اسلام کی تعلیمات پرعمل کرکے ہی سماج میں پھیلی ہوئی بدعنوانی کو ختم کیا جا سکتا ہے ۔اسلام کا عقیدہ آخرت اللہ کے سامنے جوابدہی کا احساس پیدا کرتا ہے ۔احتساب کا عمل بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا کارگر طریقہ ہے۔اس کا اثر صرف فرد پر نہیں بلکہ پورے سماج پر پڑتا ہے۔اسلامی اخلاقیات کی پہلی صفت امانت داری ہے۔جس کے اندر امانت داری کی صفت موجود ہو وہ کرپشن کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔اللہ کے رسول ﷺ نے رشوت دینے والے اور رشوت لینے والے دونوں پر لعنت فرمائی ہے ۔ان خیالات اظہار جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری اور معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے کیا۔
جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔’ ملک میں بڑھتا ہوا کرپشن اور اس کا حل ، قر آن کی روشنی میں ‘ کے عنوان سے ہونے والے اس اجتماع عام میں ملک میں پھیلی بدعنوانی اور اسلامی کی تعلیمات کی روشنی میں اس کا حل پیش کیا گیا ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے بدعنوانی کی مختلف شکلوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے سماج کے لیے ایک ناسور قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ اگر سماج میں قانون کی بالا دستی قائم ہو ، سماج بدعنوانی سے پاک ہو ، اونچ نیچ کی تفریق ختم ہو جائے ، عدل قائم ہو ، لوگ ایک دوسرے کے ساتھ احسان کا معاملہ کریں اور ایک دوسرے کے حقوق ادا کریں ، تو ایسا سماج امن کا گہوارہ بن جاتا ہے ۔ لیکن اس کے برعکس سماج میں بے انصافی ہو ، بدعنوانی کا بول بالا ہو ، لوگوں کے حقوق تلف کئے جاتے ہوں اور ہر جگہ عدم مساوات ہو ، تو ایسے میں سماج کا امن و سکون غارت ہو جاتا ہے ۔کچھ ایسی ہی صورت حال اس وقت پورے ملک کی ہے۔
انہوں نے کہا حالیہ دنوں دو ایسے واقعات ہوئے جن سے پورا سماج ہل کر رہ گیا۔ ایک نیٹ امتحان کا پرچہ آوٹ ہونا دوسرا ایودھیا میں رام مندر سے چندہ کی چوری کا معاملہ ۔ان واقعات نے سماج میں گہرائی تک پھیلے ہوئے کرپشن کو اجاگر کر دیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ملک میں بدعنوانی کم ہونے کے بجائے روز بہ روز بڑھتی جا رہی ہے ۔سرکاری دفاتر سے لیکر اعلیٰ تعلیم گاہوں تک رشوت کا بازار گرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں ، کھانے کی چیزوں میں ملاوٹ ، ٹیکس چوری ، ذخیرہ اندوزی ، اقربا پروری اور بدعنوان لوگوں کی پشت پناہی نے کرپشن کو مزید بے لگام کر دیا ہے ۔ رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ کرپشن صرف حکومت تک محدود نہیں ہے، بلکہ سماج کے تمام شعبے اس لعنت میں ملوث ہیں۔کرپشن کے نقصانات ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں ۔بدعنوانی کے خاتمے کے طریقوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا خیال ہے کہ سخت قانون بنا کر بدعنوانی کو قابو میں کیا جا سکتا ہے ۔لیکن مشاہدہ یہ بتاتا ہے کہ جتنے سخت قانون بنتے جا رہے ہیں اسی شدت کے ساتھ بدعنوانی بھی بڑھتی جا رہی ہے ۔حالت یہ ہو گئی ہے کہ اب اس مسئلے کا بظاہر کوئی حل نظر نہیں آ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلے کی صحیح تشخیص نہ ہو اس وقت تک اس کا علاج ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں بڑھتی حرص و ہوس ، خود غرضی اور اخلاقی قدروں کا زوال پزیر ہو جانا اس کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔ اس مسئلے کا اسلام ایک پائدار حل پیش کرتا ہے ۔پہلی چیز یہ ہے کہ لوگوں کے بنیادی حقوق ادا کئے جائیں ۔ اسلام میں لوگوں کو اپنے حقوق مانگنے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ ان کو حقوق ادا کئے جاتے ہیں ۔اسلام میں رشوت لینے اور رشوت دینے والے دونوں پر لعنت کی گئی ہے۔قرآن میں فرمایا گیا ہے کہ ’’ اے ایمان والو ، آپس میں ایک دوسرے کا مال باطل طریقے سے نہ کھاؤ ‘‘ ۔اسلامی اخلاق کا پہلا معیار یہ ہے کہ انسان کے اندر امانت داری ہو ۔جس شخص کے اندر ایمان ہوگا وہ امانت دار ہوگا ۔ایک امانت دار شخص کبھی خیانت نہیں کرے گا ۔انہوں نے کہا اسلام نے اسی لیے احتساب کا نظام قائم کیا ہے تاکہ سماج کے ہر فرد کو جوابدہ بنایا جا سکے۔رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ اسلام نے خیانت اور بدعنوانی پر سخت سزائیں مقرر کی ہیں ۔اسلام نے کرپشن کی روک تھام کے لیے مؤثرعملی اقدامات کئے ہیں ۔اگر اسلام کی تعلیمات پر عمل کیا جائے تو سماج کو بدعنوانی کی لعنت سے ہمیشہ کے لیے پاک کیا جا سکتا ہے ۔جلسے میں طلبہ و نوجوانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی۔





0 Comments