تاریخ کو سیاست سے الگ رکھنے کی ضرورت : ضیاء السلام

ستمبر 8, 2026

 

تاریخ ایسی چیز ہے جسے آپ آج کی سیاسی مجبوریوں یا سیاسی لڑائیوں کے لیے استعمال نہیں کرسکتے۔ تاریخ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ ماضی کی جو حقیقت ہے وہ اپنی جگہ قائم رہے گی۔ ہندوستان میں مغلوں کی حکومت ایک ایسی کثیر مذہبی اور کثیر ثقافتی سلطنت تھی جہاں مختلف مذاہب، زبانوں، تہذیبوں اور برادریوں کے لوگ نہ صرف ساتھ رہتے تھے بلکہ ریاستی نظام، فوج، انتظامیہ، فنون اور ثقافت میں بھی اپنا کردار ادا کرتے تھے۔تاریخی اصول کے مطابق مغلوں کو نہ تو فرشتہ بنا کر پیش کرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی شیطان بنا کر۔ تاریخ کا تقاضا یہ ہے کہ ہم انہیں ان کے پورے تاریخی پس منظر میں دیکھیں۔ ان کی غلطیوں، کمزوریوں اور سیاسی فیصلوں پر بھی بات کریں، لیکن ان کی انتظامی، ثقافتی، معاشی اور تہذیبی خدمات کو بھی تسلیم کریں۔مغل ہندوستان کی تاریخ کا ایک اہم باب ہیں اور کسی ایک باب کو پھاڑ کر کتاب کو نہیں پڑھا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی اور دانشور ضیاء السلام نے کیا ۔’ ہندوستان میں مغلوں کا دور ، ایک تجزیہ ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔

اجتماع عام کو خطاب کرتے ہوئے ضیاء السلام نے مغل دور کی تاریخ کے مختلف پہلوؤں پر اپنا تفصیلی تجزیہ پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ سنہ 1526 میں مغلیہ سلطنت کی بنیاد ظہیر الدین بابر نے رکھی تھی۔ بابر نے پہلے ابراہیم لودھی کو شکست دی اور اس کے اگلے ہی سال رانا سانگا کو بھی شکست دی۔اگر تاریخی اعتبار سے دیکھا جائے تو  2026 میں مغلیہ حکمرانی کے پانچ سو سال مکمل ہو چکے ہیں۔ اس لیے یہ موزوں وقت ہے کہ ہم جائزہ لیں کہ مغلوں سے ہم نے کیا حاصل کیا اور کیا کھویا۔انہوں نے کہا کہ آج جس ملک کو ہم ہندوستان کہتے ہیں اور آر ایس ایس کے  لوگ جسے ’اکھنڈ بھارت‘ کا نام دیتے ہیں، یعنی وہ اکھنڈ بھارت جو برما سے بنگلہ دیش، ہندوستان، نیپال، پاکستان اور افغانستان تک پھیلا ہوا تصور کیا جاتا ہے ۔اس اکھنڈ بھارت کی بنیاد گپتوں نے نہیں رکھی تھی، آریاؤں نے نہیں رکھی تھی، وادیٔ سندھ کی تہذیب کے لوگوں نے نہیں رکھی تھی۔اس اکھنڈ بھارت کی بنیاد مغلوں نے رکھی تھی۔ ہندوستانی سماج پر مغلوں کے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جو زبان بولتے ہیں یا جسے آج کل ’ہندی‘ کہا جاتا ہے، وہ بھی مغل دور کے اثرات کی حامل ہے۔ہمارے برادران وطن اور ہمارے بزرگ جو کُرتا پاجامہ پہنتے ہیں، وہ بھی مغل دور کی دین ہے۔ ہماری بہنیں جو کُرتا، قمیص اور شلوار پہنتی ہیں، وہ بھی مغل دور کی یادگار ہے۔ کھانے پینے پر مغل کلچر کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے ضیاء السلام نے کہا کہ چاہے آپ تندوری روٹی لیں، نان لیں، نہاری لیں، کباب لیں یا بریانی، ہر چیز پر آپ کو مغل دور کی چھاپ نظر آئے گی۔

مغل طرز تعمیر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی دس بڑی تاریخی عمارتوں میں، جہاں غیر ملکی سیاح سب سے زیادہ آتے ہیں اور جن سے حکومت کو سب سے زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے، ان دس عمارتوں میں سے چھ مغلوں کی تعمیر کردہ ہیں۔

اکبر کی حکومت کا آغاز 1556 میں ہوا اور ان کی حکمرانی 1605 میں ختم ہوئی۔سنہ 1575ء میں اکبر نے ایک ایسی چیز کی بنیاد رکھی جو تاریخ میں اس سے پہلے کبھی نہیں رکھی گئی تھی۔اکبر نے ایک ایسا عبادت خانہ قائم کیا تھا، جہاں مختلف مذاہب کے لوگ آیا کرتے تھے۔ اس عبادت خانے میں ہندو آتے تھے ، جین راہب آتے تھے، بدھ مت کے پیروکار آتے تھے، عیسائیوں کے نمائندے اور پادری وغیرہ ہوتے تھے اور مسلمان علماء بھی وہاں موجود ہوتے تھے۔یہ لوگ عبادت خانے میں روزانہ مختلف موضوعات پر باہمی مباحثے اور مکالمے کیا کرتے تھے۔یہ وہ بین المذاہب مکالمہ (Interfaith Dialogue) تھا، جس کے بارے میں آج ہم اکثر کہتے ہیں کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘۔ اب یہ تو مجھے نہیں معلوم کہ آج کل کس کا ساتھ ہے اور کس کا وکاس ہے، لیکن 1575ء میں عبادت خانے میں ’’سب کا ساتھ‘‘ ضرور ہوا کرتا تھا۔

ضیاء السلام نے کہا  کہ آج اورنگزیب کو ایک ویلن کے طور پر پیش کیا جاتا ہے لیکن اسی اورنگ زیب کی حکومت میں تقریباً 33 فیصد عہدیدار ہندو تھے۔ یعنی ہر تین میں سے تقریباً ایک عہدیدار ہندو ہوا کرتا تھا۔اس کے علاوہ اورنگ زیب کی حکومت میں بہت سے اہم عہدوں پرغیر مسلم افراد فائز تھے۔اب آپ ذرا اس کا موازنہ کیجیے کہ آج ہماری حکومت میں کتنے مسلمان وزیر ہیں؟ کیونکہ جب آپ مغلوں کی خدمات اور کردار کو کم کرکے دکھانے کی کوشش کرتے ہیں تو دراصل آپ ہندوستان کی تاریخ کو ہی کمزور کر رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ مغلوں نے کئی جگہ ظلم بھی کئے ہیں ۔ اس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ لیکن اسی کے ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ مغلوں نے ملک کے بڑے حصے کو متحد کیا اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں برتا۔

مغل دور کے سماجی حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس زمانے کے جو ہندو ہوا کرتے تھے، وہ عام طور پر اپنے آپ کو ’’ہندو‘‘ نہیں کہتے تھے۔ وہ خود کو راجپوت، مراٹھا یا برہمن کہتے تھے۔ ’’ہندو‘‘ کا لفظ اپنے مذہب یا اپنی شناخت کے لیے اس طرح استعمال نہیں کرتے تھے جیسے کہ آج کیا جا رہا ہے۔ اورنگ زیب کے زمانے میں ہندوؤں کو اپنے تہوار وغیرہ منانے کی مکمل آزادی حاصل تھی۔ اور صرف ان کے زمانے میں ہی نہیں، اس سے پہلے بھی، خاص طور پر شاہ جہاں اور جہانگیر کے دور میں دیوالی کو ’’جشنِ چراغاں‘‘ کہا جاتا تھا۔ہولی بھی منائی جاتی تھی۔ محمد شاہ رنگیلا خود ہولی مناتے تھے، جسے ’’عیدِ گلابی‘‘ کہا جاتا تھا۔شاہ عالم ثانی دور زوال کے مغل بادشاہ تھے۔ اس وقت مغلوں کا اقتدار ضرور کمزور ہوگیا تھا اور وہ عملاً مراٹھوں کے زیرِ اثر تھے لیکن شاہ عالم اپنی ذات میں ایک بہت ہی باصلاحیت انسان تھے۔وہ صرف ہندی، یعنی اس زمانے کی ہندوی، اردو، فارسی، برج بھاشا اور پنجابی میں گفتگو ہی نہیں کرسکتے تھے بلکہ ان تمام زبانوں میں شاعری بھی کیا کرتے تھے۔

ضیاء السلام نے کہا کہ اس وقت سوشل میڈیا پر مغلوں کے تصویر مسخ کرنے کی مہم چل رہی ہے۔ تاریخ کے بارے میں لوگ غلط باتیں پھیلا رہے ہیں ، خواہ ٹوئٹر کے ذریعے، گودی میڈیا کے ذریعے یا انسٹاگرام کے ذریعے ۔آپ کو تاریخ کے حقائق کی بنیاد پر ان کا جواب دینے کے قابل ہونا چاہیے۔تاریخ کے حقائق ہمیں بتاتے ہیں کہ مغلوں نے ہندوستان کو پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ متحد اور مضبوط کیا۔ بدقسمتی سے مغلوں کے زوال کے بعد ہندوستان اتنا متحد نہیں رہا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ آپ مغلوں کو کتابوں سے مٹا سکتے ہیں، آپ ٹی وی کے مباحثوں میں مغلوں کو ایک ویلن کے طور پر پیش کر سکتے ہیں، لیکن مغلوں کی تہذیب کے بغیر آپ زندگی نہیں گزار سکتے۔

 

 

محبت بانٹیں

0 Comments