امریکہ اب دنیا کی ’ سپر پاور ‘ نہیں رہا : ڈاکٹر ظفر الاسلام خان

اپریل 19, 2026

 

’ مشرق وسطیٰ میں جنگ اور اس کے عالمی اثرات ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ معروف صحافی اور اسلامی اسکالر ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے اجتماع عام کو خطاب کیا ۔ مشرق وسطیٰ اور امریکہ ایران جنگ کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے کہا کہ اسرائیل نے امریکہ کو یہ سمجھایا تھا کہ ایران کو چاروں طرف سے گھیر کر حملہ کیا جائے تو حکومت مخالف افراد سڑکوں پر نکل کر موجودہ حکومت کو اقتدار سے بے دخل کر دیں گے۔ لیکن ایران پر حملے کے بعد  نتیجہ ٹھیک الٹا نکلا ۔امریکہ اور اسرائیل نے ایران میں موجود کردوں اور بلوچوں کو بھی بغاوت کے لیے اکسایا لیکن یہ اس میں بھی کامیاب نہیں ہوئے ۔آبنائے ہرمز پر امریکہ نے قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن ایران نے امریکہ کی گردن پکڑ لی ہے ۔ایران جنگ میں امریکہ اب’ سپر پاور‘ نہیں رہا ۔ایران نے امریکی جارحیت کا مقابلہ جس جنگی حمکت عملی سے کیا ہے ، اس سے امریکہ کہ عسکری کمزوری ظاہر ہو گئی ہے ۔ مشرق وسطیٰ پر جنگ کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے کہا کہ حماس کے حملے نے اسرائیل کے نا قابل تسخیر ہونے کا تصور توڑ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حماس کے حملے پر بعض حلقوں کی طرف سے تنقید کی جاتی ہے لیکن یہ بات ذہن میں رہنی چاہئے کہ سات اکتوبر کا حملہ قانونی حیثیت رکھتا ہے ۔عالمی قوانین اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ غیر قانونی طور پر قابض قوتوں کے خلاف ملک کے عوام اقدام کر سکتے ہیں ۔ اقوام متحدہ میں اسرائیل کو ایک قابض قوت کے طور پر درج کیا گیا ہے ۔اسرائیل نے غزہ ، غرب اردن اور جولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ان قبضوں کے خلاف اقوام متحدہ کی قرار دادیں موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل گذشتہ دو برسوں سے غزہ میں قتل عام کر رہا ہے ۔غزہ کی 92 فی صد عمارتوں کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔جس میں تاریخی اہمیت کی کئی مسجدیں اور چرچ شامل ہیں ۔ عملی طور پر غزہ میں کوئی جنگ بندی نافذ نہیں ہے ۔اسرائیل لگاتار اپنی جارحیت کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی جاریت کا حوالہ دیتے ہوئے ظفر الاسلام خان نے کہا کہ لبنان سے حزب اللہ کو ختم کرنے کی کوشش اسرائیل کئی بار کر چکا ہے ۔لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو پایا ہے ۔اس وقت اسرائیل کے حملے سے دس لاکھ لبنانی اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔اسرائیل نے لبنان میں ہزاروں بار جنگ بندی کے خلاف ورزی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لبنان حکومت اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی بات چیت سے کوئی فائدہ ہونے والا نہیں ہے ۔ اسرائیل حزب اللہ کو غیر مصلح کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے ۔لبنانی حکومت میں اتنی قوت نہیں ہے کہ وہ حزب اللہ کو غیر مصلح کر سکے ۔ایران نے امریکہ ساتھ کسی بھی طرح کی بات چیت میں لبنان کے مسئلے کو شامل کرکے سفارتی برتری حاصل کر لی ہے ۔جنگ کے دوران ایران دنیا کو یہ پیغام دینے میں کامیاب رہا ہے کہ اس پر جنگ تھوپی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خود یورپ اور امریکہ کے عوام اس جنگ کے خلاف ہیں ۔امریکہ اور اسرائیل اس جنگ میں تنہا ہوتے جا رہے ہیں ۔عالمی سطح پر اب امریکہ سپر پاور نہیں رہا ۔روس ، چین اور ایران ایک نئی فوجی قوت بن کر ابھر رہے ہیں ۔ایران کی نیوکلیئر صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے کہا کہ ایران کو نیوکلیئر طاقت بننے کا پورا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سب جانتے ہیں کہ اسرائیل نیوکلئیر طاقت ہے ۔اگر خطے میں اسرائیل کو نیوکلئیر طاقت بننے کی چھوٹ ہے تو ایران کو کیوں نہیں ؟ امریکہ دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے ہیرو شیما اور ناگا ساکی پر ایٹم بم گرائےتھے ۔امریکہ کو یہ قطعی حق حاصل نہیں ہے کہ وہ یورینیم کی افزودگی کی آڑ لے کر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کرے ۔اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ اس جنگ سے یورپ اور نیٹو الگ رہے ہیں ۔یہ امریکہ کا بڑا فوجی اور سفارتی نقصان ہے ۔اس تناظر میں ایک نئے مشرق وسطیٰ کی تشکیل ہو رہی ہے ۔اس میں غزہ کے عوام اور ایران کی قربانیوں کا بڑا ہاتھ ہے ۔اجتماع عام میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی چلا ۔ جلسے میں طلبہ و طالبات کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی۔

محبت بانٹیں

0 Comments