مولانا ابو اللیث اصلاحی ندویؒ
جماعت اسلامی کے بانی امیر مولانا ابو اللیثؒ کا دور امارت 1948 تا 1972 ہے۔ دو میقاتی وقفے کے بعد پھر ان کا انتخاب 1981 میں ہوا جو 1990 تک جاری رہا۔
مولانا کا پدری نام شیر محمد ہے مگر وہ (مولانا ) ابو اللیث کے نام سے مشہور ہوئے ۔ آپ کے والد کا نام توجہ حسین ہے۔ مولانا کی پیدائش 15 فروری 1913 کو یوپی کے ضلع اعظم گڑھ کے چاند پٹی میں ہوئی ۔ آپ نے اپنی تعلیم ملک کے دو مشہور اسلامی تعلیمی مراکز ندوۃ العلماء، لکھنو اور مدرسۃ الاصلاح، اعظم گڑھ سے حاصل کی، جہاں آپ نے کچھ سال تدریسی خدمت بھی انجام دی۔
مولانا 1944 میں جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد اپریل 1948 میں الٰہ آباد میں ارکان جماعت کا ایک دو روزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں جماعت اسلامی ہند کی تشکیل نو ہوئی جس کا امیر مولانا کو منتخب کیا گیا۔ وہ 1972 تک اس ذمہ داری کو بحسن و خوبی انجام دیتے رہے۔ پھر امارت کی یہ عظیم ذمہ داری مولانا محمد یوسفؒ کو تفویض کی گئی ۔ 1981 میں پھر سے انہیں امیر جماعت منتخب کیا گیا۔ اس مرتبہ انہوں نے اس ذمہ داری کو 1990 تک ادا کیا۔
مولانا ایک مقبول عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم قائد بھی تھے۔ ’مسلم مجلس مشاورت‘، ’مسلم پرسنل لاء بورڈ‘ اور یو پی کی ’دینی تعلیمی کونسل‘ کے قیام میں ان کا نمایاں کردار تھا۔ مولانا کی سیاسی بصیرت، دور رس نگاہ، تعلیمی مہارت، معاملہ فہمی اور ملک و ملت کے مسائل پر ان کے نقطہ نظر اور موقف کو سراہا جاتا۔ مولانا کی سادگی، پرہیزگاری اور صبرو تحمل کی مثال دی جاتی۔
مولانا صحافتی مزاج ٔ رکھتے تھے۔ انہیں اردو، عربی، ہندی، انگریزی اور فارسی پر دسترس حاصل تھی۔ صحافتی مزاج ہونے کے سبب جماعت کی قیادت سنبھالنے سے پہلے کئی جرائد کی ادارت بھی کی۔ اردو کے ماہانہ رسالہ ’ زندگی‘ میں ان کے اداریے صحافت کے یادگار حصے ہیں۔ وہ اسلامی تعلیمات کو پھیلانے اورامت مسلمہ کی اصلاح کے لیے عربی اور اردو زبانوں میں لکھا کرتے تھے۔ ان کی آخری کتاب ’’جماعت اسلامی کی تشکیل جدید: کیوں اور کیسے‘‘ میں تقسیم ہند کے بعد جماعت کے ارتقاء اور اس کی سرگرمیوں کے ایک بڑے حصے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ یہ ایک تاریخی دستاویز ہے۔ مولانا کی وفات 5 دسمبر 1990 کو اعظم گڑھ میں ہوئی ۔
مولانا محمد یوسفؒ
دور امارت 1972 تا 1981
مولانا محمد یوسف کی پیدائش 19 جنوری 1908 کو بانس بریلی، اترپردیش میں ہوئی۔ ان کے والد کا نام (مولانا) تفضل حسین ہے۔ مولانا محمد یوسف نے بی اے اکانومکس ( آنرس) الٰہ آباد یونیورسٹی سے کیا، پھر اسی یونیورسٹی سے معاشیات میں ایم اے ماسٹر اور ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ تعلیم کی تکمیل کے بعد انہیں الٰہ آباد ہائی کورٹ کے جج کا ریڈر مقرر کیا گیا۔ جب انہوں نے معروف عالم دین اور جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کا تحریکی پیغام سنا تو اس تنظیم میں شامل ہوگئے۔ 1946 میں انہیں جماعت کی رکنیت مل گئی۔ بعد ازاں مولانا یوسف نے سرکاری ملازمت ترک کرکے خود کو جماعت کے لیے وقف کردیا۔ پھر ایک ماہ کے اندر 1947 میں ’الانصاف‘ نامی ایک مشہور ہفت روزہ کا آغاز کیا اور خود اس کے بانی مدیر ہوئے۔
ملک کی تقسیم کے بعد’ جماعت اسلامی ہند ‘ کی تشکیل اپریل 1948 میں الٰہ آباد میں ہوئی ۔ مولانا محمد یوسف جماعت کی تشکیل کے لیے منعقد ہونے والی میٹنگ میں شریک تھے۔ اسی میٹنگ میں امیر جماعت اسلامی ہند مولانا ابواللیث اصلاحی ندوی نے انہیں جماعت کا پہلا قیم ( سکریٹری جنرل) مقرر کیا۔ بعد ازاں 1972 میں انہیں امیر جماعت اسلامی ہند منتخب کیا گیا جو 1981 تک یعنی مسلسل دو میقات تک امارت کی ذمہ داریاں سنبھالتے رہے۔
ان کے دور امارت میں دو اکل ہند اجتماعات، 1974 میں دہلی اور 1981 میں حیدر آباد میں منعقد ہوئے۔ اس کے علاوہ قرآن مجید کے تراجم کو ہندوستان کی 12 علاقائی زبانوں میں جاری کرنا اور ملک کی متعدد زبانوں میں بہت سے رسالے نکالنا اس دور کے اہم کاموں میں شامل ہے۔ 1963 میں قائم شدہ ’بورڈ آف اسلامک پبلی کیشنز‘، دہلی جس کے تحت انگریزی ہفتہ وار ’ ریڈیئنس‘ نکلتا تھا، مولانا اس کے فاؤنڈر پریسیڈنٹ تھے۔ انہوں نے جماعت کو مسلم دنیا بالخصوص عرب ممالک میں متعارف کرانے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ وہ ’رابطہ عالم اسلامی‘ اور ’عالمی مساجد کونسل‘ کی ورکنگ کمیٹی کے رکن تھے۔
’’ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت، دینی تعلیمی کونسل‘‘ کے قیام میں مولانا کی حصہ داری بہت اہم ہے۔
ان کے دور امارت میں ہی ملک میں 1975 سے1977 تک 21 ماہ کے لیے ایمرجنسی کے سیاہ دور کا سرکاری اعلان کیا گیا اور جماعت اسلامی ہند کو غیر قانونی تنظیم قرار دے کر متعدد اراکین جماعت کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا تھا نیز جماعت کے دفاتر سیل کردیے گئے۔ مولانا یوسف بھی جیل میں ڈالے گئے۔ وہ جیل سے ہی اراکین اور ان کے لواحقین کو مسلسل خطوط لکھ کر استقامت اور صبرو تحمل کی تلقین کرتے تھے ۔
مولانا کو عربی، انگریزی اور اردو زبانوں میں عبور حاصل تھا، ان تینوں زبانوں میں روانی سے بولنے اور لکھنے کی صلاحیت تھی۔ ان کی ایک معروف اردو کتاب ’’ یالیت قومی یعلمون‘‘ ان مشکل ادوار پرروشنی ڈالتی ہے جن کا سامنا جماعت اسلامی کو سابق پاکستانی صدر ذوالفقار علی بھٹو کو 1979 میں پھانسی کے بعد کرنا پڑا تھا ۔1982 میں وہ رام پور چلے گئے اور طویل علالت کے بعد 4 جولائی 1991 کو وہیں زندگی کی آخری سانس لی۔
مولانا محمد سراج الحسنؒ
دور امارت 1990 تا 2003
محمد سراج الحسن مرحوم کی پیدائش کرناٹک کے رائچور ضلع کے جوالگیرہ میں مارچ 1933 میں ہوئی۔ 1957 میں جماعت اسلامی ہند کے رکن بنے۔ انہوں نے 28 برسوں تک کرناٹک اور گوا کے امیر حلقہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں پھر 1984 میں نئی دہلی میں بطور سکریٹری منتخب ہوئے۔ 1990 میں مولانا ابو اللیث اصلاحیؒ کے انتقال کے بعد تقریبا نصف سال تک قائم مقام امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں انہیں جماعت کا امیر منتخب کیا گیا۔ وہ مسلسل تین میقات یعنی 2003 تک امارت کی ذمہ داری ادا کرتے رہے۔ مولانا نے ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مستحکم کرنے میں فعال کردار ادا کیا۔ انہوں نے بین مذاہب رہنماؤں اور گروؤں کے درمیان تعلقات بنانے کی جو نمایاں خدمات انجام دیں، وہ تاریخی اہمیت کی حامل ہیں ۔
ان کے دور امارت کے دوران (1992-93) بابری مسجد انہدام اور پھرفرقہ وارانہ فسادات بھڑکنے کے واقعات میں شدت آگئی تھی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند نے جمہوریت اور ہندوستان میں مختلف طبقوں کے درمیان پُر امن بقائے باہم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک ملک گیر مہم شروع کی، جس کے لیے ’فورم فار ڈیموکریسی اینڈ کمیونل ایمیٹی‘ (FDCA) کی تشکیل کی گئی۔ اس فورم میں ممتاز شخصیات جیسے وی ایم تارکنڈے (چیئرمین)، سابق خارجہ سکریٹری مچھ کنڈ دوبے، سابق سپریم کورٹ جسٹس وی آر کرشنا ائیر، آریہ سماج کے سوامی اگنی ویش اورمعروف صحافی کلدیپ نیر سمیت جماعت اسلامی ہند کے رہنما شامل تھے۔
مولانا کے دور امارت میں ہی ( 1998تا 1999) جماعت اسلامی ہند نے مرکزی موضوع ’اللہ کی طرف دوڑو‘ کے عنوان پر ملک کے پانچ نمایاں شہروں الٰہ آباد ( یو پی )، مرشدآباد (مغربی بنگال)، ممبئی (مہاراشٹر)، بنگلور( کرناٹک) اور کالی کٹ ( کیرالہ) میں علاقائی کانفرنسوں کا انعقاد کیا، جس میں 20 لاکھ سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔
مولانا نے مسلمانوں کو متحد کرنے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سخت جدو جہد کی۔ اپنے اس مقصد کی تکمیل کے لیے وہ ’’آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، ’آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت‘ اور ’بابری مسجد کو آرڈی نیشن کمیٹی‘‘ میں ہمہ وقت سرگرم رہتے تھے۔ 87 سال کی عمر میں 2 اپریل 2020 کو رائچور میں اپنے گھرسے ملک عدم کے لیے رخت سفر باندھا ۔
ڈاکٹر عبد الحق انصاریؒ
دور امارت 2003 تا 2007
نامور اسلامی اسکالر ڈاکٹر محمد عبد الحق انصاری یکم ستمبر 1931 کو اترپردیش کے دیوریا ضلع کے تمکوہی گاؤں میں پیدا ہوئے۔ درسگاہ اسلامی رامپور سے عالمیت کی تکمیل کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے علی گڑھ گئےاور’ اے ایم یو‘ سے 1957 میں بی اے ( عربی ) اور 1959 میں اسی یونیورسٹی سے فلسفہ میں ایم اے اور پھر 1962 میں یہیں سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کیا۔ انہوں نے 1972 میں ہارورڈ یونیورسٹی، امریکہ سے ایم ٹی ایس ( Comparative Religion and Theology) کی ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ وہ جامعہ اسلامیہ شانتا پورم، کیرالہ کے چانسلر بھی رہے۔ 1965 تا 1978 وشو بھارتی یونیورسٹی میں شعبۂ عربی، فارسی اور اسلامیات کے پروفیسر اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ بھی رہے۔ 1978 تا 1981 سوڈان یونیورسٹی میں، پھر 1982 تا 1985 ظہران یونیورسٹی اور 1985 تا 1995 امام محمد بن سعود یونیورسٹی، ریاض، سعودی عرب میں اسلامیات کی تدریسی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے بین الاقوامی اور قومی کانفرنسوں میں بہت سے مقالے بھی پڑھے۔
ڈاکٹر انصاری نے اردو اور انگریزی میں ایک درجن سے زیادہ کتابیں لکھیں۔ ان کی ایک کتاب ’’صوفی ازم اور شریعہ‘‘ تصوف اور شریعہ افکار کی تشریح کے لئے ایک بہترین کتاب ہے جس میں خاص طور پر شیخ احمد سرہندی اور شاہ ولی اللہ کے افکار میں ہم آہنگی، تطبیق و ترکیب پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ اسلامی تاریخ میں علم کلام، تصوف و فقہ سے ان کی گہری وابستگی کے سبب پروان چڑھا۔ ’مسکویہ‘ کے فلسفہ پر ان کی ایک کتاب اور این تیمیہ کے فتاویٰ کا، تعارف کے ساتھ انگریزی ترجمہ، ان کے شاہکار ہیں۔ عربی زبان کو پڑھنے و سیکھنے والے مبتدیوں کے لیے ان کی ایک کتاب ’’Learning the Language of Quran‘‘ انگریزی میں عمدہ کتاب ہے۔ 1965 میں معروف اسلامی فلسفی ابو نصر فارابی کے بارے میں ان کی ایک کتاب
’The Moral Philosophy of al-Farabi‘ منظر عام پر آئی۔ یہ کتاب فلسفۂ فارابی کو جاننے کے لئے اہم کتاب ہے۔
ڈاکٹر انصاری نے اسلامی اکیڈمی قائم کی۔ اس اکیڈمی کا مقصد یہ تھا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل افراد کو مدرسہ کے نصاب کی بنیاد پر اسلامی علوم کی تعلیم دی جائے۔
مولانا جلال الدین عمریؒ
دور امارت 2007 تا 2019
معروف اسلامی اسکالر، مصنف اور خطیب مولانا سید جلال الدین عمری 1935 میں تامل ناڈو کے شمالی آرکوٹ ضلع کے ایک گاؤں پُٹگرام میں پیدا ہوئے ۔ وہ مسلسل تین میقات 2007 تا 2019 جماعت اسلامی ہند کے امیر رہے۔ انہوں نے دارالسلام، عمرآباد، تمل ناڈو سے عالمیت اور فضیلت مکمل کی۔ مدراس یونیورسٹی سے فارسی میں منشی فاضل کی سند حاصل کی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی اے ( انگریزی) کیا۔
مولانا عمری دور طالب علمی میں ہی جماعت اسلامی ہند سے وابستہ ہوگئے تھے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد خود کو جماعت کے تحقیقی شعبے کے لیے وقف کردیا۔ 1956 میں باضابطہ طور پر جماعت کے رکن بن گئے۔ ایک دہائی تک علی گڑھ میں امیر مقامی کے طور پر خدمات انجام دیں۔ جون 1986سے دسمبر 1990 تک معروف اردو ماہانہ رسالہ ’’ زندگی نو‘‘ کے مدیر رہے۔ پھر جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر مقرر ہوئے۔ اس ذمہ داری کو1990 سے 2007 تک مسلسل نباہتے رہے۔
ایک عالم دین کے طور پر انہیں عالمی سطح پر شہرت حاصل تھی۔ ان کی تصانیف اور کتابیں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ مولانا ’آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ‘ کے نائب صدر اور جماعت اسلامی ہند کی شریعہ کونسل کے چیئرمین بھی رہے۔ نیز وہ معروف اسلامی درس گاہ ’جامعۃ الفلاح‘ اعظم گڑھ، یوپی کے وائس چانسلر اور ’سراج العلوم ویمن کالج‘ علی گڑھ، یوپی کے سربراہ اعلیٰ بھی رہے۔ اس کے علاوہ بھی بہت سے معروف اسلامی اداروں کے بورڈ میں شامل تھے۔ مولانا 1982 سے ایک سہ ماہی اسلامی تحقیقی مجلہ ’ تحقیقات اسلامی‘ کے بانی ایڈیٹر تھے ۔
مولانا عمری کی وفات 26 اگست 2022 کو بروز جمعہ تقریبا 8.30 بجے شام، نئی دہلی کے ’الشفا‘ اسپتال میں ہوئی۔
مولانا عمریؒ نے اردو زبان میں چار درجن سے زائد کتابیں لکھیں اور مختلف جرائد و رسائل میں اسلامی عقائد، اسلامی فقہ، دعوت اسلامی، معاشرتی نظام، حقوق انسانی، عصری چیلنجوں اور سیاسی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر سینکڑوں تحقیقی مضامین لکھے۔ وہ بہترین خطیب بھی تھے۔ ان کے خطابات علمی اور پُر مغز ہوا کرتے تھے۔ ان کی بہت سی تقریریں جماعت اسلامی ہند کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہیں۔ ان کی تصنیف کردہ کتابوں کی ایک لمبی فہرست ہے جن کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا جا چکا ہے جیسے عربی، انگریزی، ترکی، ہندی، ملیالم، کنڑ، تیلگو، مراٹھی، گجراتی، بنگلہ اور تمل وغیرہ۔
ان کی چند معروف کتابیں حسب ذیل ہیں :
1۔ انسانی مسائل کا اسلامی حل۔
2۔ معروف و منکر ۔
3۔ اسلام کی دعوت ۔
4۔ عورت اور اسلام ۔
5۔ مسلم خواتین کی ذمہ داریاں۔
6۔ مسلمان عورت کے حقوق اور ان پر اعتراضات کا جائزہ۔
7۔ خدا کی غلامی، انسان کی معراج۔
8۔ اسلامی اخوت اور اس کے تقاضے۔
9۔ کمزور اور مظلوم اسلام کے سائے میں۔
10۔ اسلام ایک دینِ دعوت۔
11۔ ہندوستان کے موجودہ حالات، مسائل اور حل۔
12۔ مسلم وومن اینڈ ایکونومک انٹرپرائز۔
13۔ اسلام میں خدمت خلق کا تصور۔




0 Comments