فرقہ وارانہ منافرت سے لڑنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت: جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں منعقدہ اجتماع عام سے پروفیسر اجئے گڈاوردی کا خطاب

اکتوبر 19, 2025

 

موجودہ فرقہ پرستی کا مقابلہ کرنے کے لیے صرف سیکولر ازم یا آئین کا حوالہ کافی نہیں ہے بلکہ مذہبی منافرت کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک عوامی مشترکہ جدو جہد کی ضرورت ہے ۔ملک میں جہاں ایک طرف مسلمانوں کو نفرت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں دوسری جانب دلت اور دیگر پسماندہ طبقات بھی نفرت کے نشانے پر ہیں ۔مسلمانوں کو فرقہ پرستی سے لڑنے کے لیے عوامی تحریکوں سے جڑنے اور ان سے مل کر اپنی آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جواہر لال نہرو یونیورسٹی ( جے این یو ) کے سینٹر فار پالیٹیکل اسٹڈیز کے پروفیسر اجئے گڈاوردی نے کیا ۔ جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں ’ کیا اکثریت پسندی معاشرے کے لیے خطرہ ہے ؟ کے موضوع پر ہفتہ واری اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موضوع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اجئے گڈاوردی نے  اکثریت پسندی کے بڑھتے خطرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔انہوں نے مسلمانوں کو مذہبی فرقہ پرستی یا مذہبی منافرت کو محدود معنوں میں لینے سے بچنے کو کہا ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح فرقہ وارانہ منافرت مسلمانوں کے خطرہ ہے ، اسی طرح یہ دلتوں اور دیگر پسمندہ طبقات کے بھی خطرہ ہے ۔موجودہ فرقہ پرستی مذہبی نہیں ہے اور نہ ہی اس کو اسلامو فوبیا کا نام دیا جا سکتا ہے ، بلکہ اس کے پس پردہ معاشی اور سماجی عوامل کار فرما ہیں۔گذشتہ دس برسوں کے دوران مسلمانوں کے خلاف یہ نفرت اس لیے بڑھی ہے کہ اس کے  پیچھے منافرت کی کئی وجوہات ہیں ، جن کو سمجھنا بہت ضروری ہے ۔مسلمانوں کی آڑ میں نفرت کا جو ماحول بنایا گیا ہے اس کا شکار دوسرے طبقات کے لوگ بھی ہو رہے ہیں ۔یہ صرف مسلمانوں کی لڑائی نہیں ہے بلکہ تمام پسماندہ طبقات کی لڑائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ غریب خواہ کسی طبقے یا مذہب کا ہو وہ نفرت کے نشانے پر ہے ۔اس لیے مسلمانوں کو محروم طبقے کے ساتھ مل کر آواز اٹھانی چاہئے ۔مسلمانوں کے خلاف بنائے گئے بیانیہ کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر اجئے گڈا وردی نے کہا کہ مسلمانوں کی آبادیوں ، ان کے رہن سہن اور ان کی شناخت کے تعلق سے ایک منفی بیانیہ قائم کیا گیا ہے۔ہندو اور مسلمانوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے لیے میڈیا اور افواہوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ ان سب کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ہندو طبقے سے روابط قائم کرنے ضرورت ہے ۔آپسی روابط کے ذریعے بہت سی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکتا ہے ۔مسلمانوں کو  اگر مذہبی منافرت اجاگر کرنا ہے تو اس کے لیے انہوں ایک نئی امیج بنانی پڑے گی ۔ انہیں صرف اپنی کمیونٹی کے بارے میں سوچنے کے بجائے سماجی انصاف کی تمام جد وجہد میں اپنی شراکت کو یقینی بنانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ سماج میں پھیلی نا انصافیوں کے خلاف مسلمانوں کو آگے آنا ہوگا ۔مسلمانوں کو اسلاموفوبیا سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے ۔حالات خراب ضرور ہیں لیکن اس کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل بہت ضروری ہے ۔ صرف اپنی کمزوری اظہار نہ کریں بلکہ حق اور انصاف کے ساتھ حالات کا مقابلہ کریں ۔اجتماع عام میں جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری مولانا رضی الاسلام ندوی نے بطور خاص شرکت کی ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری آئی کریم اللہ نے شرکا کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے موضوع کی اہمیت اور اس کی ضرورت پر روشنی ڈالی ۔پروگرام میں سوال جواب کا سلسلہ چلا ۔طلبہ نے موضوع سے متعلق کئی اہم سوالات کئے ۔اجتماع عام میں معززین شہر کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

محبت بانٹیں

0 Comments