سماجی انصاف موجودہ تناظر میں

ستمبر 3, 2025

’’سوشل جسٹس کو سمجھنے کے لیے ہمیں پہلے سماج میں ہونے والی ناانصافیوں کو سمجھنا ہوگا۔ ہندوستان میں ہندو سماج کا ایک بڑا حصہ صدیوں سے سماجی نا انصافیوں کا شکار رہا ہے۔ انہیں مین اسٹریم سے الگ تھلگ، تعلیم و ترقی سے دور اور انسانی اقدار سے محروم رکھا گیا ، یہ سب کچھ ذات پات کی بنیاد پر منصوبہ بند طریقے سے انجام دیا گیا‘‘ یہ باتیں جناب جے شنکر گپتا، سینئر جرنسلٹ و سابق ممبر پریس کونسل آف انڈیا نے جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں منعقد ہونے والے ایک اجتماع میں کہیں۔ وہ ’ سماجی انصاف موجودہ تناظرمیں‘ کے عنوان پر خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’’ ۔ ہندو مذہبی پیشواوں نے چار ورن بنائے اور ذات پات کی بنیاد پر کام اور پیشے کو تقسیم کیا۔ اس تقسیم میں اعلیٰ ذات کو تمام سہولیتیں دی گئیں جبکہ نچلی ذات کو انسانی اقدار سے کلی طور پر محروم رکھا گیا۔ برہمن کے لیے تعلیم ، پوجا پاٹ، کشتری کو جنگجو اور حکمرانی ، ویش سماج کے لیے تجارت طے کیا گیا جبکہ شودر جس میں دلت ، او بی سی ، آدیواسی شامل تھے، انہیں اعلیٰ ذات کی خدمات تفویض کی گئیں۔ مگر انہیں اس بات کی قطعی اجازت نہیں تھی کہ وہ اونچی ذات کے ساتھ یا ان کے برابر بیٹھیں یا ان کے سامان یا جسم کو چھوئیں۔ یہاں تک کہ تمل ناڈو جیسے علاقے میں دلت اپنی کمر پر جھاڑو باندھ کر چلتے تھے تاکہ ان کے پیر کی دھول ، ادھر سے گزرنے والے کسی برہمن پر نہ پڑے۔ کیرل جیسی ریاست میں 18ویں اور 19ویں صدی میں دلت سماج کی عورتوں کو اپنا سینہ ڈھانکنے کے لیے تٹکس دینا پڑتا تھا۔ یہ ٹیکس ایک ہندو راجا نے لگایا تھا۔ اس کے علاوہ یہ بھی طے کر دیا گیا تھا کہ کس ذات کی عورتیں اپنے جسم پر کتنے کپڑے استعمال کر سکتی ہیں۔ اسی طرح اچھے نام اعلیٰ ذات کے بچوں کا ہی رکھا جاتا تھا ، دلت و نچلی ذات کے لوگ کوئی ایسا نام نہیں رکھ سکتے تھے جو اعلیٰ ذات کے نام سے میل کھاتا ہو، غرض ناانصافیوں کا ایک تسلسل تھا جو نچلی ذاتیوں کے ساتھ صدیوں سے چلا آرہا تھا اور یہ سلسلہ کسی حد تک آج بھی ہے۔ حالانکہ ان ناانصافیوں کے خلاف گاہے بگاہے آواز اٹھی، پھر بھی انہیں سماجی انصاف نہیں مل سکا۔ بعد میں بابا امبیڈکر نے ریزرویشن کا حل پیش کیا ۔ لوہیا نے بھی انہیں کچھ خصوصی مراعات دینے کی بات کی۔ کچھ رعایتیں ملی بھی۔ جنتا پارٹی کی سرکار میں مرارجی دیسائی نے سماج وادی کے دباو میں منڈل کمیشن بنایا۔ اس کمیشن نے دلتوں کے بارے میں اچھی رپورٹ  پیش کی مگر اس کو عملی جامہ پہنانے میں دسیوں سال لگ گئے۔ اسے وی پی سنگھ کے دور میں لاگو کیا گیا۔ منڈل کمیشن کے سامنے آنے کے بعد ہی آر ایس ایس اور بی جے پی نے رام مندر کو اپنا خاص موضوع بنایا اور عوام میں اپنی پکڑ مضبوط کرنے کے لیے اسے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔‘‘

مستر گپتا نے مزید کہا کہ ’’ سماجی انصاف کو بحال کرنے میں کانگریس بھی کنفیوژن کا شکار رہی۔ راجیو گاندھی نے منڈل کمیشن کے خلاف بھاشن دیا۔ وی پی سنگھ کی سرکار گرانے کے لیے عدم اعتماد تحریک میں بی جے پی کے ساتھ مل کر ان کی سرکار کو گرادیا۔ کانگریس کے اس رویے نے او بی سی کو بہت ناراض کیا اور وہ کانگریس سے دور ہوگئے۔ اس کے بعد جب بابری مسجد کا معاملہ اٹھا تو اس میں بھی وہ کشمکش کا شکار رہی، بابری مسجد شہید ہوگئی اور کانگریس کی مرکزی سرکار نے کچھ نہیں کیا۔ اس کے بعد مسلمانوں کا ایک بڑا حصہ کانگریس سے کٹ گیا۔  آج راہل گاندھی سوشل جسٹس کی بات کرتے ہیں۔ یہ ایک اچھی سوچ ہے مگر ان کی پارٹی میں اکثریت کی سوچ الگ ہے۔ انہیں پہلے اپنی پارٹی کے اندر ذہنی صفائی کرنی ہوگی تبھی وہ سوشل جسٹس کے لیے اٹھائی جانے والی اپنی آواز کو مضبوط کر سکتے ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’ صورت حال کا تجزیہ کریں تو اندازہ ہوتا ہے کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی اصل لڑائی دلتوں سے ہے، وہ نہیں چاہتے ہیں کہ دلت کل تک ان کے پیروں میں بیٹھتے تھے ، ریزرویشن پاکر وہ ان کے برابر آجائیں، مگر وہ براہ راست دلتوں کی مخالفت کرنے کی ہمت جمع نہیں کرپا رہے ہیں، اسی لیے درمیان میں انہوں نے مسلمانوں کو مہرہ بنایا اور انہیں ویلن بنا کر اپنا فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ ورنہ سچائی یہ ہے کہ وہ آدیواسیوں اور دلتوں کو ایک خدمتگار کے طور پر ہی دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ اسی لئے جب ذاتی جن گننا ( ذات پر مبنی مردم شماری) کی بات دیو گوڑا کے دور میں ہوئی تھی، مگر عملی جامہ پہنانے سے پہلے ہی ان کی سرکار گر گئی اور ان کے بعد اٹل بہاری واجپئی آئے تو انہوں نے اس منصوبے کو سرے سے خارج کردیا ۔ کیونکہ ذاتی جن گننا کے بعد ترقی کا فائدہ دلتوں کو بھی دینا پڑتا جسے وہ کسی صورت میں پسند نہیں کرتے تھے۔ البتہ بہار میں الیکشن میں انتخابی خسارے کے خوف سے موجودہ سرکار نے بدرجہ مجبوری اس کی حمایت کردی ہے‘‘۔  انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی سب سے بڑی کامیابی سوشل جسٹس کی طاقتوں میں ہے، اسے لوگوں کے بیچ  لے جانے کی ضرورت ہے۔ آج بھی ملک کی بڑی آبادی سوشل جسٹس سے محروم ہے۔ اس پر ہمیں پوری تندہی سے کام کرنا ہوگا۔‘‘

 

محبت بانٹیں

0 Comments