جدید طرز زندگی اور نوجوانوں کا مطلوبہ کردار

ستمبر 3, 2025

’’ جب انسان کے پاس کوئی فکری بنیاد نہیں ہوتی ہے تو اس میں ثقافتی زوال، تہذیبی انتشاراور کلچرل کرائسس شروع ہو جاتا ہے، ہم پوری دنیا میں اس منظر کو دیکھ رہے ہیں۔ نئے دور میں جدیدیت ( ماڈرنیٹی) کے تصور نے نئی نسل میں فکری انتشار اور اخلاقی انحطاط سمیت متعدد مسائل  پیدا کر دیئے ہیں‘‘۔  یہ باتیں مرکزجماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں منعقدہ ہفتہ واری اجتماع میں جناب محمد عبد الحفیظ صدر تنظیم ’ایس آئی او‘ نے کہیں۔ وہ ’’جدید طرز زندگی اور نوجوانوں کا مطلوبہ کردار‘‘ کے عنوان پر خطاب کر رہے تھے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ’’  17ویں و 18ویں صدی عیسوی میں یورپ میں جدیدیت کا دور شروع ہوا ۔ یہی وہ دور ہے جب یورپ نے خدا سے اپنے رشتے توڑ لیے۔  کیونکہ ان کے پاس جو مذہب تھا اس میں انسانی عقل کا استعمال، ذاتی آزادی اور انسان کا خدا سے براہ راست تعلق قائم کرنے پر پابندی عائد تھی۔ یہیں سے اہل یورپ نےعیسائیت سے بغاوت شروع کی۔ اس بغاوت میں بتدریج اتنی شدت پیدا ہوئی کہ اہل علم اور اہل قیادت نے نہ صرف عیسائیت کو بلکہ تمام مذاہب کو ہی رجیکٹ کردیا۔ اب وہ نہ زندگی میں کسی مذہبی قانون کی پاسداری کے حامی تھے اور نہ ہی الٰہی فیصلے کو تسلیم کرتے تھے۔ وہ زندگی کو ایک ایسے آزاد اور بے سمت رخ پر لے جارہے تھے جہاں الٰہی فیصلے اور خدائی قانون کی جگہ اپنی عقل سے لیے گئے فیصلے ہی بنیادی حیثیت رکھتے تھے۔ ان کے فیصلے تجربات و مشاہدات  اور علاقے و خطے کے اعتبار سے ترتیب دیئے جاتے تھے۔ جدیدیت کے اسی نظریے نے دنیا کو سیکولرزم ، نیشنلزم اور جمہوریت جیسے نعرے دیئے، مگر یہی نعرہ دنیا میں بڑی تباہی کا محرک بھی بنا۔ ورلڈ وار کا ذریعہ یہی جدیدیت کا تصور تھا جس میں اپنی مرضی، اپنا خطہ اور اپنی آزادی کے نام پر ایک غیر متوازن فیصلے نے سیاست پر اثر انداز ہونے کے ساتھ ساتھ اخلاقیات اور معاشرتی زندگی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں معاشرے کے اندر معیاری اخلاق اور مطلوبہ کردار کی پذیرائی دھندلی پڑنے لگی‘‘۔

اس موقع پر صدر ایس آئی او نے الٰہی قانون سے ٹوٹتے رشتے  کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’ جب انسان کا مذہب سے رشتہ ٹوٹ جاتا ہے تو اس کے پاس اخلاقیات کی کوئی بنیاد باقی نہیں رہتی۔ اس کا اندازہ دور حاضر میں گزشتہ دو، تین سو سالہ ماڈرنیٹی کے سفر کا تجزیہ کرنے سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ خدائی قانون سے رشتہ توڑ کر انسان نے جو ماڈرنیٹی اختیار کی ہے، اس کے پاداش میں اسے مایوسی، کھوکھلا پن، ڈپریشن اور فرشٹریشن کی کیفیتیں ملی ہیں۔ آئے دن خود کشی کے واقعات، خاندانی نظام کا بکھرتا شیرازہ ، جنسی بے راہ روی ، عریانیت، فحاشی  نے سماج میں اپنی پکڑ مضبوط کر لی ہے۔  آج جو صورت حال ہے ، شاید اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا ہوگا، یہ صورت حال ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ اس سے بچنے کے لیے ان کی تربیت ، اسلامی تعلیمات کے مطابق کرنی ہوگی اور دعوت و تربیت کا سہارا لے کر ان کی ذہن سازی کرنی ہوگ، تاکہ انہیں اسلامی بنیاد پر چیلنجز کا سامنا اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیا جا سکے‘‘۔

انہوں نے نئی نسل کو درپیش چیلنج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہمارے سامنے ایک اور بڑا چیلنج  منہ کھولے کھڑا ہے۔ وہ ہے انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی اور الکٹرانک ذرائع کا انقلاب۔ ایک زمانہ تھا جب لوگ علم حاصل کرنے کے لیے لمبا سفر کرتے تھے لیکن آج ایک کلک پر تمام معلومات دستیاب ہو جاتی ہیں۔ یہ ایک بڑی تبدیلی ہے جو سماج میں رونماں ہو رہی ہے۔ ہمیں ان باتوں کو ذہن میں رکھ کر سمجھنا ہوگا کہ اسلام اس سلسلے میں ہماری کیا رہنمائی کرتا ہے؟ اس بابت اسلامی تعلیمات انتہائی مؤثر طریقے سے بتاتی ہیں کہ ایک نوجوان کا طرز حیات کیسا ہو؟ اللہ کے نبیؐ ایک دعا فرماتے ہیں کہ’’ اے اللہ ہمیں ہدایت عطا فرما‘‘، جب ہم اللہ سے ہدایت طلب کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ ہم ہر بری چیز کو غلط دیکھیں اور صحیح کو صحیح سمجھیں۔ یعنی جو چیز جیسی ہے، اس کو اسی طرح دیکھیں۔ اللہ کے رسولؐ نے دوسری چیز مانگی ’ تقوی‘: اس کا مطلب ہے ہر اس عمل سے بچنا جس سے اللہ ناراض ہو۔ تقویٰ آج کے دور میں ایک مشکل کام ہے، نفس ہمیں اس پر ابھارتا ہے۔ لہٰذا تقویٰ کے ذریعے ہمیں خود پر قابو رکھنے کی قوت پیدا کرنی ہوگی۔ رسول اللہ نے تیسری چیز مانگی ’عفاف‘: آج کے دور میں عفت و پاکدامنی کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔ آج بے حیائی کو پھیلانے کے لیے منظم طریقے پر کام ہو رہا ہے ۔ ایسے ماحول میں حیا و عفت اختیار کرلینا ایک بڑی نعمت ہے۔ رسول اللہ نے چوتھی چیز ’غنا‘ طلب کی۔ زندگی میں بے نیازی بہت اہم ہے۔ آج  مال و زر کا ہوس انسانی مزاج کا لازمی حصہ بن چکا ہے، جبکہ اصل غنا دل کا غنا اور مَن کی بے نیازی ہے۔ یہ دور چیلنجوں سے بھرا ہوا تہذیبی حصار کو توڑنے والا دور ہے۔ اس کے فتنوں سے بچنے کے لیے اللہ کے رسول کی دعا میں یہ چار چیزیں بہت معاون ہیں۔

محبت بانٹیں

0 Comments