ملک بھر میں جاری اسپیشل انسینٹیو ریویزن ( ایس آئی آر ) کے تحت تقریباً چھ کروڑ لوگوں کو ووٹر لسٹ سے خارج کر دیا گیا ہے ۔آنے والے دونوں میں یہ تعداد دس کروڑ تک پہنچ سکتی ہے ۔ایس آئی آر کا براہ راست نشانہ مسلم ، دلت ، آدیواسی اور بی جے پی مخالف ووٹرس ہیں ۔ایس آئی آر کا سب سے خطرناک پہلو یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کو یہ اختیار دے دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی باشندے کو غیر ملکی قرار دے سکتا ہے ۔ایس آئی آر ایک طرح سے این آر سی کی نئی شکل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایسو سی ایشن فار پروٹکشن آف سول رائیٹس ( اے پی سی آر ) کے سکریٹری واثق ندیم خان نے کیا۔’ ایس آئی آر کے سماجی اور سیاسی اثرات ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند مرکز کے میڈیا ہال میں منعقد ہونے والے اجتماع میں ایس آئی آر کے مضمرات اور اس کے سیاسی پہلوؤں پر غور کیا گیا ۔ اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے ندیم خان نے کہا کہ اس وقت ملک کی بارہ ریاستوں میں ایس آئی آر کا عمل پورا ہو چکا ہے ۔ندیم خان نے 1955 کے شہریت قانون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2003 میں واجپائی حکومت نے اس قانون میں ترمیم کی تھی ۔اس ترمیم کے بعد سے پورے ملک میں این آر سی کرانے کی بات کہی جانے لگی ۔انہوں نے کہا کہ این آر سی اور ڈی لمیٹیشن کی آڑ میں پورے ملک کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ڈی لمیٹیشن کے تحت جہاں بی جے پی چناؤ جیت رہی ہے وہاں سیٹیں بڑھائی جا رہی ہیں اور جہاں بی جے پی ہار رہی ہے وہاں سیٹیں کم کی جا رہی ہیں ۔ اس کی سب سے بڑی مثال یو پی اور بہار ہیں جہاں بڑی تعداد میں سیٹوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور تمل ناڈو جیسی ریاست میں سیٹیں کم کی جا رہی ہیں ۔اس سے جمہوری نمائندگی میں دور رس منفی نتائج مرتب ہوں گے ۔ندیم خان نے کہا کہ جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں وہاں کی ڈیموگرافی تبدیل کرکے ان کی نمائندگی ختم کی جا رہی ہے ۔آسام کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسام کی بڑی سیاسی شخصیت بدر الدین اجمل دس لاکھ ووٹوں سے چناؤ ہار گئے تھے ۔یہ ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی وجہ سے ہوا ۔اس آئی آر کے پس پردہ عزائم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کے عمل میں پرانی ووٹر لسٹ کو نہیں مانا جا رہا ہے ۔جبکہ عوام کو یہ کہہ کر گمراہ کیا جا رہا ہے کہ ایس آئی آر کے ذریعے پرانی ووٹر لسٹ اپڈیٹ کی جارہی ہے ۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکومت کی منشا کے مطابق ایک نئی ووٹر لسٹ تریب دی جا رہی ہے جو کہ ان کے حامیوں کی لسٹ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر بالکل این آر سی کی طرح کیا جا رہا ہے ۔وہی دستاویزات طلب کئے جا رہے ہیں جو آسام میں این آر سی کے دوران کئے گئے تھے ۔ندیم خان نے کہا کہ یہ سب کچھ اتنی جلد بازی میں کیا جا رہا ہے کہ عوام کو سوچنے سمجھنے کا موقع ہی نہ ملے ۔اس افرا تفری میں کروڑوں افراد کو ووٹر لسٹ سے باہر کر دیا جائے گا ۔حکومت کی کار کردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کا بیانیہ بنایا جا رہا ہے کہ ایس آئی آر کے ذریعے غیر قانونی لوگوں اور ’ گھس پیٹھیوں ‘ کو ملک سے باہر نکالنے میں مدد ملے گی ۔لیکن بہار میں ایس آئی آر کے بعد صرف چند ٖغیر ملکی پناہ گزینوں کی شناخت ہو پائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے معاشی حالات ہندوستان سے کہیں بہتر ہیں ایسے میں کوئی بنگلہ دیشی یہاں کیوں رہے گا ۔ ندیم خان نے کہا کہ ایس آئی آر کا خطر ناک پہلو یہ ہے کہ ایک بی ایل او کو یہ اختیار دے دیا گیا ہے کہ وہ کسی کا بھی فارم مشکوک قرار دے کر اس کو روک سکتا ہے ۔صرف بہار میں اکتالیس لاکھ ووٹروں کو فہرست سے خارج کیا گیا ہے ۔بعد میں آدھار کارڈ کی بنیاد پر اکیس لاکھ ووٹروں کو جوڑا گیا ہے ۔بہار میں مسلم آبادی کا تناسب سولہ فیصد سے زیادہ ہے لیکن ووٹر لسٹ سے خارج ہونے والے مسلمانوں کی تعداد 33 فی صد ہے ۔ندیم خان نے کہا کہ اس مسئلے کو لیکر اے پی سی آر پورے ملک میں عوامی بیداری مہم چلا رہی ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ای پی سی آر کی اس مہم میں شامل ہو کر ایس آئی آر کے تحت اپنا نام درج کرانے میں ایک دوسرے کی مدد کریں ۔ اجتماع عام میں بڑی تعداد میں طلبہ و نوجوانوں نے شرکت کی ۔ پروگرام کے آخر میں سوال و جواب کا سلسلہ چلا ۔ پروگرام کی نظامت ظہیر احمد نے کی۔
اسلام میں عقیدے کی آزادی کا پورا احترام کیا جاتا ہے : ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی
دنیا میں طاقت ور لوگوں نے ہمیشہ اپنے سے کمزور افراد پر جبر کیا ہے اور اپنی مرضی ان پر مسلط کرنے کی کوشش کی ہے۔...





0 Comments