’ ہمسائیگی کی نئی شکلیں اور اسلامی تعلیمات ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں اجتماع عام کا انعقاد ، اسلامی تعلیمات کے مطابق پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنا ضروری : سلمان احمد

نومبر 24, 2025

 

آج کی زندگی بہت تیزی کے ساتھ بدل رہی ہے ۔جدید ٹکنا لوجی نے انسانوں کے درمیان فاصلے بہت کم کر دئے ہیں ۔لیکن جدید سہولیات کے با وجود  ہم اپنے پاس پڑوس میں رہنے والے افراد سے بے خبر ہوتے جا رہے ہیں ۔جبکہ اسلام نے پڑوسیوں کے حقوق بہت پہلے ہی طے کر دئے ہیں ۔ آج کے وقت میں ہمسائیگی کی نئی شکلیں وجود میں آئی ہیں ۔ان سب کو سمجھنا اور اسلامی تعلیمات کے مطابق پڑسیوں کے حقوق ادا کرنا نہایت ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے قومی سکریٹری سلمان احمد نے کیا ۔ مرکز کے میڈیا ہال میں ’ ہمسائیگی کی نئی شکلیں اور اسلامی تعلیمات ‘ کے موضوع پر ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اپنے خطاب میں سلمان احمد نے موجودہ دور پائی جانے والی ہمسائیگی کی مختلف شکلوں کی وضاحت کی ۔ انہوں نے پاور پوائنٹ کے ذریعے آج کے بدلتے سماج میں پڑوسیوں کے حقوق کی ادائیگی پر عملی تجاویز پیش کی ۔ گفتگو کے آغاز میں پڑوسیوں کی نئی اقسام کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پڑوسی ،  کام کی جگہ کے پڑوسی ، کاروباری پڑوسی ،سفرکے دوران پڑوسی ، اسکول کالج کے پڑوسی ، مہاجر اور پناہ گزیں پڑوسی اور  ہسپتال کے پڑوسی یہ چند ایسی قسمیں ہیں جو آج کی زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہیں ۔اسلام میں ان پڑوسیوں کو بھی وہی حقوق حاصل ہیں جو عام پڑوسیوں کے ہیں ۔ اچھے پڑوسی کی اہمیت کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماجی فلاح و بہبود،احساسِ وابستگی،احساسِ تحفظ ،امداد باہمی، ہنگامی حالات میں معاونت کا نظام ، ثقافتی تبادلہ ، بچوں کے لیے صحت مند ماحول ، خوشگوار اور تناؤ سے پاک رہائشی ماحول اور بہتر معیارِ زندگی ایک صحت مند ہمسائیگی کو فروغ دیتا ہے ۔ اس موقع پر سلمان احمد نے رسول اکرمؐ کی اس حدیث کا حوالہ دیا جس میں آپؐ نے فرمایا ’’ جو کوئی اللہ اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے ، اس کو چاہئے کہ وہ اپنے پڑوسی کا خیال رکھے ‘‘ ۔ حدیث کی روشنی میں پڑوسیوں کے حقوق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایوں کے ساتھ حسنِ سلوک ، ان کو کسی قسم کا نقصان یا تکلیف نہ پہنچانا، ہمسایوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا ،ہمسایہ کے حقوق کا احترام کرنا،ضرورت کے وقت مدد اور تعاون کرنا، کھانے کی تقسیم ،صدقہ و خیرات،جگہ یا وسائل کی تقسیم میں ہمسایہ کو ترجیح دینا، جھگڑوں سے بچنا ،  امن برقرار رکھنا اوراپنے لیے جو پسند ہو ، وہی اپنے ہمسایہ کے لیے پسند کرنا۔ایسا اصول ہے جو پڑوسیوں کے حق کو محفوظ بناتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمارے آس پاس کے لوگ پڑوسی ہیں اسی طرح دیگر مقامات بھی لوگ بھی پڑوسی کا درجہ رکھتے ہیں ۔پڑوسی چاہئے مستقل ہو یا وکچھ وقت کے لیے ہو ، سب کے حقوق برابر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسپتال بھی ہمارے لیے پڑوس ہے۔چنانچے جب ہم اسپتال میں داخل ہوں تو ہمیں دوسروں کا خیال رکھنا چائے ۔اسپتال میں خاموشی برقرار رکھیں،مریضوں کے ساتھ ہمدردی کا برتاؤ کریں،مریضوں کی نگہداشت کریں،ضرورت مند مریضوں کے طبّی اخراجات میں حسبِ استطاعت مدد کریں،لوگوں کی پرائیویسی اور عزتِ نفس کا احترام کریں اور اسپتال کے اصول و ضوابط کی پابندی کریں۔ملک کے بعض مقامات پر پناہ گزینوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا حوالہ دیتے ہوئے سلمان احمد نے کہا کہ پناہ گزینوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہماری دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ رو ہنگیا پناہ گزینوں کے ساتھ جو زیادتیاں ہو رہی ہیں، وہ عالمی قوانین اور انسانیت کی سخت خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پناہ گزین ہمارے پڑوسی ہیں ۔ان کے ساتھ اخوت  اور رحم دلی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان کی  بنیادی ضروریات اور حالات کو سمجھیں ،ان کو تحفظ اور سکیورٹی فراہم کریں، ان کی فلاح و بہبود کے لیے انتظامیہ اور این جی اوز سے تعاون کریں،بحران یا ہنگامی حالات میں مدد فراہم کریں۔ سلمان احمد نے اسکول کالج کے پڑوسیوں سے تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ساتھی طلبہ کی تعلیمی مدد کریں، نئے آنے والے طلبہ اور جونیئرز کی رہنمائی  کریں، ریگنگ کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہوں، ہاسٹل اور پی جی کے دوستوں کو تہواروں پر گھر بلائیں،مضبوط اخلاقی، باکردار اور علمی ماحول کو فروغ دیں۔ اسی طرح سفر کے دوران آداب سفر خیال رکھیں ۔بزرگوں، خواتین اور دیگر ضرورت مند ہم سفر افراد کے لیے جگہ بنائیں، دوران سفر اونچی آواز میں موسیقی یا آڈیو نہ سنیں، ہمیشہ ہیڈ فون استعمال کریں فون پر یا ہم سفر افراد سے بلند آواز میں بات نہ کریں،سیٹوں کے نیچے کچرا نہ پھینکیں، صفائی کا خیال رکھیں۔ بازاروں اور تجارتی مقامات پر آپسی روابط کو بہتر بنانے اور ان کے ساتھ اچھے پڑوسیوں جیسا سلوک کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارو بار میں پر خلوص تعلقات قائم رکھیں، دشمن نہ بنائیں، تجارتی نیٹ ورکنگ اور ہنر مندی میں ایک دوسرے کا تعاون کریں،دوسروں کی دکانوں کے راستے میں رکاوٹ نہ بنیں،سرکاری جگہوں ، فٹ پاتھوں پر قبضہ سے بچیں،صفائی کا خیال رکھیں ، کچرا سڑک پر نہ ڈالیں، گاڑیاں ایسے نہ کھڑی کریں کہ دکانوں یا ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہو،مشکل اوقات میں لوگوں کو تعاون فراہم کریں ۔سلمان احمد نے کہا کہ ان باتوں پر عمل کرکے جہاں ایک طرف پڑوسیوں کے حقوق ادا کر سکتے ہیں وہیں دوسری جانب ایک بہتر معاشرے کو تشکیل دے سکتے ہیں۔اجتماع عام میں بڑی تعداد میں طلبہ اور معززین شہر نے شرکت کی ۔اجتماع کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

 

محبت بانٹیں

0 Comments