی نظام میں مختلف عقائد اور نظریات کے لوگوں کے لیے پوری آزادی ہے ۔اسلام کے مزاج میں امن و سلامتی ہے ۔انہوں نے صلح حدیبیہ  کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر صلح حدیبیہ کی شرائط یک طرفہ تھیں ۔لیکن آپؐ نے صرف امن کی خاطر اس معاہدے کو قبول کر لیا ۔اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امن کی خاطر دو قدم پیچھے ہٹنا پڑے تو اس سے گریز نہیں کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جب جنگ مجبوری بن جائے تبھی اس کی اجازت دی گئی ہے ۔ قرآن نے اس کے ساتھ یہ بھی شرط جوڑ دی ہے کہ جو تم سے جنگ کرے تم بھی اس کے ساتھ جنگ کرو اور زیادتی نہ کرو ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جنگ میں پہل کرنے سے اسلام نے روکا ہے ۔ فتح مکہ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فتح مکہ کے وقت رسول اللہ ﷺ نے جو نمونہ پیش کیا ، اس کی مثال پوری انسانی تاریخ میں نہیں ملتی ۔اس دن آپؐ نے اپنے بدترین دشمنوں کو معاف کردیا اور ان سے کوئی بدلہ نہیں لیا ۔آپؐ  نے جنگ کے میدان کو امن کا گہوارہ بنا دیا ۔اسلام اگر جنگ کی اجازت دیتا بھی ہے تو اس کی حدود کا تعین بھی کرتا ہے ۔اسلام کی جنگ اعلیٰ و ارفع مقاصد کے لیے ہے ۔اس کا بنیادی مقصد امن کا قیام ہے ۔اسلام کی ترجیحات میں جنگ کبھی شامل نہیں رہی ۔اس وقت اسلام کو دہشت گردی سے جوڑ کر اس کی تعلیمات کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ امن کے پیغام کوعام لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے ۔تاکہ جنگ و جدل سے پاک ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکے جہاں تمام افراد امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں ۔جلسے کے اختتام پر سیرت رسولؐ پر لکھی گئی قاضی عیاض المالکی کی مشہور عربی تصنیف ’ الشفا ‘ کا انگریزی ترجمہSEERTE NABWI ,panacea for Humankind  کا رسم اجرا عمل میں آیا ۔اس کتاب کی تلخیص اور ترجمہ وقار انور نے کیا ہے ۔ کتاب کو ’ دی بورڈ  آف اسلامک پبلیکیشنز ‘ نے شائع کیا ہے ۔

محبت بانٹیں

0 Comments