مسلمان ملک کے سامنے اپنا داعیانہ کردار پیش کریں : سلیم انجینئر

جولائی 5, 2026

 

ملک کے حالات تیزی کے ساتھ بدل رہے ہیں۔یہ تبدیلی مثبت بھی ہے اور منفی بھی ۔ملک میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نفرت کا ایجنڈا چلایا جا ریا ہے ۔عام شہریوں کے حقوق پامال ہو رہے ہیں ۔حکومت کی پالیسی اور اس کی سیاست پر فسطائیت کا نظریہ حاوی ہے ۔ایس آئی آر ، مساجد کے خلاف انہدامی کارروائیاں اور منافرت کا پرچار اس کی سب سے بڑی مثال ہے ۔ لیکن ان سب کے با وجود ہندوستان کا مسلمان اپنے دین اور عقیدے پر سختی سے قائم ہے ۔ان تمام مشکلات میں بھی اس نے دین کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہیں کیا ہے۔ایسے میں قرآن مجید نے مسلمانوں کی تلقین کی ہے کہ وہ صبر اوراستقامت کا راستہ اختیار کریں ۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے کیا ۔’ بدلتا ہندوستانی سماج اور مسلمانوں کا مطلوبہ کردار ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ  ہندوستان میں بسنے والے تمام باشندے بشمول مسلمان سب ہندوستانی شہری ہیں ۔ یہاں کے مسلمان ہندوستانی سماج کا ایک اہم حصہ ہیں ۔ہندوستان کے مسلمان اپنے عقیدے ، شناخت اور داعی کی حیثیت سے ایک منفرد مقام رکھتے ہیں ۔ یہ ہم پر اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام ہے ۔ ہم اللہ تعالیٰ کے وہ پسندیدہ لوگ ہیں جن کو کار خیر کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔اس طرح ہندوستانی سماج میں اور بھی طبقات اور گروہ ہیں ۔ان سب سے مل کر ہندوستانی سماج کی تشکیل ہوئی ہے ۔

اپنے خطاب میں پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ ملک کے حالات میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ۔یہ تبدیلی حکومت اور سیاست کی سطح پر زیادہ نمایاں ہے ۔سماج پر منفی تبدیلیوں کے اثرات زیادہ دکھائی دے رہے ہیں ۔لیکن ہمیں ان مثبت تبدیلیوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے جو ہمارے حق میں ہیں ۔اس وقت پورے ملک پر ایک فاشسٹ ہندو کلچر تھوپنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ فسطائی طاقتیں اس کلچر کے ذریعے پورے ملک پر ہندو برتری کو غالب کرنا چاہتی ہیں۔ یہ ان لوگوں کے حقوق کو دبانا چاہتی ہیں جو اپنے عقیدے اور شناخت پر قائم رہنا چاہتے ہیں ۔ لیکن اس طبقے کو پورا ہندو سماج نہیں کہہ سکتے ۔عام طور پر مسلمان غیرمسلم سوسائٹی کو ایک متحدہ سوسائٹی مان لیتے ہیں ۔ غیر مسلم سوسائٹی کے بارے میں ایک خاص تصور بننے لگتا ہے ۔غیر مسلم سوسائٹی میں ایک بڑی تعداد ایسے افراد کی بھی ہے جو نفرت کی سیاست یا اس کے نظریئے کی سخت مخالفت کرتے ہیں ۔ایسے لوگ انصاف پسند اور جمہوری نظریہ رکھتے ہیں۔ سلیم انجینئر نے کہا کہ جو لوگ سماج میں نفرت پھیلا رہے ہیں ہمیں ان سے بھی نفرت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ایک مثال کے ذریعے اپنی بات سمجھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مریض علاج کے دوران ڈاکٹر کو کتنا بھی برا بھلا کہے ،اس کو گالیاں دے لیکن ڈاکٹر مریض کی باتوں کا برا نہیں مانتا کیوں کہ وہ معالج ہے اور اس کو کام مریض کو بیماری سے نجات دلانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کو معالج کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔تبدیلوں کی نئی شکلوں پر پر بات کرتے ہوئے سلیم انجینئر نے کہا کہ سماج ڈیجٹل دنیا میں قید ہوتا جا رہا ہے ۔ اے آئی کے ذریعے جو تبدلیاں آ رہی ہیں ان کو باریکی سے سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ہر شخص اور ہر گروہ ان تبدیلیوں سے الگ الگ طریقے سے متاثر ہو رہا ہے ۔خاص کر نوجوان طبقہ نئی ٹکنالوجی کو سب سے زیادہ استعمال کر رہا ہے ۔ایسے میں اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنا اور ان کا استعمال مثبت کاموں میں کرنا ضروری ہو جاتا ہے ۔

مسلمانوں کے مطلوبہ کردار کی نشاندہی کرتے ہوئے پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ اس ملک میں ہماری حیثیت شہری ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مذہبی گروہ کی بھی ہے ۔ہم ایک خیر امت ہیں اور ایک داعی امت ہیں ۔ امت کے سامنے اس ملک کی خیر خواہی ہے ۔ہم اس ملک سے تمام اخلاقی برائیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں ،امن وانصاف پر مبنی سماج چاہتے ہیں ۔لوگوں کو دنیا اور آخرت کے نقصان سے بچانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قرآن ان حالات میں ہماری بہترین رہنمائی کرتا ہے ۔ قر آن ہمیں صبر کی تلقین کرتا ہے ۔صبر کا مطلب بزدلی یا باطل کے ساتھ سمجھوتا نہیں ہے ۔بلکہ صبر کا مطلب یہ ہے کہ تمام ظلم و ستم اور بے انصافیوں کے باوجود ہم اپنے ایمان ، اپنے موقف اور اپنے اصول پر ڈٹے رہیں۔یہی کردار ہمیں کامیابیوں کی طرف لے جائے گا ۔ خطاب کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ چلا شرکائ نے موضوع سے متعلق کئی اہم سوال کئے ۔اجتماع عام میں طلبہ و نوجوانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی ۔جلسے کی نظامت مشتاق عامر نے کی ۔

 

محبت بانٹیں

0 Comments