مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کا منصوبہ , ایس آئی آر کی لڑائی قانونی اور سیاسی سطح پر لڑنے کی ضرورت: ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس

نومبر 3, 2025

 

ملک میں ہونے والے اسپیشل اینٹینسیو ریویزن( ایس آئی آر)کے نام پر مسلمانوں کو جمہوری حق رائے دہی اور شہریت سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔کبھی این آر سی اور کبھی ایس آئی آر کے نام پر مسلمانوں کو ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے ۔ایس آئی آر کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اپوزیشن کی لسٹ سے مسلمانوں کو بے دخل کر دیا جائے ۔ لیکن ان حالات سے مسلمانوں کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بلکہ آسام کے  مسلمانوں کی طرح حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ۔ مسلمان اپنے قانونی کاغذات  تیار رکھیں اور ضرورت پڑنے پر ان کا استعمال کریں ۔ایس آئی آر کی لڑائی قانونی اور سیاسی دونوں سطح پر لڑنے کی ضرورت ہے۔ اس لڑائی کا بہترین راستہ یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جو کاغذات مانگے جا رہے ہیں، ان کو مہیا کرا دئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی مفکر اور ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کیا ۔جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں ’ مسئلہ شہریت اور دستور ہند ‘ کے موضوع پر اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ اجتماع عام میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر انجینئر محمد سلیم اور سکریٹری محمد احمد نے بطور خاص شرکت کی ۔موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ملک کے دستور میں درج شہریت کی تعریف اور آسام میں ہونے والی این آر سی کے تاریخی اور قانونی پس منظر کا تفصیل کے ساتھ ذکر کیا ۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت شہریت کا مسئلہ جان بوجھ کر اٹھایا جا رہا ہے ۔این آر سی کو چور دروازے سے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہار میں ایس آئی آر کے تحت تقریباً 47 لاکھ ووٹروں کو فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے ۔ خارج کئے گئے ووٹروں میں زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہار میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب سولہ سترہ فیصد ہے لیکن فہرست سے جن مسلمانوں کو خارج کیا گیا ہے وہ کل مسلم آبادی کا 33 فیصد ہے ۔ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کہا کہ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ عام طور سے مسلمان بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے ۔اپنے مخالف ووٹروں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے لئے ایس آئی آر لایا گیا ہے  ۔ ایس آئی آر کے تحت بہار میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے ۔ ملک کے موجودہ سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دنوں ’ گھس پیٹھئے ‘ کے نام پر ایک نئی اصطلاح گڑھی جا رہی ہے ۔ظاہر اس کی آڑ میں مسلمانوں کو ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے ۔’ بنگلہ دیشی ‘ مسلمان کے بیانیہ پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کا مسلمان بھارت کیوں آئے گا ؟ بنگلہ دیش کا جی ڈی پی بھارت کے جی ڈی پی سے کہیں بہتر ہے ۔بنگلہ دیش کے عام لوگوں کے معاشی حالات بھارت کے لوگوں سے بہتر ہیں ۔ایسے میں بنگلہ دیش کے لوگ یہاں کیوں آ ئیں گے ؟ان تمام مسئلے کو ایک سیاسی حربے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔ قاسم رسول الیاس نے زور دے کر کہا کہ جس طرح آسام کے مسلمانوں نے این آر سی کا سامنا ہمت کے ساتھ  کیا اور بڑی محنت سے اپنے کاغذات حاصل کئے ہیں ، اسی طرح دیگر ریاستوں کے مسلمانوں کو بھی اپنے کاغذات تیار رکھنے چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر مطلوبہ کاغذات کی تفصیل موجود ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ایس آئی آر سے خوف زدہ نہ ہوں ۔ اس سلسلے میں کئی عرضیاں سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں ۔پروگرام کے آخر میں سوال و جواب کا سلسلہ چلا ۔ اجتماع عام میں طلبہ و نوجوانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں عام افراد نے بھی شرکت کی ۔ اجتماع کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

محبت بانٹیں

0 Comments