اسلام کا کام ’ کنورژن ‘ نہیں بلکہ خدا کا پیغام لوگوں تک پہنچانا ہے : سلیم انجینئر

اپریل 26, 2026

 

ملک کی مختلف ریاستوں میں نافذ ہونے والے انسداد تبدیلی مذہب قوانین آئین میں دئے گئے بنیادی حقوق کے خلاف ہیں ۔ ان قوانین کا مقصد مسلمانوں پر دباؤ بنانا اور ان کو خوف زدہ کرنا ہے۔ اسلام کا کام مذہب تبدیل کرانا نہیں بلکہ خدا کا پیغام لوگوں تک پہنچانا ہے ۔ دین کے معاملے میں کوئی زور زبردستی نہیں ہے ۔اگر کوئی شخص اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کرتا ہے تو حکومت کو اس معاملے میں کوئی مداخلت نہیں کرنی چاہئے ۔اپنی پسند کا مذہب اختیار کرنا انسان کا ذاتی معاملہ ہے۔کوئی مخصوص قانون بنا کر اس حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر انجینئر محمد سلیم نے کیا ۔’ تبدیلی مذہب کے قوانین اور امت مسلمہ کی حکمت عملی ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ اجتماع عام میں تبدیلی مذہب سےمتعلق قوانین کا جائزہ لیا گیا ۔ اپنے خطاب میں پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ اس وقت ملک کی بارہ رہاستوں میں انسداد تبدیلی مذہب کا قانون نافذ ہے ۔ان میں ریاست اتر پردیش ، راجستھان اور مہاراشٹر میں نافذ کئے گئے قوانین نہایت سخت ہیں ۔ اگر ان قوانین کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو یہ ملک کے آئین میں دئے گئے بنیادی حقوق کے سخت خلاف ہیں ۔ آئین میں تمام شہریوں کو مساوی طور پر مذہبی آزادی دی گئی ہے ۔ مذہبی آزادی آئین کا بنیادی عنصر ہے۔ آئین کی رو سے کوئی بھی شخص اپنی پسند کا مذہب اختیار کر سکتا ہے ۔ سلیم انجینئر نے کہا کہ مذہب پر عمل کرنا ، اس کا اظہار کرنا اور اس کی تبلیغ کرنے کی آزادی یہاں کے آئین میں دی گئی ہے ۔ اس کی روشنی میں انسداد  تبدیلی مذہب کے قوانین آئین کی سخت خلاف ورزی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد تبدیلی مذہب کے قانون میں کہا گیا ہے کہ دباؤ ، لالچ یا دھوکہ دے کر کسی کا مذہب تبدیل نہیں کرایا جا سکتا ۔اسلام بھی اس کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ لیکن جو افراد اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو اس میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اتر پردیش ، راجستھان اور مہاراشٹر کے قوانین نہایت سخت ہیں ۔ قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس قانون کا خطر ناک پہلو یہ ہے کہ ا گرچہ مذہب تبدیل کرنے والے کو کوئی شکایت نہیں ہے ۔لیکن گھر کے کسی فرد کو اس سے شکایت ہے تو وہ پولیس میں ایف آئی آر درج کرا سکتا ہے ۔ یہ قانون عیسائی اور مسلمانوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے ۔عیسائیوں کے خلاف استعمال ہونے میں حکومت کو کوئی خاص سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہو رہا ہے ۔سیاسی فائدے لیے مسلمانوں کے خلاف اس قانون کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے مسلمانوں کو دعوتی کاموں سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی اور ان کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں ۔ یہ قانون مسلمانوں کو ٹارگیٹ کرنے اور ان کو خوف زدہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے ۔ اس قانون کی آڑ میں ’ لو جہاد ‘ کا ایجنڈا کام کر رہا ہے ۔پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ ان حالات نے دعوت کا کام کرنے والے افراد کے سامنے کئی طرح کے چیلنجز  پیدا کر دئے ہیں ۔دعوت دین اسلام کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ہم اس سے سبک دوش نہیں ہو سکتے ۔یہ ایک قرآنی حکم ہے جو تمام انبیا پر فرض کیا گیا ۔اسلام کا پیغام لوگوں تک ہر حال میں پہنچایا جانا چاہئے ۔ہمارا کام مذہب تبدیل کرانا نہیں ہے بلکہ لوگوں تک خدا کا پیغام پہنچانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں انفرادی دعوت بہت اہم ثابت ہو سکتی ہے ۔ سلیم انجنئیر نے اس بات پر زور دیا کہ حالات کے مطابق ہم کو اپنی دعوتی حکمت عملی میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔اجتماع عام میں سوال کو جواب کا بھی سلسلہ چلا ۔ جلسے میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

محبت بانٹیں

0 Comments