خاندانی رشتوں میں محبت کا ہونا بہت ضروری ہے : ڈاکٹر محی الدین غازی

اکتوبر 11, 2026

 

اس وقت مسلم سماج کو فیملی کونسلنگ کی سخت ضرورت ہے۔اس کام کے لیے افراد کی با قاعدہ تربیت ہونی چاہئے۔ لوگ اس موضوع پر مطالعہ کریں، تعلیمی کورس کریں، ٹریننگ حاصل کریں۔ کم سے کم ہر خاندان میں ایک دو افراد ایسے ضرور ہونے چاہئےجو خاندان کی کیفیت کو بہتر بنانے کا کام کریں۔ اسی طرح سے جو دوسری سرگرمیاں جیسے جمعہ کے بیانات یا خطبے، نکاح کی تقریب اور دوسرے مواقع پر بھی اس پہلو سے لوگوں کی ذہن سازی کی کرنے کی ضرورت ہے۔ نکاح کی تقریب کے موقع پر کوشش یہ ہونی چاہیے کہ دولہا اور دلہن دونوں اس مجلس میں موجود  رہیں، خطبے کو سنیں ۔ نکاح پڑھانے والے افراد کو کوشش کرنی چاہئے کہ  نکاح کی مجلس ایک طرح سے فیملی کونسلنگ کا ذریعہ بھی بن جائے ۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری ڈاکٹر محی الدین غازی نے کیا ۔’ فیملی کونسلنگ کی اہمیت اور طریقے ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انقعاد کیا گیا۔ اجتماع عام میں ہندوستانی مسلم سماج میں فیملی کونسلنگ کی ضرورت اور اس کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی گئی ۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر محی الدین غازی نے فیملی کونسلنگ اور تصفیہ کے درمیان فرق  واضح کرتے ہوئے کہا کہ فیملی کونسلنگ (خاندانی مشاورت) کا مطلب کسی معاملے کا تصفیہ کرنا نہیں ہے۔ مثلاً کسی خاندان میں تنازع پیدا ہوگیا، جھگڑا ہوگیا اور آپ نے اس جھگڑے کا فیصلہ کردیا، یا دونوں فریقوں کو کسی بات پر راضی کرکے معاملہ ختم کرادیا، تو یہ تصفیہ ہے، فیملی کونسلنگ نہیں۔اس لیے ضروری ہے کہ اسلامی نقطۂ نظر سے خاندانی زندگی کی رہنمائی کے لیے مناسب تصورات اور اصولوں کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم ہر خاندان میں ایک یا دو ایسے افراد ہونے چاہئے جو خاندانی معاملات کو بہتر بنانے، رشتوں کی نزاکتوں کو سمجھنے اور اختلافات کو مثبت انداز میں حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔اسی طرح دیگر سرگرمیوں مثلاً جمعہ کے بیانات اور خطبات کے ذریعے بھی لوگوں کی ذہن سازی کی جانی چاہیے

محی الدین غازی نے کہا کہ فیملی کونسلنگ کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ اس سے خاندان اور آپسی رشتوں میں محبت پیدا ہوتی ہے۔ قرآن مجید میں یہ بتایا گیا کہ شوہراور بیوی کی ازدواجی زندگی میں سکون ہونا چاہیے، اس میں محبت ہونی چاہیے اور اس میں ہمدردی ہونی چاہیے۔ کونسلنگ کا کام یہ ہے کہ ایک پر لطف اور خوشیوں سے بھرپور ازدواجی زندگی کا راستہ ہموار کرے۔ انہوں نے کہا کہ رشتوں میں جو نزاکتیں ہیں اور رشتوں کو بہتر بنانے کے جو اصول ہیں، ان سب کو سیکھنا اور سکھانا فیمیلی کونسلنگ کا ایک اہم حصہ ہے۔ فیملی کونسلنگ کے اسلامی نقطہ نظر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک اہم پہلو یہ ہے کہ جو اعلی اخلاقی قدریں ہیں وہ انسان کی شخصیت میں پیوست کی جائیں ان کو ابھارا جائے اور ان کی نشو و نما کا موقع دیا جائے۔مثال کے طور پر سماجی رشتوں کی  تین قسمیں ہوتی ہیں ۔  پہلا محبت کے رشتے ہیں۔ اس میں بھائی بہن ماں باپ آتے ہیں ۔ دوسرا تناؤ اور ٹینشن کے رشتے ہیں ۔ اس میں ساس، سسرالی رشتے دار جیسے نند، بھاوج وغیر آتے ہیں ۔ تیسرا نفرت کے رشتے ہیں ۔اس میں سوتیلے ماں باپ، سوتیلی ماں، سوتیلے باپ، سوتیلے بچے، سوتیلے بھائی، سوتیلی بہنیں وغیرہ آتی ہیں۔اس طرح سماج میں رشتوں کی تقسیم کر دی گئی ہے۔ سماج میں محبت کے رشتے، تناؤ کے رشتے اور نفرت کے رشتے موجود ہیں۔ ایسا بہت ہی کم سنا گیا ہوگا کہ خواتین اپنی سہیلیوں کے ساتھ  بیٹھی ہوئی ہیں اور اپنی ساسوں کی تعریف کر رہی ہیں کہ میری ساس بہت اچھی ہے۔ ایسا بہت ہی کم دیکھنے میں آتا ہے۔ لیکن قرآن اور سنت کی جو تعلیم ہے وہ یہ ہے کہ سارے رشتے اللہ کے بنائے ہوئے ہیں اور سارے رشتے پیارے ہیں۔  سارے رشتے اللہ کی نعمتیں ہیں اور یہ سارے رشتے محبت کے رشتے ہیں کیونکہ یہ اللہ کے دیے ہوئے ہیں اور ہمارے فائدے کے لیے ہیں۔ جب تصور یہ ہوگا کہ رشتے تین طرح کے ہوتے ہیں تو پھر ویسے ہی رویہ بھی ہوگا۔لیکن جب تصور یہ ہوگا کہ سارے رشتے اللہ کے بنائے ہوئے ہیں، سارے رشتے نعمتیں ہیں، سارے رشتے محبت کے رشتے ہیں تو آپ کا رویہ بھی بدل جائے گا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر محی الدین غازی نے کہا کہ جہاں تک کونسلنگ کی بات ہے تو کونسلنگ کا ایک کانسپٹ تو یہ ہے کہ کوئی پروفیشنل کونسلنگ کرنے والا ہو جس کے پاس آپ جائیں۔ کئی ملکوں میں اس کا بہت عام رواج ہے کہ فیملی کونسلنگ کے سینٹر ہوتے ہیں اور شوہر بیوی دونوں یہ محسوس کرتے ہیں کہ ہماری زندگی میں مسائل پیدا ہو گئے ہیں یا دونوں کے درمیان لگاؤ کم ہو رہا ہے تو دونوں مل کر طے کرتے ہیں کہ کونسلنگ سینٹر جائیں اور اس سے مشورہ حاصل کریں اور اپنے تعلقات کو بہتر بنائیں ۔ظاہر ہے کہ اس کے اپنے فائدے ہوتے ہیں۔ لیکن مسلم سماج میں اس طرح کی سہولتیں موجود نہیں ہیں۔ اس کا انتظام خود سے کرنا ہوگا ۔اس کے لیے تربیت یافتہ افراد تیار کئے جائیں جو اسلامی اقدار پر مبنی فیملی کونسلنگ کر سکیں ۔اس طرح کی کونسلنگ سے خاندانی مسائل کو بڑی حد تک کم کیا جا سکتا ہے اور خاندانوں کو خوشگوار بنایا جا سکتا ہے ۔ اس اجتماع عام میں بڑی تعداد میں مرد اور خواتین نے شرکت کی ۔پروگرام کے دوران سوال و جواب کا سلسلہ بھی چلا ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

محبت بانٹیں

0 Comments