غزہ کے بہادر عوام خطے کی صورت حال میں بڑی تبدیلی لا سکتے ہیں مرکز جماعت اسلامی کے میڈیا ہال میں ‘‘ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم ‘‘ کے موضوع پر ڈاکٹر محمد سہراب کا جلسے سے خطاب

ستمبر 1, 2025

 

غزہ میں جاری اسرائیل کی نسل کشی اور صہیونی توسیع پسندی عالمی برادری خصوصاً مسلمانوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے ۔ جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ’’ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم اور دنیا پر اس کے اثرات ‘‘ کے موضوع پر ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اجتماع عام کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ انٹر نیشنل پالیٹکس کے پروفیسر محمد سہراب نے خطاب کیا ۔اس اجتماع عام میں جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری مولانا رضی الاسلام ندوی اور مولانا محمد احمد نے بطور خاص شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں پروفیسر محمد سہراب نے اسرائیل کے جارحانہ توسیع پسند منصوبوں کا تاریخی پس منظر پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ صہیونی طاقتیں فلسطین پر اپنا دعویٰ حضرت داؤد اور حضرت سلیمان کی بادشاہت کے قصے کی بنیاد پر کرتی ہیں ۔گریٹر اسرائیل کا نقشہ ایک چھتری کی شکل میں ہے جس کے اندر اردن ، شام ، عراق ، سعودی عرب اور ایران کا کچھ حصہ شامل ہے ۔یہ نظریہ گذشتہ دو سو سال سے پروان چڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا گریٹر اسرائیل کے تصور نےاس وقت زور پکڑا جب یورپ میں قوم پرستی کی تحریک اپنےعروج پر تھی ۔صہیونی تحریکوں نے فلسطین پر قبضہ کو جائز ٹھہرانے کے لیے پوری دنیا میں چار بیانیہ قائم کیا۔ ایک یہودی خدا کی منتخب قوم ہیں ۔دو سرا یہودی مظلوم قوم ہے ۔ان کے پاس اپنی کوئی زمین یا وطن نہیں ہے ۔تیسرا فلسطین کی زمین آبادی سے خالی ہے ۔چوتھا فلسطین پر یہودیوں کا حق ہے کیوں کہ یہ یہاں سے نکالے گئے تھے ۔اس نظریے کی بدترین شکل ہمیں غزہ کے قتل عام میں دکھائی دے رہی ہے ۔فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے تاریخی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے پروفیسر محمد سہراب نے کہا کہ آج غزہ میں جو صورت حال ہے اس کے ذمہ دار صرف امریکہ اور یورپ نہیں بلکہ عرب حکمراں بھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عربوں کو یورپ اور امریکہ کے تسلط کا ادراک ابھی تک نہیں ہوا ہے ۔ جمال الدین افغانی ، سید قطب شہید اور حسن البنا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اولین دانشور ہیں جنہوں نے مغربی سامراجیت کے خطرے سے امت کو آگاہ کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا مقصد عرب آبادی کو منتشر اور ان کو کمزور کرنا ہے ۔اس ایجنڈا پر اسرائیل ، یورپ اور امریکہ مل کر کام کر رہے ہیں ۔عرب حکمرانوں نے اسرائیل سے سمجھوتا کر لیا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ غزہ میں جاری قتل عام پر عرب حکمراں نہ صرف خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں بلکہ اسرائیل کو مدد بھی پہنچا رہے ہیں ۔پروفیسر سہراب نے کہا کہ یہ ایک تہذیبی تصادم ہے جس کا مقابلہ پوری امت کو مل کر کرنا ہے ۔اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ تمام مایوسیوں کے با وجود غزہ کے جیالے مسلمانوں نے ایمان ، قربانی اور ثابت قدمی کی عظیم ترین مثال پیش کی ہے ۔فسلطینی عوام اپنی قربانیوں سے اس صورت حال کو تبدیل کرنے کی قوت رکھتے ہیں ۔اجتماع عام میں جماعت اسلامی ہند کے مرکزی ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات اور دانشوروں نے شرکت کی۔جلسے کی نظامت کے فرائض عدنان فیض انجام دئے ۔

محبت بانٹیں

0 Comments