حفظان صحت اور امن عامہ کے تعلق سے مدنی معاشرہ مثالی تھا , جماعت اسلامی کے میڈیا ہال میں ’ سیرت البنی کے نایاب اور انوکھے پہلو ‘ کے موضوع پر خطاب عام

ستمبر 7, 2025

 

سیرت رسولﷺ کے ایسے ان گنت پہلو ہیں جسے نئی نسل کے سامنے از سر نو پیش کی ضرورت ہے۔ خاص طور پر اسلامی ریاست کی تشکیل میں جو باتیں تبدیلی کا سبب بنی ان پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری اور ماہ نامہ زندگی نو کے مدیر مو لانا محی الدین غازی نے کیا ۔ ’ سیرت النبی کے نایاب اور انوکھے پہلو ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی مرکز کے میڈیا ہال میں منعقد ہونے والے ہفتہ واری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےمو لانا محی الدین غازی نے سیرت النبی ان گوشوں پر روشنی ڈالی جو عام نگاہوں سے پوشیدہ رہتے ہیں ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سیرت النبی کے نایاب اور انوکھے پہلو سے مراد یہ ہے کہ سیرت کے ان گوشوں پر نظر ڈالی جائے جن پر بہت کم بات ہوتی ہے ۔مدینہ ہجرت کے بعد اسلامی سماج میں جو نئی اور انوکھی تبدیلیاں آئیں ان پر غور کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ رسولؐ نے مدینہ میں جس نئے سماج کو تشکیل دی اس کا تصور اس زمانے میں نہیں کیا جا سکتا تھا ۔ نیا مدنی معاشرہ اخلاقی اعتبار سے نہایت بلند ، گناہوں سے پاک اور  بے مثال تھا ۔ریاست مدینہ کی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے مولانا محی الدین غازی نے کہا کہ حفظان صحت کے اعتبار سے مدینہ ایک مثالی سماج تھا ۔خود رسول اللہﷺ اپنی صحت اور غذا کے تعلق سے کافی محتاط تھے ۔ مدنی معاشرہ میں بیماریوں کا ذکر بہت کم ملتا ہے ۔اس کا  اندازہ اس بات لگایا جا سکتا ہے کہ حفظان صحت کے تعلق سے مدنی معاشرے میں ایک عام بیداری پائی جاتی تھی ۔مدنی معاشرے میں امن عامہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن عامہ کے پہلو سے یہ ایک انوکھا سماج تھا ۔ایسا تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ ایک ریاست کی تشکیل میں نہ تو کسی قسم کی خونریزی ہوئی اور نہ ہی کوئی تصادم ہوا ۔اسلامی ریاست میں لوگوں کی جان و مال ، عزت و آبرو پوری طرح سے محفوظ تھی۔ نبوی دور کا مدنی معاشرہ جرائم سے تقریباً  پاک تھا ۔اس مثالی معاشرے میں زنا بالجبر کا ایک بھی واقعہ نہیں ملتا ہے۔اسلام نے سزا سے زیادہ سزاؤں کے اسباب پر روک لگانے پر زور دیا ہے۔عام طور پر جب کسی ریاست کی بنیاد بڑتی ہے تو بڑے پیمانے پر خونریزی ہوتی ہے ۔لیکن اللہ کے رسولؐ نے مدینے کے تمام طبقات کو اعتماد میں لیکر ایک پر امن ریاست کی بنیاد ڈالی ۔ہجرت کے بعد مدینہ کے تمام قبیلوں اور گروہوں نے نئی ریاست میں شمولیت اختیار کی ۔غلامی کی لعنت پر بولتے ہوئے محی الدین غازی نے کہا کہ اسلام نے سب سے پہلے غلامی کے خلاف آواز اٹھائی ۔اسلام نے ایک ایسی تحریک برپا کی جس میں انسانوں کی غلامی کے لیے کوئی جگہ نہ تھی ۔ اس تحریک نے بڑے پیمانے پر غلاموں کو آزاد کرنے کا جذبہ پیدا کر دیا ۔نبوی دور میں مدینے کا معاشرہ غلامی پاک ہو چکا تھا ۔معاشی نظام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبوت کے آخری دور میں مدنی معاشرہ معاشی طور پر خود کفیل ہو گیا تھا ۔مدینے سے غربت اور مفلسی کا عملاً خاتمہ ہو چکا تھا ۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اللہ کے رسولؐ نے مدینہ کو معاشی طور پر خود کفیل بنا دیا تھا اور مقامی تجارت کو فروغ دینے کے لیے مدینہ مارکیٹ قائم کیا تھا۔اپنے خطاب کے آخر انہوں نے کہا کہ جو لوگ اسلامی ریاست کے تصور کا مذاق اڑاتے ہیں ۔اس کے تعلق سے غلط بیانیہ قائم کرتے ہیں ، ان کو سیرت النبیؐ کا مطالعہ ان زاویوں سے کرنے کی ضروت ہے ۔خطاب کے بعد سوال جواب کا سلسلہ چلا ۔اجتماع میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔ پروگرام کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

محبت بانٹیں

0 Comments