حضرت حسینؓ نے حق کی بازیابی کے لیے شہادت دی : ڈاکٹر محی الدین غازی

جون 21, 2026

خلافت کا ملوکیت میں تبدیل ہو جانا ملت کے لیے بہت بڑا سانحہ تھا ۔ملوکیت قائم ہونے سے بیت المال اور مسلم رائے عامہ کا خاتمہ ہو گیا ۔ حضرت حسین یزید کے خلاف حق کی یازیابی کے لیے اٹھے تھے ۔حضرت حسینؓ  کا امت پر یہ احسان ہے کہ انہوں نے اپنے خون سے باطل کے خلاف احتجاج درج کرایا ۔اگر وہ ایسا نہ کرتے تو تاریخ کے صفحات سادہ رہ جاتے ۔ کربلا احتجاج کی وہ چنگاری ہے جو وقتاً فوقتاً آج بھی شعلہ بن ابھرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری ڈاکٹر محی الدین غازی نے کیا ۔’ شہادت حسینؓ کا پیغام ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر محی الدین غازی نے شہادت حسینؓ کے تاریخی پس منظر اور اس کے اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 10 ذی الحجہ کو ہم حضرت ابراہیمؐ کی قربانی کی یاد مناتے ہیں۔ ،ٹھیک ایک ماہ بعد 10 محرم کو ایک بڑے مقصد کے لیے حضرت حسینؓ نے اپنی جان کے کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کے تعلق سے دو طرح کے نظریئے پیش کئے جاتے ہیں ۔ ایک یہ کہ حضرت حسین اپنا حق اور اقتدار حاصل کرنے کے لیے نکلے تھے ۔ اس طرح کے بیانیہ سے واقعہ کربلا اور ان کی شہادت کی اہمیت کم ہو جاتی ہے ۔ دوسرا یہ کہ مسلم ملکوں خاص کرعرب ممالک میں جہاں ملوکیت کی جڑیں آج بھی گہری ہیں ، وہاں یہ بیانیہ چلایا جاتا ہے کہ حضرت حسینؓ نے کربلا کی جانب کوچ کرکے بڑی غلطی کی تھی ،جبکہ لوگ ان کو مشورہ دے رہے تھے کہ وہ یزید کے خلاف اس طرح کا اقدام نہ کریں ۔یہ دونوں بیانیہ حسینؓ کے مشن کو نقصان پہنچانےوالا ہے ۔محی الدین غازی نے کہا کہ حضرت حسینؓ اپنے ذاتی مطالبے کے لیے نہیں نکلے تھے۔ بلکہ امت کا حق حاصل کرنے کے لیے نکلے تھے ۔ وہ حق جو امت سے چھین لیا گیا تھا۔کسی گروہ کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ امت کی مرضی اور اس کی رائے کی پروا کئے بغیر اقتدار پر مسلط ہو جائے ۔یہ بات بالکل غیراسلامی اورغیر انسانی ہے ۔اس موقع پر حضرت ابوبکر صدیقؓ کے انتخاب کا حوالہ دیتے ہوئے محی الدین غازی نے کہا کہ حضرت ابوبکرؓ کا انتخاب امت کی عام رائے سے ہوا تھا ،  جو سب کے لیے قابل قبول تھا۔حضرت ابوبکرؓ کا انتخاب دین کی بنیاد پر کیا گیا ۔ اسی طرح حضرت عمرؓ کا انتخاب بھی دین کی بنیاد پر ہوا تھا ۔لیکن یزید کے زمانے میں امت سے اس کے حق کو چھین لیا گیا ۔اس وقت جو حکومت قائم کی گئی وہ ہر قسم کی مخالف طاقت کو کچل کر ایک ’ خونی ملوکیت ‘ قائم کی گئی ۔خلافت راشدہ کے مقابلے میں ایک خونی ملوکیت کو سامنے لایا گیا ۔یزید کی جو ٹیم تھی وہ بہت بگڑے ہوئے لوگوں کی ٹیم تھی ۔حضرت حسینؓ امت کے حق کی بازیابی کے لیے اٹھے ۔ان کا یہ احسان ہے کہ انہوں نے اپنے خون سے ملوکیت کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا ۔ملوکیت نے دین کی اہمیت کم کرنے اور اس میں کٹوتی کرنے کی کوشش کی ۔حضرت حسینؓ اس کٹوتی کے خلاف تھے ۔ان کا مطالبہ تھا کہ امت کو اس کا پوراحق دیا جائے اوراس میں کسی طرح کی کوئی کمی بیشی نہ کی جائے ۔امت کا معاملہ اجتماعی فیصلے سے طے کیا جائے ۔اپنے خطاب کے آخر میں محی الدین غازی نے کہا کہ پہلے کے زمانے میں جو ریاست کا مذہب ہوتا تھا وہی رعایا کا مذہب ہوتا تھا ۔کسی کو ریاست کے فیصلے سے اختلاف کرنے کی ہمت نہیں تھی ۔لیکن اسلام نے اس چیز کو بدل ڈالا۔امت کا حق اجتماعی فیصلے اور مشورے سے طے ہوتا ہے ۔آج کے جمہوری دور میں مزید تبدیلی آئی ہے ۔پوری دنیا میں سیاسی اصلاحات ہو رہی ہیں ۔لیکن مسلم ملکوں میں ملوکیت کا وہی دور آج بھی جاری ہے ۔ حضرت حسینؓ کی شہادت اس صورت حال کو بدلنے میں مثالی کردار ادا کرتی ہے ۔ اجتماع عام میں بڑی تعداد خواتین ، طلبہ اور معززین شہر نے شرکت کی ۔ خطاب کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ چلا ۔ جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

محبت بانٹیں

0 Comments