سیرت رسول ؐ  کے فریم ورک میں مسائل حل کرنے کی کوشش کریں :ڈاکٹر خان یاسر

ستمبر 20, 2026

 

اس وقت دنیا میں اندھیرا ہی اندھیرا ہے، ظلمتوں  کی کیفیت ہے طاری ہے، یہ تاریکی ہر میدان میں طاری ہے ۔ ایسے میں ہر شخص حیران ہے و پریشان ہے۔ روشنی کے لیے سرگرداں ہے ۔ کوئی فلسفے کے ذریعے روشنی تلاش کر رہا ہے، کوئی وہم و گمان ، اوہام و خرافات کی آگ جلا کرروشنی ڈھونڈنے کی کوشش کررہا ہے۔ کوئی ٹیکنالوجی کا چاند روشن کرکے روشنی کی تلاش کررہا ہے، لیکن یہ روشنی نہیں مل رہی ہے۔ کیونکہ روشنی کا جو منبع ہے، جو سرا ہے، جس کے ذریعے روشنی حاصل ہوگی وہ سراج منیر صلی اللہ علیہ وسلم ہے کی ذات اقدس ہے ۔اللہ اور اس کے رسول ؐ سے تعلق  توڑ کر، اس سے بے نیاز ہو کر انسان جب جب روشنی حاصل کرنے کی کوشش کرے گا تواسے صرف اور صرف اندھیرا ہی ملے گا ۔ان خیالات کا اظہار ’ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز اینڈ ریسرچ دہلی ‘ کے لکچرار اور اسلامی اسکالر ڈاکٹر خان یاسر نے کیا ۔’ دنیا کے اندھیرے ، شمع رسالتؐ اور ہم ‘ کے موضوع پرمرکز جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس اجتماع میں طلبہ و جوانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی۔

اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خان یاسر نے سیرت رسولؐ کو موجودہ عالمی تناظر میں پیش کیا ۔ انہوں نے دنیا کے موجودہ مسائل کو تاریکی سے تعبیر کیا اور کا حل قرآن اور سیرت رسولؐ کی تعلیمات میں بتایا ۔انہوں نے کہا کہ قرآن نے منصب رسالت کو ایک مشن قرار دیا ہے ۔رسول ؐ کا منصب رسالت ایک عالمی مشن ہے۔اب امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مشن کو آگے بڑھائے ۔ڈاکٹر خان یاسر نے کہا کہ دنیا میں پائی جانے والی تاریکیوں کے تین مختلف  ڈائمینشنز ہیں۔ پہلا اس وقت دنیا کو کلائمیٹ چینج کا ایک بڑا مسئلہ درپیش ہے جو دنیا کا درجہ حرارت بڑھا رہا ہے۔ سطح سمندر مسلسل  بڑھ رہی ہے۔ گلیشیئرز پگھل رہے ہیں ۔جس کے نتیجے میں ابھی نیپال میں جو تباہ کن سیلاب آیا وہ ہمارے سامنے ہے۔ ماحولیاتی آلودگی  کا جو مسئلہ ہے وہ بھی ہم سب کے سامنے ہے۔ ہوا ، پانی ، مٹی ، ہر چیز آلودہ  ہو گئی ہے۔ دوسرا یہ کہ اگر ہم دیکھیں تو اکنامک ڈارکنس یا معاشی اندھیرا ہے ۔پوری دنیا میں پھیلی غربت ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔دنیا میں بہت سارے لوگ کھانے سے محروم ہیں، روٹی کپڑا اور مکان کی ضروریات پوری نہیں ہو پارہی ہیں۔ صحت اور تعلیم کے بہت سارے چیلنجزہیں۔ لوگ اپنی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔ وہیں دوسری طرف بہت سارے لوگ ایسے ہیں جو اتنا کھانا کھا رہے ہیں کہ ان کوموٹاپے کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ ان کے مہنگےعلاج کئے جا رہے ہیں تااکہ ان کے جسم سے چربی کم کی جائے ۔بے روزگاری  اور مہنگائی ایک سنگین  مسئلہ بن چکی ہے ۔ تیسرے اندھیرے کا ذکرکریں تو یہ سیاسی اندھیرا ہے۔اس وقت کئی طرح کے پولیٹیکل چیلنجز ہمارے سامنے ہیں۔ دنیا  کے کئی خطوں میں جنگ جاری ہے ۔ یہ جنگیں اب زیادہ خطرناک اس لیے ہو گئی ہیں کہ حکومتوں کے پاس  نیوکلئرطاقت موجود ہے ۔ جو  دو چار بٹن دبا کر پوری دنیا کو ختم کر سکتی ہیں۔ پوری دنیا میں ایک استحصالی ورلڈ آرڈر جاری ہے۔ امریکہ جیسے ممالک جو اپنے آپ کو انصاف،آزادی اورجمہوریت کا علمبردار کہتے ہیں وہ اسرائیل جیسے جینوسائیڈل قوت کی پشت پناہی کر رہے ہیں ۔ اس وقت ہم اتنے سارے اندھیروں سے گھرے ہوئے ہیں۔ ایسے میں ہماری ذمہ داری ہے کہ وہ مسائل کے حل جو ہمارے پاس موجود ہیں ہم ان کو دنیا کے سامنے پیش کریں ۔

رسول اللہ ﷺ کی سیرت کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر خان یاسر نے کہا کہ  اللہ کے رسولؐ کی شخصیت حق معیار ہے۔ جب ہم  کہتے ہیں کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے ہمیں دنیا کے ہر مسئلے کا حل ملتا ہے تو اس سے ہماری مراد یہ ہوتی ہے جب بھی رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پڑھی جائے گی تو وہاں پر ہمیں عملی نمونے ملیں گے جن سے ہمارے بہت سے مسئلے حل ہو جائیں گے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے جو دین پیش کیا اس کے مطابق اللہ ہی فرمانروا ہے اور دنیا پر اسی کا حکم  چلنا چاہیے ۔ بندے کا اللہ سے تعلق جذباتی اورذاتی سطح پر ہونا چا ہئے ۔ قرآن ، سیرت اور احادیث کو فریم ورک کہہ سکتے ہیں۔ قرآن نے جب اللہ کے رسول کو اسوہ حسنہ  کہا ہے تو ہم سیرتؐ کو  فریم ورک کے طور پر دیکھیں۔اسی کے مطابق اپنے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں ۔ اسی کے ذریعے زندگی کے مختلف نتائج اخذ کریں گے۔ اس کے ذریعے ہم اپنی شخصیت کی تعمیر کریں گے۔ یقیناً یہ ایک بڑا  کام ہے۔یہاں جو اہل علم بیٹھے ہیں، جو طلبہ بیٹھے ہیں جنہوں نے اسلام کی خدمت کرنے کو اپنا زندگی کا مقصد بنایا ہے، وہ اس نکتے پر غور کریں۔ ہمیں اس بات پر غور کرنا ہے کہ دنیا کے مسائل کو سیرت رسول ؐ کی روشنی میں کس طرح سے حل کیا جا سکتا ہے ۔یہ ایک فریضہ ہے جو ہم میں سے ہر ایک کو انجام دینا ہے اور ہر فرد کی ذمہ داری ہے جس سے کسی کو مفر نہیں ہے۔ ہر انسان کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ وہ قرآن ، سیرتؐ  اور حدیث سے اپنے آپ کو ذاتی طور پر وابستہ کرنے کی کوشش کرے۔

محبت بانٹیں

0 Comments