ملی اتحاد کے بغیر مسلمانوں کے مسائل حل نہیں ہو سکتے : محمد شفیع مدنی

دسمبر 28, 2025

آج کےمعاشرے میں امن و عدل کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ ملت کی بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ موجودہ حالات کو بدلنے کی کوشش کرے ۔ملت کے نوجوانوں کی جو حالت ہے وہ کسی سے پویشیدہ نہیں ہے ۔ نوجوانوں کی تعلیم اور اس کے ساتھ ہی ان کی تربیت پر پوری توجہ دی جانی چاہئے ۔جب تک سماج میں مساوات قائم نہیں ہوگی اس وقت تک زمینی سطح کے مسائل حل نہیں کئے جا سکتے ۔ پسماندہ مسلمانوں کا جو شوشہ چھوڑا گیا ہے، اس کا اسلام کی تعلیمات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔اسلام میں ذات پات کا کوئی تصور سرے سے موجود نہیں ہے ۔ ملی وحدت قائم کرنا اور ملی اثاثے کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری محمد شفیع مدنی نے کیا ۔ جماعت اسلامی ہند مرکز کے میڈیا ہال میں ’ مسلم معاشرے کی مطلوبہ صفات: کرنے کے کام ‘ کے عنوان سے ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اس اجتماع میں ملت کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے طریق کار پر غور کیا گیا ۔ اپنے خطاب میں محمد شفیع مدنی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو حیثیت دی ہے وہ خیر امت کی ہے ۔ آج جب ہم ملت پر نظر ڈالتے ہیں تو یہ خیر امت کے منصب سے بہت دور جا چکی ہے ۔یہ امت پوری دنیا کو راہ دکھانے والی بنے اس کے لیے ہمیں از سر نو غور کرنے کی ضرورت ہے ۔وہ کون سی مطلوبہ صفات ہیں جس کو حاصل کرکے حالات کو بدلنے کا کام کیا جا سکتا ہے ؟ اس سوال پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم معاشرے کے حالات ٹھیک نہیں ہیں ۔مسلمانوں کی اخلاقی پوزیشن کمزور ہے ۔عدل و انصاف ، حسن سلوک اور باہمی احترام کے جذبے سے ملت بہت دور جا چکی ہے ۔اجتماعی صفات کا فقدان اور آپسی اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے مسلمان مختلف قسم کے مسائل سے دو چار ہور ہے ہیں ۔مسلمانوں کے تعلیم یافتہ طبقے کا ذکر کرتے ہوئے محمد شفیع مدنی نے کہا کہ معاشرے میں نئی سوچ تقریباً ختم ہو گئی ہے ۔اجتہادی فکر کا خاتمہ ہو گیا ہے ۔ ایسے میں علمائ دین ، مفکرین اور مسائل پر نگاہ رکھنے والے افراد باہم غور فکر کرکے کوئی مشترکہ راہ نکال سکتے ہیں ۔مسلمانوں کے معاشی مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کا اجتماعی نظام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔زکوٰۃ کا اجتماعی نظام ملت کے معاشی مسائل میں بہت بڑی تبدیلی لا سکتا ہے ۔ابھی تک ملت زکوٰۃ کے اجتماعی نظام سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا پا رہی ہے ۔ہمارے بہت سے معاشی مسئلے زکوٰۃ کے فنڈ سے حل ہو سکتے ہیں ۔مسلمانوں میں شادی بیاہ اور دوسری تقریبات پر ہونے والی فضول خرچی کو اسلامی تعلیمات کے خلاف قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اصراف سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے اور اپنے سرمایہ کو جائز کاموں میں خرچ کرنا چاہئے ۔ملک کی موجودہ صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد شفیع مدنی نے کہا کہ اس وقت مسلمانوں کو جذباتی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ان کو ایسے جذباتی مسائل میں الجھایا جارہا ہے جن کا براہ راست تعلق ان سے نہیں ہے ۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ حساس معاملوں میں اپنی دانشمندی کا ثبوت دیں ۔ناموافق حالات میں بھی ہمت اور اعتماد کا ثبوت دیں اور اللہ پر کامل ایمان رکھیں ۔اپنے خطاب کے آخر میں محمد شفیع مدنی نے روشن پہلوؤں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے پاس ذرائع و وسائل کی کمی نہیں ہے ۔ ان کے پاس بہت سے اثاثے ہیں ۔ ضرورت ہے کہ ان کو مناسب طریقے سے استعمال کیا جائے ۔نوجوان ملت کا سرمایہ ہیں ۔وہ خود کو تعلیم و تربیت اور روزگار کے کاموں میں لگائیں ۔ملت خود اپنا احتساب کرے اور جو بھی کمی نظر آئے اس کو دور کرنے کی کوشش کرے ۔اس کام کے لیے علمائ دین ، قائدین اور دانشوروں کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔ پروگرام کے آخر میں سوال و جواب کا سلسلہ چلا۔ اجتماع میں طلبہ و نوجوانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی ۔ اجتماع عام کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

محبت بانٹیں

0 Comments