قربانی کا مقصد اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے : رضی الاسلام ندوی

جون 7, 2026

 

مرکز جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔’ عید قربان ، رسم سے روح تک ‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس اجمتاع عام کو جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری اور معروف اسلامی اسکالر مولانا رضی الاسلام ندوی نے خطاب کیا ہے ۔اپنے خطاب میں مولانا رضی الاسلام ندوی نے قربانی کا مقصد اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سیرت پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں جواعمال فرض کئے گئے ہیں پہلے ان کی حقیقی روح اور مقصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ اعمال کے معاملے میں عام طور پر لوگ  ظاہری چیزوں پر زیادہ زور دیتے ہیں ، جسکی وجہ سے عبادت کا اصل مقصد فوت ہو جاتا ہے ۔ انہیں میں سے عید الاضحیٰ کے موقع پر ہونے والی قربانی کا عمل بھی شامل ہے ۔ قرآن کی روشنی میں انبیا کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے مولانا رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ انبیا کی تاریخ میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے ۔قرآن نے حضرت ابراہیم کی دعوت اور ان کی عظیم الشان قربانی کو خصوصی اہمیت کے ساتھ بیان کیا ہے ۔ انبیا کی تاریخ میں حضرت ابراہیم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی نسل سے کئی جلیل القدر  پیغمبر گزرے ہیں ۔خود رسول اللہ ﷺ کا تعلق حضرت ابراہیم کے سلسلے سے ہے ۔اسی لیے حضرت ابراہیم کو آدم ثالث بھی کہا جاتا ہے ۔دنیا کے تین بڑے مذاہب یہودیت ، عیسائیت اور اسلام کا براہ راست تعلق حضرت ابراہیم سے ہے ۔ان تینوں مذاہب کے ماننے والےحضرت ابراہیم کو اپنا جد مانتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم کو متعدد آزمائشوں سے گزارا ۔اللہ کی رضا کے لیے انہوں نے اپنا وطن چھوڑ کر ہجرت کی ۔ان کو آگ میں ڈالا گیا ۔اللہ کی خوشنودی کے لیے اپنے بیٹے اسماعیل کی قربانی ان کا سب سے بڑا کارنامہ ہے ۔حضرت ابراہیم کی دی ہوئی قربانی کا عمل قیامت تک جاری رہے گا۔قربانی ایک ایسا عمل ہے جو صرف اللہ کی خوشنودی اور اس کی رضا حاصل کرنے کے لیے ہے ۔انہوں نے کہا کہ قربانی کا عمل قرآن اور سیرت رسولؐ سے ثابت ہے ۔چنانچہ جو لوگ قربانی کے مسئلے پر سوال اٹھاتے ہیں وہ در اصل قرآن و سنت کی تعلیمات سے نا واقف ہیں ۔ فقہی اعتبار سے قربانی کے مسائل میں جزوی اختلاف ہو سکتا ہے ۔لیکن قربانی کے عمل پر پوری امت کا اتفاق ہے ۔ہر صاحب نصاب کو قربانی ضرور کرنی چاہئے ۔مولانا رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ مسلمان قربانی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں ۔لیکن اس میں دکھاوا اور غیر ضروری اسراف قطعاً جائز نہیں ہے ۔قرآن نے واضح کر دیا ہے کہ قربابی کا گوشت اور خون اللہ کو نہیں پہنچے گا صرف تقویٰ ہی بار گاہ خدا وندی میں قابل قبول ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے ساتھ تین باتوں کو ہونا ضروری ہے ۔نیت ، ایثار  اور اطاعت ۔قربانی کے عمل میں ان تینوں جذبوں کا ہونا نہایت ضروری ہے ۔عید الاضحیٰ کے موقع پر ہونے والی قربانی سے انسان کے اندر ایثار کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔ اپنی قیمتی چیز کو اللہ کی راہ میں قربان کردینا ہی اصل اطاعت ہے ۔قربانی کے مقاصد میں انسانیت اور خیر سگالی کا جذبہ بھی شامل ہے ۔قربانی کا گوشت مساوی طور پر تقسیم کرنا  چاہئے۔گوشت کا بہترین حصہ ضرورت مندوں اور مساکین تک پہنچانا چاہئے تاکہ قربانی کے نعمتوں سے کوئی فرد محروم نہ رہ جائے ۔اجتماع عام میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔خطاب کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ چلا ۔شرکا نے قربانی سے متعلق کئی اہم سوال کئے ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

محبت بانٹیں

0 Comments