اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے ۔اس کا ایک اہم شعبہ صحت عامہ بھی ہے ۔لیکن ہمارے معاشرے میں صحت کے تعلق سے بات کم ہی کی جاتی ہے ۔اسلام میں اس بات کی تعلیم دی گئی ہے کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر کس طرح صحت مند رہا جائے ۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو ایک صحت مند جسم عطا کیا ہے ۔اس کو خراب کرنے کا حق انسان کو قطعی نہیں ہے ۔جس طرح تمام اعمال کی جوابدہی ہے اسی طرح خدا کے سامنے صحت کی بھی جوابدہی ہے۔ان خیالات کا اظہار الحکمہ فاؤنڈیشن کے چئیرمین اور معروف معالج حکیم ضیالدین ندوی نے کیا ۔جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ’ صحت : اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ‘ کے موضوع پر ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے حکیم ضیاالدین ندوی نے اسلام میں صحت عامہ کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اسلام ایک نظام حیات ہے تو صحت کے مسئلہ پر بات کیوں نہیں کی جاتی ؟ صحت جیسے اہم ایشو کو نظر انداز کیوں کیا جا تا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسان کو زندگی گزارنے کے معیاری طریقے بتائے ہیں ۔صحت کا سماجی مسائل سے گہرا تعلق ہے۔ایک صحت مند انسان سے ہی صحت مند معاشرہ وجود میں آتا ہے ۔سماجی اور گھریلو مسائل کا اثر فراد کی صحت پر پڑتا ہے ۔ ہم بیماریوں کا علاج تو کر تے ہیں لیکن اس کے اسباب کا علاج نہیں کر تے ۔حکیم ضیاالدین نے کہا کہ حقوق کی عدم ادائگی سے بھی انسانی صحت میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے ۔قرآن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے جنت کے بدلے میں مومن بندے کے جان و مال کو خرید لیا ہے ۔یہ جسم اللہ کی امانت ہے لہٰذا اس کو بیماریوں سے پاک رکھنا بندے کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے اپنے بندوں کو تین بڑی نعمتیں دی ہیں ۔اولاد ، مال اور صحت ۔ اولاد کی بہترین تربیت والدین کی ذمہ داری ہے ۔مال کیسے کمایا اور کہاں خرچ کیا اس جواب خدا کے سامنے دینا ہوگا اور جو صحت اللہ نے دی ہے اس کا استعمال کن کاموں میں کیا گیا،اس جواب بھی دینا پڑے گا ۔ انہوں نے قرآن کی مختلف آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن نے پاک اور حلال چیزوں کے کھانے پینے پر کوئی روک نہیں لگائی ہے لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا پڑے گا کہ طبی اعتبار سے ہمارے مزاج اور جسمانی صحت کے لیے کون سی چیز مناسب ہے۔انہوں نے اس حدیث کا بھی حوالہ دیا جس کا مفہوم ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک کمزور بندے کے مقابلے صحت مند بندہ زیادہ پسنددیدہ ہے۔اپنے خطاب کے آخر میں حکیم ضیاالدین ندوی نے کہا کہ ہمارے جسم کے ساتھ ساتھ افکار کا بھی صحت مند ہونا ضروری ہے ۔مثبت سوچ رکھنے سے دماغی اور روحانی سکون حاصل ہوتا ہے ۔صحت کے بہت سے مسائل لائف اسٹائل بدلنے سے بھی حل ہو سکتے ہیں ۔ منشیات سے دوری ، روزانہ کی ورزش ، کھانے اور سونے میں وقت کی پابندی اور فعال زندگی گزارنے سے صحت کے مسائل پر بڑی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے ۔پروگرام کے آخری حصے میں سوال و جواب کا سلسلہ چلا ۔شرکاء نے صحت کے تعلق سے کئی اہم سوالات کئے ۔ اجتماع میں جماعت اسلامی ہند کے مرکزی ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ اور معززین شہر نے شرکت کی ۔ پروگرام کی نظامت ظہیر احمد نے کی۔





0 Comments