دینی تربیت ہی بچوں کو سوشل میڈیا کے برے اثرات سے بچا سکتی ہے:ڈاکٹر عاقب شہباز عثمانی

جنوری 19, 2026

اس وقت سوشل میڈیا پوری دنیا کے لیے ایک مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا نے تمام اخلاقی حدود کا خاتمہ کر دیا ہے۔بچے سب سے زیادہ اس کا شکار ہو رہے ہیں ۔انسٹاگرام پر ریل دیکھنا بچوں کی لت بنتی جا رہی ہے۔والدین کے سامنے سوشل میڈیا ایک بڑا چینلج بن چکا ہے ۔ بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے حدود متعین نہ کئے گئے تو یہ ایک خطرناک صورت حال بن جائے گی ۔اس کے لیے ضروری ہے کہ بچوں کو دینی تربیت دی جائے ۔والدین بچوں کو سوشل میڈیا کا استعمال تنہائی میں نہ کرنے دیں ۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچوں کا موبائل لاک نہ رہے اور وہ جب چاہیں اس کو چیک کر سکیں ۔ان خیالات کا اظہار معروف اسلامی اسکالر اور دہلی یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عاقب شہباز عثمانی نے کیا ۔’ بے احتیاط سوشل میڈیا کے دور میں بچوں کی پرورش ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس اجتماع میں بچوں پر پڑنے والے سوشل میڈیا کے برے اثرات کا جائزہ لیا گیا ۔ اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عاقب شہباز عثمانی نے کہا کہ سوشل میڈیا اس زمانے میں ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے ۔دنیا کے تقریباً تمام ممالک سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے متاثر ہو رہے ہیں ۔سوشل میڈیا کا برا اثر سب زیادہ بچوں پر پڑ رہا ہے ۔ خاص طور پر مسلم گھروں کے بچوں کے لیے یہ ایک چیلنج بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی پوری زندگی والدین کی تربیت پر منحصر ہے ۔ وہ چاہیں تو اس کو سنوار دیں یا اس کو بگاڑ دیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بچوں پر سختی کرنے کے بجائے ان کو اعتماد میں لے کر صحیح اور غلط کے درمیان فرق کرنا سکھانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہدایت اور تربیت دو چیزیں ہیں ۔ ہدایت کا معاملہ اللہ کے ہاتھ میں ہے ، جبکہ تربیت کی ذمہ داری والدین کے ہاتھوں میں ہے ۔ہم تربیت کے ذریعے بچوں کی بہترین رہنمائی کر سکتے ہیں۔ہم بچوں سے بات کرکے اور ان کو اعتماد میں لے کر ہی ان کے متعلق کوئی فیصلہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ ہر انسان اپنے زمانے کی پیداوار ہوتا ہے ۔زمانہ بدلتا رہتا ہے ۔آج کی زندگی بہت تیز رفتار ہے ۔آج پوری زندگی تبدیل ہوگئی ہے ۔کھانے پینے سے لیکر تفریح کے طریقے تک بدل گئے ہیں ۔ایسے میں نئی نسل کی تربیت اور ان کو درپیش مسائل کو سنجیدگی سے سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ آج نئی نسل کے لیے انتظار کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے ۔آج بہت کچھ آسانی سے دستیاب ہو رہا ہے ۔ایسے میں بچوں کی صحیح رہنمائی کی سخت ضرورت ہے۔سوشل میڈیا کے اثرات پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عاقب عثمانی نے کہا کہ سوشل میڈیا نے زندگی کی ہر لمٹ کو ختم کر دیا ہے ۔انسٹاگرام پر ریل دیکھنا ایک لت بن گئی ہے ۔اس صورت حال سے سب پریشان ہیں ۔ریل کی لت دماغ اور جذبات کو تیزی کے ساتھ بدل رہی ہے ۔ایک کے بعد ایک ریل کا سلسلہ بچوں کو کسی ایک جذبے پر ٹھہرنے نہیں دیتا ۔یہی وجہ ہے کہ بچوں میں کوئی تعمیری تبدیلی نظر نہیں آ رہی ہے ۔ جب والدین ہی موبائل میں مصروف نظر آئیں گے تو بچے بھی اسی روش پر عمل کریں گے ۔لیکن اس صورت حال کو والدین بدل سکتے ہیں۔ سب سے پہلے گھر میں اسلامی اور دینی ماحول پیدا کیا جائے۔والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کے اچھے دوست بنیں ۔ان کو موبائل کے ساتھ کمرے میں تنہا نہ چھوڑیں ۔بچوں کو زیادہ دیر تک نہ جاگنے دیں ۔اگر بچہ کسی طرح کے تناؤ میں نظر آتا ہے تو اس بات کریں ۔بچوں کو روزانہ کم از کم دس منٹ دینی تعلیم یا اسلامی اخلاقیات کی تعلیم دیں۔ بڑے بچوں کو قرآن مجید ، سیرت رسولؐ اور صحابہ کرام کی تعلیمات سے آراستہ کریں۔گھر کا ماحول خوشگوار اور دینی رہے گا تو بچوں پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔خطاب کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ چلا ۔ اجتماع عام میں طلبہ و نوجوانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

محبت بانٹیں

0 Comments