
مرکز جماعت اسلامی ہند میں5-6 جولائی 2025 کو ایک تربیتی ورک شاپ ائمہ مساجد منعقد ہوا – اس میں ملک کی تمام ریاستوں سے ایک سو بیس(120) ائمہ شریک ہوئے – ملک میں جماعت اسلامی ہند کی کئی ہزار مساجد ہیں – ہر ریاست سے کچھ ائمہ کو منتخب کرکے ان کو اس اجتماع میں مدعو کیا گیا تھا۔
افتتاحی اجلاس کے آغاز میں ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے ورک شاپ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی ، پھر مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نائب امیر جماعت کا کلیدی خطاب ‘مساجد کا ہمہ جہت کردار’ کے عنوان پر ہوا – انھوں نے فرمایا کہ آج کل مساجد میں پنج وقتہ اور جمعہ کی نمازوں کے علاوہ کوئی سرگرمی نہیں انجام دی جاتی ، بلکہ نماز کے بعد فوراً انہیں بند کردیا جاتا ہے ، جب کہ اللہ کے رسول ﷺ کے زمانے میں اور ابتدائی صدیوں میں بھی مساجد میں بہت سے تعلیمی و تربیتی ، سماجی اور رفاہی کام انجام دیے جاتے تھے – انھوں نے تفصیل سے بتایا کہ موجودہ دور میں مسجد میں نمازوں کے علاوہ مسلمانوں کی تعلیم و تربیت کے اور کون کون سے پروگرام چلائے جاسکتے ہیں ؟
مولانا محی الدین غازی سکریٹری تصنیفی اکیڈمی نے ‘امام و خطیب کی شخصیت کے ارتقاء کے چند پہلو’ کے عنوان سے خطاب کیا – انھوں نے فرمایا کہ امام مرکزی مقام (مسجد) کی مرکزی شخصیت ہوتا ہے – اسے اپنے مقام کو پہچاننا چاہیے اور ایسا بننا چاہیے کہ نمازیوں کی شرعی و فقہی رہ نمائی کرسکے ، لوگوں سے مضبوط رابطہ رکھے ، ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے دوسروں سے سفارش کرسکے ، ان کے تنازعات رفع کرسکے اور وقت ضرورت ان کی کونسلنگ کرسکے –
کیرلا میں مساجد کونسل کے نام سے جماعت اسلامی ہند کے زیر انتظام سات سو سے زائد مساجد ہیں – ریاستی سطح پر ان کا مضبوط اور معیاری نظم قائم ہے – مولانا عبد الحکیم ندوی سکریٹری جماعت حلقہ نے تفصیل سے کونسل کی سرگرمیوں کا تعارف کرایا – انھوں نے ان تعلیمی ، سماجی اور رفاہی کاموں کا تعارف کرایا جو کونسل کے تحت انجام دی جا رہی ہیں –
جناب محمد اقبال ملّا ڈائریکٹر توسیع و استحکام جماعت نے ‘مسجد – برادرانِ وطن میں اسلام کے تعارف کا مؤثر ذریعہ’ کے عنوان سے خطاب کیا – انھوں نے فرمایا کہ اسلام اور مساجد کے بارے میں برادرانِ وطن میں بہت غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں- انہیں مختلف حوالوں سے مسجد میں لانے کی کوشش کی جائے ، مثلاً افطار ، عید الفطر اور ماہ ربیع الاول میں مختلف اجتماعات کیے جائیں ، ’مسجد درشن‘ کا پروگرام کروایا جائے ، جس میں مسجد ، نماز ، اسلام کا تعارف کرایا جائے ، ترجمۂ قرآن اور اسلام پر تعارف کا کچھ لٹریچر دیا جائے –
ایک اہم پروگرام ‘موجودہ حالات میں مساجد کا تحفّظ کیسے؟’ کے عنوان سے ہوا – ایڈوکیٹ وجیہ شفیق سپریم کورٹ ایڈوکیٹ آن ریکارڈ و سابق اسٹینڈنگ کونسل دہلی وقف بورڈ نے مساجد کے تحفظ کے لیے قانونی نکات سمجھائے ، پھر تفصیل سے شرکائے ورک شاپ کے سوالات کے جوابات دیے –
تربیتی ورک شاپ کا دوسرا دن اہم سیشنز پر مشتمل تھا۔ اس میں جماعت کے سکریٹری جناب شبیر عالم نے تذکیر حدیث کی ۔ پھر ڈاکٹر رضوان احمد رفیقی نے ایک پریزنٹیشن پیش کیا ، جس کا عنوان تھا : ’’ مسجدیں اور امام : مسلم دنیا کے کچھ شاندار نمونے‘‘۔ اس میں انہوں نے عصر حاضر کی کچھ قابلِ ذکر مساجد کی مثالیں پیش کیں ، جن میں کویت کی المسجد الکبیر ، استنبول کی الفتح مسجد مشرقی لندن کی مسجد اور پونے میں نور الٰہی مسجد شامل ہیں ، جہاں نماز کے ساتھ ساتھ مختلف تعلیمی اور تربیتی سرگرمیاں بہ حسن و خوبی انجام دی جاتی ہیں ۔
امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی نے ’سماجی اصلاح میں ائمہ کا کردار‘ کے عنوان پر پُرمغز اور مؤثر گفتگو کی۔ انہوں نے مسلم کمیونٹی کے اندر مروّجہ کچھ مسائل پر توجہ دلائی ، ان کے بنیادی اسباب واضح کیے اور ان مسائل کے خاتمے کے لیے حکمت عملی کی تجاویز دیں اور فرمایا کہ اس سلسلے میں ائمہ کی ذمہ داریاں بہت اہم ہیں۔
نائب امیر جناب ایس امین الحسن نے’جمعہ کے خطبے کو مزید مؤثر کیسے بنایا جائے؟‘ کے عنوان پر بات کی اور موجودہ دور کےخطبات میں پائی جانے والی خامیوں سے بچنے کی سفارش اور خطبہ کی تیاری کے لیے ضروری اقدامات کی تفصیل بتائی۔
آخری نشست کے دوران جماعت کے زیر اہتمام مختلف ریاستوں میں مساجد کے نظم سے متعلق جاری اقدامات اور جمعہ کے خطبات کے حوالے سے رپورٹیں پیش کی گئیں۔ جماعت کے سکریٹری جنرل جناب ٹی عارف علی نے تمام رپورٹوں کا جائزہ لیا اور مستقبل میں مزید بہتری لانے کے لیے رہنمائی کی ۔
اپنے اختتامی کلمات میں امیر جماعت نے مسلم کمیونیٹیز میں مساجد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ائمہ کو ان کے مؤقر مقام اور فرائض کی یاد دہانی کرائی اور فرمایا کہ علماء اور ائمہ پیغمبر اسلام ﷺ کی الٰہی ذمہ داریوں کے جانشیں ہیں ، تلاوت قرآن ، تزکیۂ نفس اور کتاب و حکمت کا علم دوسروں تک پہنچانا ان کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
اس موقع پر تمام شرکاء کو کمپلیمنٹری لٹریچر دیا گیا، جس میں مولانا سید جلال الدین عمری کی کتاب ’’ خطباتِ جمعہ و عیدین‘‘، مولانا سید احمد عروج قادری کی مرتب کردہ تصنیف ’’ اسلام میں مسجد کی حیثیت‘‘، خرم مراد کا کتابچہ ’’ ائمہ کرام اور امت کا مستقبل‘‘ کے علاوہ شعبۂ علماء و مساجد سے شائع ہونے والی کتابیں ، مرکزی تعلیمی بورڈ کی نئی درسی کتاب ’’ ہمارا دین‘‘ اور نئی دہلی کے المنار پبلشنگ ہاؤس سے شائع ہونے والی منتخب کتابیں شامل تھیں۔
آخر میں بہت سے شرکاء کو تاثرات پیش کرنے کے لیے مدعو کیا گیا – انھوں نے پروگرام کے بارے میں اپنے تاثرات پیش کرنے کے ساتھ بعض تجاویز بھی دیں – اس موقع پر ’’ ائمۂ مساجد کا اعلامیہ‘‘ منظور کیا گیا ۔ اس میں مساجد کو تعلیم و تربیت کے مراکز میں تبدیل کرنے، تنازعات کو روکنے اور اچھے کاموں کی انجام دہی میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ترغیب و تحریک پر زور دیا گیا ۔
یہ ایک غیر معمولی دو روزہ ورک شاپ تھا ، جو کام یابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ۔ پروگرام کے بارے میں شرکاء نے بہت پسندیدگی کا اظہار کیا اور خوب استفادہ کیا – انھوں نے سفارش کی کہ اس طرح کے پروگرام علاقائی سطح پر بھی منعقد کیے جائیں۔




0 Comments