اکثر اوقات شیطان گمراہیوں کو خوبصورتی کے پردے میں پیش کرتا ہے ۔قر آن میں ایسی قوموں کا ذکر تفصیل کے ساتھ آیا ہے جو اللہ کے عذاب کے با وجود راہ راست پر نہیں آ سکیں ۔ہمیں غلطیوں کی اصلاح ضرور کرنی چاہئے لیکن صرف تجسس اور جھوٹی باتوں کو بنیاد بناکر کسی کی کردار کشی نہیں کرنی چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری سلمان احمد نے کیا۔ ’ اصلاح کے پردے میں فساد ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اجتماع عام میں اصلاح اور فساد کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ۔اصلاح اور فساد کی اصطلاح کو قرآن اور سنت کی روشنی میں پیش کیا گیا ۔ اپنے خطاب میں سلمان احمد نے کہا کہ بدی کو نیکی کے پردے میں پیش کرنا شیطان کا بڑا حربہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی عقل و شعور رکھنے والے افراد بھی شیطان کے اس ہتکنڈے کا شکار ہو جاتے ہیں ۔قر آن مجید کا حوالہ دیتے ہوئے سلمان احمد نے کہا کہ قرآن میں عاد اور ثمود کی واضح مثالیں موجود ہیں ۔ یہ بہت سمجھ بوجھ رکھنے والی اور عقل مند قومیں تھیں لیکن اس کے با وجود یہ گمراہیوں کا شکار ہو گئیں ۔ہمارے دور میں بھی ایسی بہت سی مثالیں موجود ہیں ۔ہر ظالم اپنے ظلم کو حق بجانب ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔ وہ ہر فساد کو اصلاح کا نام دیتا ہے ۔اس کی آڑ میں اپنی عصبیت اور بے انصافی کا مظاہرہ کرتا ہے ۔ شیطان اس طرح کے ہتکنڈوں میں کیسے کامیاب ہوتا ہے ، اس کو سمجھنے کے لیے ہمیں دس باتوں کو سمجھنا ضروری ہے۔ گناہ چھوٹا ہو یا بڑا اس کی قیمت ہر حال میں ادا کرنی پڑتی ہے۔ اس لیے ضروری ہو جاتا ہے کہ گناہ سے بچنے کی کوشش کی جائے ۔یہاں دس ایسی باتوں کا ذکر کیا جاتا ہے جس کی ذریعے شیطان انسانوں سے غلطیاں کراتا ہے ۔ 1 : اصلاح کے نام پر لوگوں کی برائیوں کو عیاں کرنا ۔ہم سجھتے ہیں کہ ہم نیکی کر رہے ہیں ۔لیکن ہم اس شخص کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچا رہے ہوتے ہیں ۔ اس کے گناہوں کو عیاں کر رہے ہوتے ہیں ۔جس چیز کو اللہ تعالیٰ نے پردے میں رکھا ہے ۔2:کسی کے ذاتی اور خاندانی معاملات میں تجسس کرنا۔ اس طرح کا تجسس شیطان کے بہکاوے میں آکر کیا جاتا ہے ۔ تاکہ لوگوں کے ذاتی معاملات میں دخل دیا جا سکے اور ان کی کردار کشی کی جا سکے ۔3: اگر کوئی شخص بیمار ہے تو اس کو کسی اچھے معالج یا ڈاکٹر کو دکھانے کے بجائے اپنا نسخہ پیش کرنا ۔ بظاہر یہ بات سادہ سی ہے لیکن یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر بیماری کی وجہہیں الگ الگ ہوا کرتی ہیں ۔ اس لیےمریض کو کسی ماہر ڈاکٹر کو ہی دکھانا چاہئے ۔4: توہم پرستی شرک کی ایک شکل ہے ۔لوگ اولاد اور تجارت میں نفع اور دوسرے فوری فائدے کے لیے ٹونے ٹوٹکے اور تعویز گنڈے کا سہارا لیتے ہیں ۔ 5: ملی مسائل کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا ۔ اس کے ذریعے ملت کے اندر خوف اور بے یقینی کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے 6: امدادی اور خیراتی کاموں کی تشہیر کرنا ۔ اپنے کاموں کو سوشل میڈیا پر ڈالنا ، مدد کے نام پر دکھا وا کرنا 7: اعتدال کی راہ سے دور ہٹ جانا ۔ بعض معاملات میں غیر ضروری تنقید اور بعض میں غیر ضروری تعریف کرنا۔8: کسی حساس معاملے کو سمجھے بوجھے بغیر ہی اس کو ہوا دینا ۔ غلط اور غیر مصدقہ چیزوں کو شئیر کرنا ۔تخریبی عمل میں حصہ لینا 9: اجتماعیت میں لیے گئے اہم فیصلوں کے خلاف باتیں کرنا ۔جوڑ توڑ کرنا ۔ لابنگ کرنا ۔ گروہ بندیاں کرنا۔ لوگوں کو مس گائڈ کرنا اور کردار کشی کرنا ۔10: اگر فیصلہ ان کی رائے خلاف ہوا تو شیطان کے بہکاوے میں آکر اس کی مخالفت کرنا ۔یہ کہنا کہ فیصلہ اسلام کے خلاف ہوا ہے ۔ یہ تحریک کے لیے نقصاندہ ہے ۔یہ اجتماعیت کے لیے نقصاندہ ہے ۔شیطان ان سے کہتا کہ ہے تم کو اس فیصلے کے خلاف مہم شروع کرنی ہوگی ۔
سلمان احمد نے کہا کہ یہ دس باتیں سامنے آنے کے بعد سوال یہ ہے کہ ایسی صورت میں کیا کیا جائے ؟ اس سلسلے میں قرآن اور سیرت رسولؐ کی روشنی میں ہمیں دس رہنمائی ملتی ہے ۔1: فیصلے جذبات کی بنیاد پر نہیں بلکہ وحی الٰہی اور سنت رسولؐ کے مطابق ہونے چاہئے2 : کوئی بھی رد عمل ظاہر کرنے سے پہلے کئی بار سوچا جائے کہ یہ عمل سماج میں خیر پیدا کرے گا یا شر پیدا کرے گا ۔3: کوئی بھی عملی اقدام سے پہلے درست معلومات اور علم پر فوکس کیا جانا چاہئے 4: نفس کی پیروی سے ہر حال میں بچنا چاہئے ۔اللہ سے ہدایت طلب کرنا چاہئے 5: ملی معاملے میں دیانت دار اور صاحب علم افراد سے مدد اور ان کی رہنمائی حاصل کی جائے ۔6: ہر معاملے میں اللہ کی پناہ مانگتے رہیں اور دعا کا سہارا لیں ۔7: ظاہری چیزوں کے دیکھ کر یا سنی سنائی باتوں پر کوئی رائے قائم نہ کریں اور نہ ہی کوئی فیصلہ لیں 8: ہر کام اللہ کی رضا کے لیے کریں ۔9 : اپنے نفس کے لیے کوئی کام نہ کریں ۔خالص اللہ کی خوشنودی کے لیے کام کریں ۔مزاج میں عاجزی اور بردباری پیدا کریں 10:مستقل توبہ و استغفار کریں اور اللہ سے رجوع کریں ۔
اس اجتماع عام میں طلبہ و طالبات کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی ۔ جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔





0 Comments