ایس آئی آر اور ڈی لمیٹیشن کے ذریعے مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی ختم کرنے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے۔ بہار ، بنگال اورآسام میں مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی بتدریج کم ہو تی جا رہی ہے ۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم اور جارحانہ قوم پرستی نے ووٹروں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا کام کیا ہے ۔حالیہ اسمبلی چناؤ کے دوران مسلم مخالف بیانیہ نے نتائج پر گہرے منفی اثرات ڈالے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار اے پی سی آر کے قومی سکریٹری ندیم خان نے کیا ۔’ 2026 کے ریاستی انتخابات کا تجزیہ: ایس آئی آر اور ڈی لمیٹیشن کے اثرات ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کےمیڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس اجتماع میں ملک کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات اور ان کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
اسمبلی چناؤ پر پڑنے والے ایس آئی آر کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے ندیم خان نے کہا کہ آسام میں ڈی لمیٹیشن کا سب سے زیادہ اثر پڑا ہے ۔ ان علاقوں سے مسلمانوں کی نمائندگی ختم ہو گئی ہے جو روایتی طور پر مسلم سیٹ سمجھے جاتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آسام میں این آر سی اور ڈی لمیٹیشن اسی لیے کرایا گیا کہ مسلمانوں کی نمائندگی کو ختم کیا جا سکے ۔ چناؤ کے دوران آسام میں جارحانہ قوم پرستی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیوں نے نتائج پر گہرے اثرات مرتب کئے ۔ آسام کے زمینی حقائق سے رو برو کراتے ہوئے ندیم خان نے کہا کہ چناؤ کے دوران وزیر اعلیٰ ہیمنت وسوا سرما کے خلاف کوئی عوامی لہر نہیں تھی ۔آسام میں بنگالی بولنے والے مسلمانوں کے خلاف ایک منظم مہم چلائی گئی۔ چناؤ سے پہلے ہی زمینی سطح پر فرقہ واریت کو مضبوط کیا گیا۔ مسلم مخالف بیانیہ نے نتائج کو متاثر کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ اگر گٹ بندھن کر لیتے تو اپر آسام سے سات آٹھ سیٹیں مل سکتی تھیں ۔لیکن کانگریس کی اعلیٰ قیادت ایسا نہیں کر پائی ۔ ندیم خان نے کہا کہ آسام کی سیاسی تاریخ میں اس بار مسلمانوں کو سب سے کم سیٹیں ملی ہیں ۔ بنگال چناؤ کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے ندیم خان نے کہا کہ بنگال میں ایس آئی آر کے تحت تقریباً 91 لاکھ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے ڈیلیٹ کر دئے گئے ۔ریاست کے مرشد آباد ، مالدہ اور بردمان علاقوں سے مسلمانوں کے نام پڑے پیمانے پر کاٹے گئے ۔27 لاکھ ووٹروں کے کاغذات درست ہونے کے باوجود ان کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا ۔بنگال کی 150 سیٹوں پر ایس آئی آر کے اثرات براہ راست پڑے ہیں۔سب سے زیادہ مسلم اکثریتی علاقوں میں نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بار کے بنگال چناؤ میں مسلم ووٹوں کا بکھراؤ دیکھنے میں آیا ۔ بعض چھوٹی پارٹیوں کی وجہ سے بھی مسلم ووٹ تقسیم ہوئے ہیں ۔بنگال میں ووٹ کاؤنٹنگ کے طریقہ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے ندیم خان نے کہا کہ بنگال میں شروع سے ووٹ کاؤنٹنگ کی رفتار بہت سست رہی ۔ انہوں کہا کہ یہ سب جان بوجھ کر کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ بنگال میں بی جے پی کی کوئی لہر نہیں تھی لیکن میڈیا نے بہت پہلے سے یہ بیانیہ قائم کرنا شروع کر دیا تھا کہ بنگال میں بی جے پی کی سرکار بن رہی ہے ۔اپنے خطاب کے آخرمیں انہوں نے کہا کہ بنگال اور آسام کے چناؤ میں جس طرح سے مسلمانوں کو انتخابی عمل سے باہر رکھا گیا ، اس سے جمہوری اقدار کو سخت خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔ اجتماع عام میں بڑی تعداد میں طلبہ و نوجوانوں نے شرکت کی ۔ خطاب کے بعد سوال وجواب کا سلسلہ چلا ۔ شرکا نے اسمبلی انتخابات سے متعلق کئی اہم سوال کئے ۔ جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔





0 Comments