جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں ’ ملت کی موجودہ صورت حال : صبر و تقویٰ کی اہمیت ‘ کے موضوع پر ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کا کیا گیا ۔جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے اجتماع عام کو خطاب کیا ۔اپنے خطاب میں ملک معتصم خان نے ملک کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی تجزیہ پیش کیا ۔ اپنے خطاب کے آغاز میں انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا سوال یہ ہے کہ ہم موجودہ مسائل کو کس نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔اس وقت ملک کی جو صورت حال ہے وہ اطمینان بخش نہیں ہے ۔ملک میں بد امنی کا ماحول ہے ۔نفرت کی سیاست اپنے عروج پر ہے ۔ پورا ملک فکری بحران کا شکار ہے ۔سماج میں اندبھکتی ، جھوٹ ، نفرت اور فرقہ پرستی پھیلی ہوئی ہے ۔ملک معتصم خان نے کہا کہ آزادی کے وقت اس ملک کو جمہوری بنیادوں پر قائم کیا گیا تھا ۔لیکن آج یہ ملک اپنی جمہوری شناخت کھوتا جا رہا ہے ۔یہ ملک صرف ہندوؤں کا نہیں ہے بلکہ یہ مسلمانوں ، سکھوں ، عیسایوں اور بودھوں کا بھی ہے ۔لیکن افسوس اس کو اکثریت کا ملک بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ملک معتصم خان نے ملک کے اہم مسائل کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ اخلاقی بحران سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اخلاقی بحران سماج کے ہر شعبے پر حاوی ہو گیا ہے ۔تجارت ،معیشت ، عدالت ، سیاست اور تعلیم پر اخلاقی بحران کا غلبہ ہے ۔ساتھ ہی معاشی بحران ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے ۔معاشی عدم مساوات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملک کی ایک فیصد آبادی چالیس فی صد دولت پر قابض ہے ۔جبکہ ملک کے وسائل پر تمام شہریوں کا برابر حق ہونا چاہئے ۔مسلمانوں کی مجموعی ترقی پر بات کرتے ہوئے ملک معتصم خان نے کہا کہ مسلمانوں کو اعلیٰ تعلیم سے محروم رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ، محمد علی جوہر یونیورسٹی اور الفلاح یونیورسٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کو لگاتار نشانہ بنایا جارہا ہے۔لیکن تمام رکاوٹوں کے باوجود مسلمانوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے جد و جہد جاری رکھنی چاہئے ۔اپنی تقریر کے دوسرے حصے میں ملک معتصم خان نے مسلمانوں کو مسائل کے حل کے لیے قرآن و سنت سے وابستہ ہونے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم نے مشکل حالات میں صبر اور تقویٰ اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔تقویٰ کا تعلق صرف عقیدے سے نہیں ہے بلکہ انسانی کردار سے ہے ، اس کے بغیر کسی کام میں کامیابی ملنا مشکل ہے۔صبر اور تقویٰ مشکلات کو دور کرتا ہے ۔مسلمانوں کے کردار میں صبر و تقویٰ ایک بنیادی وصف ہے ۔اللہ تعالیٰ نے قرآن میں وعدہ کیا ہے کہ وہ صابرین و متقین کے ساتھ ہے ۔اسی طرح صبر ایک کمزوری نہیں بلکہ ایک طاقت ہے ۔صبر اور تقویٰ ایک بنیادی ضرورت ہے جسے تمام مسلمانوں کو اختیار کرنا چاہئے ۔مسلم معاشرے میں پائی جانے والی خرابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ملک معتصم خان نے کہا کہ جس طرح ہندو قوم پرستی کو ہم غلط سمجھتے ہیں ۔اسی طرح ہم مسلم قوم پرستی کو بھی غلط سمجھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں ہندو اور مسلمان دونوں کے اندر قوم پرستی پائی جاتی ہے ۔برتری صرف اللہ کو حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اصل مسائل شناخت کرکے ان کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ مسلمانوں کو تعلیمی جدو جہد ، اخلاقی جد وجہد ، قانونی جدو جہد ، سیاسی جد و جہد اور دعوتی جدو جہد پر اپنی توجہ مرکوز کر نے کی ضرورت ہے ۔ اس وقت ملک صحیح فکر سے محروم ہے ۔مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ ملک کے سامنے صحیح فکر پیش کریں ۔ملک میں جو اخلاقی گراوٹ ہے اسے دور کرنے کی ضرورت ہے ۔یہ کام ہمیں آپ کو مل کر کرنا ہے ۔
اسلام میں عقیدے کی آزادی کا پورا احترام کیا جاتا ہے : ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی
دنیا میں طاقت ور لوگوں نے ہمیشہ اپنے سے کمزور افراد پر جبر کیا ہے اور اپنی مرضی ان پر مسلط کرنے کی کوشش کی ہے۔...





0 Comments