دنیا میں مصنوعی ذہانت ( آرٹیفیشیل انٹیلیجنس) بے قابو ہوتی جا رہی ہے ۔ اس کو کنٹرول کرنے کے لیے بعض ملکوں نے جو قوانین بنائے ہیں وہ ناکافی ثابت ہو رہے ہیں ۔مصنوعی ذہانت کے فائدے اور نقصانات دونوں ہیں ۔اگر نقصانات سے بچتے ہوئے اس کا استعمال کیا جائے تو ہم اس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ اسلام کے اندر جو اخلاقی توانائی ہے وہ مصنوعی ذہانت سے پیدا شدہ خطرات کو کم کر سکتی ہے ۔آنے والا دور مصنوعی ذہانت کا دور ہوگا ہمیں اس کے لیے تیار ہونا پڑے گا ۔ان خیالات کا اظہار سینٹر فار اسٹڈی اینڈ ریسرچ ( سی ایس آر ) کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد رضوان نے کیا ۔ ’ مصنوعی ذہانت : تعارف ، خطرات اور اخلاقیات ‘ کے موضوع پرمرکز جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد رضوان نے مصنوعی ذہانت کی تاریخ ، تکنیک اور اس کے اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی ، گروک اور چیٹ بوٹ جنرل اے آئی کے زمرے میں آتے ہیں ، جس کا استعمال سب سے زیادہ ہو رہا ہے ۔ لیکن یہی جنرل اے آئی لوگوں کے لیے کئی طرح کے خطرات پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں زیادہ تر چیزیں مصنوعی ذہانت کنٹرول کرے گی ۔ انسان کا کردار روز بہ روز کم ہوتا جائے گا ۔ لوگوں کی ملازمت کم ہو جائے گی اور انسانی سماج محدود ہو کر رہ جائے گا ۔ لیکن ان سب کے با وجود اگر مصنوعی ذہانت کا استعمال سوچ سمجھ کر کیا جائے تو اس کے بے شمار فائدے بھی ہیں ۔ڈاکٹر محمد رضوان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے خطرات بالکل الگ طرح کے ہیں ۔ ایک خطرہ وہ ہے جو ہمیں نظر آ رہا ہے اور ایک وہ ہے جو ہمیں دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اخلاقی قدروں کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن گئی ہے۔ بڑا چیلنج یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت خود کس سے سیکھتی ہے ، یہ کسی کو نہیں معلوم ۔اس کے ذریعے سائبر کرائم کی جو نئی نئی شکلیں سامنے آ رہی ہیں وہ انسانی سماج کے لیے بڑا خطرہ بن گئی ہیں۔ مسلم نوجوانوں میں پائے جانے والے نئے رجحانوں کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد رضوان نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کی نئی نسل اسلام کو سمجھنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کثرت سے کر رہی ہے ۔نوجوان اسلام کے بارے میں کسی انسان سے سوال نہیں پوچھ رہے ہیں بلکہ مصنوعی ذہانت سے سوال کر رہے ہیں ۔ ظاہر ہے ان کو جو جواب مل رہے ہیں وہ انٹر نیٹ پر موجود انگریزی مواد سے ہی حاصل کئے جا رہے ہیں ۔ڈیٹا بیس کے عالمی پھیلاؤ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ’ ڈیٹا ہی پیسہ ‘ ہے ۔دنیا کی دولت کو ڈیٹا میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ ڈاکٹرمحمد رضوان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے اخلاقی اصول ابھی تک طے نہیں کئے جا سکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایران ، ملیشیا ، قطر ، امریکہ اور بعض مغربی ممالک نے اپنے طور پر قوانین بنائے ہیں لیکن یہ قوانین اس کے برے اثرات پر لگام لگانے کے لیے ناکافی ہیں ۔مصنوعی ذہانت نے انسانوں کو صرف ایک ’ کنزیومر ‘ بنا کر رکھ دیا ہے ۔یہ آپ کی فطری ذہانت ، سوچ ، آزادی اور قوت فیصلہ پر اثر انداز ہو رہی ہے ۔اپنے خطاب کے آخر میں ڈاکٹر محمد رضوان نے کہا کہ اس چیلنج کا مقابلہ اسلامی اخلاقیات کے ساتھ کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قواعد الفقہیہ اور مقاصد الشریعیہ کے ذریعے اس طرح کے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے ۔اس کے تحت ہر وہ کام جو انسانی اخلاق اور اس وقار کے خلاف ہے ، اس کو روکا جا سکتا ہے اور اس پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔اس اصول کے تحت ایسی کوئی چیز نہ بنائی جا سکے گی جو بڑے پیمانے پر لوگوں کو نقصان پہنچانے والی ہو ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے اندر جو اخلاقی توانائی ہے اس کی روشنی میں مصنوعی ذہانت کے مسئلے کو بخوبی حل کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنرل اے آئی سے مکمل آگاہی حاصل کرنا بہت ضروری ہے تاکہ اس کے چیلنج سے نمٹا جا سکے اور اس کا استعمال تعمیری کاموں میں کیا جا سکے ۔ اجتماع عام میں بڑی تعداد میں طلبہ و نوجوانوں نے شرکت کی ۔پروگرام کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔
اسلام میں عقیدے کی آزادی کا پورا احترام کیا جاتا ہے : ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی
دنیا میں طاقت ور لوگوں نے ہمیشہ اپنے سے کمزور افراد پر جبر کیا ہے اور اپنی مرضی ان پر مسلط کرنے کی کوشش کی ہے۔...





0 Comments